حدیث نمبر: 3857
حَدَّثَنِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ حَمَّادٍ الْآمُلِيُّ ، قَالَ : حَدَّثَنِي يَحْيَى بْنُ مَعِينٍ ، حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ مُجَالِدٍ ، عَنْ بَيَانٍ ، عَنْ وَبَرَةَ ، عَنْ هَمَّامِ بْنِ الْحَارِثِ ، قَالَ : قَالَ عَمَّارُ بْنُ يَاسِرٍ : " رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَمَا مَعَهُ إِلَّا خَمْسَةُ أَعْبُدٍ وَامْرَأَتَانِ وَأَبُو بَكْرٍ " .
مولانا داود راز

´مجھ سے عبداللہ بن حماد آملی نے بیان کیا ، کہا کہ مجھ سے یحییٰ بن معین نے بیان کیا ، کہا ہم سے اسماعیل بن مجالد نے بیان کیا ، ان سے بیان نے ، ان سے وبرہ نے ان سے ہمام بن حارث نے بیان کیا کہ عمار بن یاسر رضی اللہ عنہما نے کہا کہ` میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس حالت میں بھی دیکھا ہے جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ پانچ غلام ، دو عورتوں اور ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہم کے سوا اور کوئی ( مسلمان ) نہیں تھا ۔

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب مناقب الأنصار / حدیث: 3857
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 3660

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا داود راز
3857. حضرت عمار بن یاسر ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا جبکہ آپ کے ہمراہ صرف پانچ غلام، دو عورتیں اور ابوبکر ؓ تھے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:3857]
حدیث حاشیہ: حضرت ابو بکر صدیق ؓ واقعہ اصحاب الفیل سے دو سال قبل مکہ میں پیدا ہوئے اور جمادی الآ خر13ھ میں بعمر 63سال انتقال فرمایا۔
مدت خلافت دو سال چار ماہ ہے۔
پانچ غلام حضرت بلال، حضرت زید، حضرت عامر اورابو فکیہ اور عبید تھے اور دو عورتیں حضرت خدیجہ اور ام ایمن یا سمیہ ؓ۔
حضرت ابو بکر کوصدیق اس لئے کہا گیا کہ انہوں نے جاہلیت کے زمانے میں بھی نہ کبھی جھوٹ بولا نہ بت پرستی کی۔
قاضی ابو الحسین نے اپنی سند سے روایت کیا ہے کہ ان کے باپ ابو قحا فہ ایک روز ان کو بت خانے میں لے گئے اور کہنے لگے کہ بت کو سجدہ کرلو۔
وہ کہہ کر چلے گئے۔
حضرت ابو بکر فرماتے ہیں کہ میں ایک بت کے پاس گیا اور اس سے میں نے کہا کہ میں بھوکا ہوں مجھ کو کھانا دے۔
اس نے کچھ جواب نہ دیا۔
پھر میں نے کہا کہ میں ننگا ہوں، مجھ کو کپڑ ا پہنادے۔
اس بت نے پھر بھی کچھ جواب نہ دیا۔
آخر میں نے ایک پتھر اٹھا یا اور کہا کہ اگر تو خدا ہے تو اپنے آ پ کو مجھ سے بچا۔
یہ کہہ کر میں نے وہ پتھر اس پر مارا اور میں وہیں سوگیا۔
اتنے مین میرے باپ آ گئے اور کہنے لگے بیٹا یہ کیا کرتے ہو؟ میں نے کہا جو کچھ دیکھ رہے ہو۔
و ہ مجھ کو میری والدہ کے پاس لائے اور ان سے سارا حال بیان کیا۔
انہوں نے کہا میرے بیٹے سے کچھ مت بول اللہ تعالیٰ نے اس کی وجہ سے مجھ سے بات کی جب یہ پیٹ میں تھا اور مجھ کو درد ہونے لگا تو میں نے ایک ہاتف سے سنا کہ اللہ کی بندی خوش ہو جا۔
تجھ کو ایک آزاد لڑکا ملے گا جس کانام آسمان میں صدیق ہے وہ حضرت محمد ﷺ کا صاحب اور رفیق ہوگا۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3857 سے ماخوذ ہے۔

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
3857. حضرت عمار بن یاسر ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا جبکہ آپ کے ہمراہ صرف پانچ غلام، دو عورتیں اور ابوبکر ؓ تھے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:3857]
حدیث حاشیہ:

سب سے پہلے رسول اللہ ﷺ کے ہاتھ پر ایمان لانے والے پانچ غلام: حضرت بلال ؓ، حضرت زید ؓ، حضرت عامر ؓ، حضرت ابوفکیہ ؓ اور حضرت عبید ؓ ہیں۔
اور دوعورتیں حضرت خدیجہ ؓ اور حضرت ام ایمن ؓ یا حضرت سمیہ ؓ ہیں۔

یہ حدیث اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ حضرت ابوبکر ؓ سب سے پہلے مسلمان ہوئے کیونکہ حضرت عمار ؓ بیان کرتے ہیں کہ آدمیوں میں رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ صرف ابوبکر ؓ تھے اور حضرت بلال ؓ کو بھی آپ ہی نے خرید کر آزاد کیا تھا تاکہ انھیں مشرکین کی تکالیف سے چھٹکارا ملے جوانھیں اسلام کی وجہ سے دی جاتی تھیں۔
(فتح الباري: 214/7)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3857 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3660 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3660. حضرت ہمام سے روایت ہے، انھوں نے کہا میں نے حضرت عمار ؓ سے سنا وہ فرمارہےتھے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو اس وقت دیکھا جبکہ آپ کے ساتھ پانچ غلاموں، دوعورتوں اور حضرت ابوبکر ؓ کے علاوہ اور کوئی نہ تھا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:3660]
حدیث حاشیہ: غلام یہ تھے بلال، زید بن حارثہ، عامر بن فہیرہ، ابوفکیہ اور عبید بن زید حبشی، عورتیں حضرت خدیجہ اور ام ایمن تھیں یا سمیہ، غرض آزاد مردوں میں سب سے پہلے حضرت ابوبکر صدیق ؓ ایمان لائے، بچوں میں حضرت علی ؓ عورتوں میں حضرت خدیجہ ؓ۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3660 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3660 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3660. حضرت ہمام سے روایت ہے، انھوں نے کہا میں نے حضرت عمار ؓ سے سنا وہ فرمارہےتھے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو اس وقت دیکھا جبکہ آپ کے ساتھ پانچ غلاموں، دوعورتوں اور حضرت ابوبکر ؓ کے علاوہ اور کوئی نہ تھا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:3660]
حدیث حاشیہ:

پانچ غلام یہ تھے: حضرت بلال بن ابی رباح، حضرت زید بن حارث ؓ، حضرت عامر بن فہیرہ ؓ،ابو فکیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور عبید بن زید حبشی ؓ اور عورتیں حضرت خدیجہ الکبری ؓ اور حضرت ام ایمن ؓ یا حضرت سمیہ ؓ تھیں2۔
حضرت عمار ؓ کا مطب یہ ہے کہ حضرت ابو بکر ؓ آزاد لوگوں سے پہلے شخص ہیں جنھوں نے اپنے اسلام کا برسر عام اعلان کیا ویسے بے شمار ایسے مسلمان موجود تھے جو اپنے اسلام کو چھپائے ہوئے تھے بچوں میں سے حضرت علی ؓ اور عورتوں میں سے حضرت خدیجہ ؓ پہلے اسلام لائیں 3۔
امام بخاری ؒ نے اس حدیث سے حضرت ابو بکر ؓ کی سابقیت فی الاسلام ثابت کی ہے۔
واللہ أعلم۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3660 سے ماخوذ ہے۔