مرکزی مواد پر جائیں
19 شعبان، 1447 ہجری
حدیث نمبر: 4140
حَدَّثَنَا آدَمُ , حَدَّثَنَا ابْنُ أَبِي ذِئْبٍ , حَدَّثَنَا عُثْمَانُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ سُرَاقَةَ , عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ الْأَنْصَارِيِّ , قَالَ : " رَأَيْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي غَزْوَةِ أَنْمَارٍ يُصَلِّي عَلَى رَاحِلَتِهِ مُتَوَجِّهًا قِبَلَ الْمَشْرِقِ مُتَطَوِّعًا .
مولانا داود راز

´ہم سے آدم ابن ایاس نے بیان کیا ‘ کہا ہم سے ابن ابی ذئب نے بیان کیا ‘ ان سے عثمان بن عبداللہ بن سراقہ نے بیان کیا اور ان سے جابر بن عبداللہ انصاری رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ` میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو غزوہ انمار میں دیکھا کہ نفل نماز آپ اپنی سواری پر مشرق کی طرف منہ کئے ہوئے پڑھ رہے تھے ۔

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب المغازي / حدیث: 4140
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 400 | صحيح البخاري: 1094 | صحيح البخاري: 1099 | سنن ترمذي: 351 | سنن ابي داود: 1227

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا داود راز
4140. حضرت جابر بن عبداللہ انصاری ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو غزوہ انمار میں اپنی سواری پر نفل نماز پڑھتے ہوئے دیکھا جبکہ آپ مشرق کی طرف منہ کیے ہوئے تھے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:4140]
حدیث حاشیہ: ابن اسحاق نے ذکر کیا ہے کہ یہ غزوہ ماہ صفر میں ہوا اور ابن سعد کا بیان ہے کہ ایک آدمی حلب سے آیا اور اس نے خبر دی کہ بنو انمار اور بنو ثعلبہ مسلمانوں سے جنگ کے لیے جمع ہو رہے ہیں تو آپ صفر کی 10 تاریخ کو نکلے اور ان کی جگہ میں ذات الرقاع کے موقع پر آئے۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ غزوہ انمار غزوہ بنی مصطلق کے آخر میں 27 صفر میں واقع ہوا، اس لیے کہ ابو الزبیر نے جابر ؓ سے روایت کی ہے کہ آپ غزوہ بنی مصطلق کے لیے جا رہے تھے۔
میں حاضر خدمت ہوا اور میں نے دیکھا کہ آپ اونٹ کے اوپر نماز پڑھ رہے تھے۔
لیث کی روایت سے بھی اس کی تائید ہوتی ہے جس میں ذکر ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے غزوہ بنی انمار میں صلوۃ الخوف کو ادا کیا۔
یہ بھی احتمال ہے کہ متعدد واقعات ہوں۔
(فتح الباري)
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4140 سے ماخوذ ہے۔

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
4140. حضرت جابر بن عبداللہ انصاری ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو غزوہ انمار میں اپنی سواری پر نفل نماز پڑھتے ہوئے دیکھا جبکہ آپ مشرق کی طرف منہ کیے ہوئے تھے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:4140]
حدیث حاشیہ:

سواری پر نفل نماز پڑھنا جائز ہے۔
اس میں استقبال قبلہ ضروری نہیں اور نہ بحالت سجدہ پیشانی زمین پر رکھنا ہی واجب ہے بلکہ رکوع اور سجدہ اشارے سے کیا جا سکتا ہے۔
لیکن امام بخاری ؒ نے فقہی مسئلہ بیان کرنے کے لیے اس حدیث کو یہاں ذکر نہیں کیا بلکہ غزوہ انمار کے ثبوت کے لیے اسے پیش کیا ہے۔

امام بخاری کے اسلوب پراعتراض کیا گیا ہے کہ اس غزوے کا ذکر پہلے ہونا چاہیے تھا اسے غزوہ بنو مصطلق کے ضمن میں ذکر کرنا مناسب نہیں۔
شاید امام بخاری کا موقف یہ ہے کہ غزوہ انمار غزوہ مریسیع کے دوران میں واقع ہوا ہو۔
چنانچہ ابوزبیر نے حضرت جابر ؓ سے روایت کی ہے کہ آپ غزوہ بنو مصطلق کے لیے تشریف لے جا رہے تھے میں حاضر ہوا تو آپ اونٹ پر نماز پڑھ رہے تھے لیث کی روایت سے بھی اس امرکی تائید ہوتی ہے کہ غزوہ انمار میں رسول اللہ ﷺ نے صلاۃ خوف ادا کی تھی۔
یہ بھی احتمال ہے کہ متعدد واقعات ہوں۔
(فتح الباري: 536/7)

چونکہ واقعہ افک غزوہ بنو مصطلق سے واپسی کے موقع پر پیش آیا۔
اس لیے آخر میں حدیث افک بیان کی جس کی تفصیل حسب ذیل ہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4140 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 400 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
400. حضرت جابر بن عبداللہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا: رسول اللہ ﷺ اپنی سواری پر نماز پڑھ لیتے تھے، وہ جس طرف بھی لے جا رہی ہوتی۔ لیکن جب آپ فرض نماز پڑھنے کا ارادہ فرماتے تو سواری سے اترتے اور قبلہ رو ہو کر نماز پڑھتے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:400]
حدیث حاشیہ: نفل نمازیں سواری پر پڑھنا درست ہے اوررکوع سجدہ بھی اشارے سے کرنا کافی ہے۔
ایک روایت میں ہے کہ اونٹنی پر نماز شروع کرتے وقت آپ ﷺ قبلہ کی طرف منہ کرکے تکبیر کہہ لیا کرتے تھے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 400 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 400 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
400. حضرت جابر بن عبداللہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا: رسول اللہ ﷺ اپنی سواری پر نماز پڑھ لیتے تھے، وہ جس طرف بھی لے جا رہی ہوتی۔ لیکن جب آپ فرض نماز پڑھنے کا ارادہ فرماتے تو سواری سے اترتے اور قبلہ رو ہو کر نماز پڑھتے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:400]
حدیث حاشیہ:

امام بخاری ؒ نے قبلہ روہوکر نماز پڑھنے کی پابندی سے ایک استثنائی صورت بیان کرنے کے لیے اس حدیث کو ذکر کیا ہے، یعنی اگر نفل نماز کی ادائیگی مقصود ہوتو قبلہ روہونے کی پابندی ضروری نہیں، لیکن سنن ابوداود میں ہے کہ جب آپ دوران سفر میں نفل نماز اپنی سواری پر پڑھنا چاہتے تو پہلے سواری کامنہ قبلے کی طرف کرلیتے، اس کے بعد تکبیرتحریمہ کہہ کر نماز شروع کرلیتے، پھر سواری کا منہ جدھر بھی ہوجاتا کوئی پروانہ کرتے، البتہ فرض نماز سواری سےا ترکر قبلہ روہوکر ادا فرماتے۔
(سنن أبي داود، صلاة السفر، حدیث: 1225)

الضرورات تبیح المحذورات کے اصول کے پیش نظر اگرشدت خوف ہوتو فرض نماز کے لیے استقبال قبلہ کی شرط ساقط ہو جاتی ہے۔
اسی طرح اگرسفر میں بارش ہوجائے اورنماز پڑھنے کے لیے خشک جگہ نہ ملے تو سواری کوروک کرقبلے کی طرف منہ کر کے نماز پڑھی جاسکتی ہے، لیکن ریل اور بس میں جو بیٹھ کرنماز پڑھنے کارواج ہے، اس کی اصلاح نہایت ضروری ہے، کیونکہ نماز میں استقبال قبلہ اور قیام دونوں ضروری ہیں۔
ریل اور بس میں نماز پڑھنے سے یہ دونوں فوت ہوجاتے ہیں۔
اسلامی حکومت کو چاہیے کہ ریل کے ڈبوں میں ایک ڈبہ ادائیگی نماز کے لیے مختص کرے جس میں پانی اور سمت قبلہ کا اہتمام ہو۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 400 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 1099 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
1099. حضرت جابر بن عبداللہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: نبی ﷺ اپنی سواری پر مشرق کی طرف منہ کر کے (نفل) نماز پڑھتے تھے۔ اور جب فرض نماز ادا کرنے کا ارادہ فرماتے تو سواری سے نیچے اتر کر قبلے کی طرف منہ کرتے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:1099]
حدیث حاشیہ: اس حدیث سے معلو م ہوا کہ جو سواری اپنے اختیار میں ہو بہر حال اسے روک کر فرض نماز نیچے زمین ہی پر پڑھنی چاہیے۔
(واللہ أعلم بالصواب)
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1099 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 1099 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
1099. حضرت جابر بن عبداللہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: نبی ﷺ اپنی سواری پر مشرق کی طرف منہ کر کے (نفل) نماز پڑھتے تھے۔ اور جب فرض نماز ادا کرنے کا ارادہ فرماتے تو سواری سے نیچے اتر کر قبلے کی طرف منہ کرتے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:1099]
حدیث حاشیہ:
(1)
فرض نماز ادا کرنے کے لیے قبلے کی طرف منہ کرنا ضروری ہے۔
اس پر علمائے امت کا اجماع ہے۔
یہی وجہ ہے کہ سواری پر فرض نماز ادا کرنا صحیح نہیں، ہاں! اگر کوئی معذور ہے تو اسے اجازت ہے، البتہ نماز خوف میں استقبال قبلہ کی پابندی نہیں۔
ایسے ہنگامی حالات میں جس طرف بھی منہ ہو فرض نماز ادا کی جا سکتی ہے۔
(فتح الباري: 742/2) (2)
سواری پر نفل پڑھتے وقت ابتدا میں سواری کو قبلہ رخ کر لیا جائے، پھر جدھر بھی اس کا منہ ہو جائے اپنی نماز جاری رکھے جیسا کہ حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ جب دوران سفر میں نفل پڑھنے کا ارادہ فرماتے تو اپنی اونٹنی کا رخ قبلے کی طرف کر لیتے، پھر جدھر بھی اس کا منہ ہو جاتا اپنی نماز میں مصروف رہتے۔
(سنن أبي داود، صلاة السفر، حدیث: 1225)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1099 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 1094 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
1094. حضرت جابر بن عبداللہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: نبی ﷺ سواری کی حالت میں بغیر قبلہ رو ہوئے نفل نماز پڑھ لیتے تھے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:1094]
حدیث حاشیہ: یہ واقعہ غزوہ انمار کا ہے قبلہ وہاں جانے والوں کے لیے بائیں طرف رہتا ہے سواری اونٹ اور ہر جانور کو شامل ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1094 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 351 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´سواری کے اوپر نماز پڑھنے کا بیان جس طرف بھی وہ متوجہ ہو جائے۔`
جابر رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ مجھے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ضرورت سے بھیجا تو میں ضرورت پوری کر کے آیا تو (دیکھا کہ) آپ اپنی سواری پر مشرق (پورب) کی طرف رخ کر کے نماز پڑھ رہے تھے، اور سجدہ رکوع سے زیادہ پست تھا۔ [سنن ترمذي/كتاب الصلاة/حدیث: 351]
اردو حاشہ:
1؎:
واضح رہے کہ یہ جواز صرف سنن و نوافل کے لیے ہے، نہ کہ فرائض کے لیے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 351 سے ماخوذ ہے۔

اہم: ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر واٹس اپ پر اطلاع دیں یا ای میل کریں۔