صحیح بخاری — حدیث نمبر 3858
باب: سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کے اسلام قبول کرنے کا بیان۔
بَابُ إِسْلاَمُ سَعْدٍ:
حَدَّثَنِي إِسْحَاقُ ، أَخْبَرَنَا أَبُو أُسَامَةَ ، حَدَّثَنَا هَاشِمٌ ، قَالَ : سَمِعْتُ سَعِيدَ بْنَ الْمُسَيِّبِ ، قَالَ : سَمِعْتُ أَبَا إِسْحَاقَ سَعْدَ بْنَ أَبِي وَقَّاصٍ ، يَقُولُ : " مَا أَسْلَمَ أَحَدٌ إِلَّا فِي الْيَوْمِ الَّذِي أَسْلَمْتُ فِيهِ وَلَقَدْ مَكُثْتُ سَبْعَةَ أَيَّامٍ وَإِنِّي لَثُلُثُ الْإِسْلَامِ " .´مجھ سے اسحاق بن ابراہیم مروزی نے بیان کیا ، انہوں نے کہا ہم کو ابواسامہ نے خبر دی ، انہوں نے کہا ہم سے ہاشم بن ہاشم نے بیان کیا ، کہا کہ میں نے سعید بن مسیب سے سنا ، کہا کہ میں نے ابواسحاق سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ سے سنا ، انہوں نے بیان کیا کہ` جس دن میں اسلام لایا ہوں دوسرے لوگ بھی اسی دن اسلام لائے اور اسلام میں داخل ہونے والے تیسرے آدمی کی حیثیت سے مجھ پر سات دن گزرے ۔
حضرت ابواسحاق سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: ”جس دن میں مسلمان ہوا، دوسرے لوگ بھی اس دن اسلام لائے اور مسلمان ہونے والے تیسرے آدمی کی حیثیت سے مجھ پر سات دن گزرے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
رضي اللہ عنهم أجمعین۔
حضرت سعد ؓ نے یہ بات اپنے علم سے کہی ورنہ ان سے پہلے حضرت علی ؓ، حضرت خدیجہ ؓ، حضرت ابوبکر ؓ، اورحضرت زید بن حارثہ ؓ اسلام لاچکے تھے۔
ممکن ہے کہ یہ سب لوگ ایک ہی دن میں مسلمان ہوئے ہوں۔
یہ حضرات دن کے پہلے حصے میں مسلمان ہوئے اور حضرت سعد ؓ نے دن کے آخری حصے میں اسلام قبول کیا ہو۔
اس کی یہ توجیہ بھی کی جاسکتی ہے کہ حضرت سعد ؓ کا مذکورہ کلام بالغ افراد کے اعتبار سے ہے اور وہ صرف حضرت ابوبکرصدیق ؓ اور حضرت زید بن حارثہ ؓ ہیں۔
حضرت علی ؓ اس وقت نابالغ تھے اور سیدہ خدیجہ ؓ خاتون تھیں۔
واللہ اعلم۔