صحيح البخاري
كتاب المناقب— کتاب: فضیلتوں کے بیان میں
بَابُ صِفَةِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: باب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حلیہ اور اخلاق فاضلہ کا بیان۔
حَدَّثَنَا أَبُو عَاصِمٍ ، عَنْ عُمَرَ بْنِ سَعِيدِ بْنِ أَبِي حُسَيْنٍ ، عَنْ ابْنِ أَبِي مُلَيْكَةَ ، عَنْ عُقْبَةَ بْنِ الْحَارِثِ ، قَالَ : صَلَّى أَبُو بَكْرٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ الْعَصْرَ ، ثُمَّ خَرَجَ يَمْشِي فَرَأَى الْحَسَنَ يَلْعَبُ مَعَ الصِّبْيَانِ فَحَمَلَهُ عَلَى عَاتِقِهِ ، وَقَالَ : بِأَبِي شَبِيهٌ بِالنَّبِيِّ لَا شَبِيهٌ بِعَلِيٍّ وَعَلِيٌّ يَضْحَكُ " .´ہم سے ابوعاصم نے بیان کیا ، ان سے عمر بن سعید بن ابی حسین نے بیان کیا ، ان سے ابن ابی ملیکہ نے اور ان سے عقبہ بن حارث نے کہ` ابوبکر رضی اللہ عنہ عصر کی نماز سے فارغ ہو کر مسجد سے باہر نکلے تو دیکھا کہ حسن رضی اللہ عنہ بچوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں ۔ آپ نے ان کو اپنے کندھے پر بٹھا لیا اور فرمایا : میرے باپ تم پر قربان ہوں تم میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شباہت ہے ۔ علی کی نہیں ۔ یہ سن کر علی رضی اللہ عنہ ہنس رہے تھے ( خوش ہو رہے تھے ) ۔
حضرت عقبہ بن حارث رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے نمازِ عصر پڑھی اور حضرت حسن رضی اللہ عنہ کو بچوں میں کھیلتے ہوئے دیکھا تو انہیں اپنے کندھے پر اٹھا لیا اور فرمایا: میرا باپ ان پر قربان ہو! یہ نبی ﷺ کے مشابہ ہیں، حضرت علی رضی اللہ عنہ کے مشابہ نہیں ہیں۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ یہ سن کر ہنس رہے تھے۔
تشریح، فوائد و مسائل
حضرت انس رضی اللہ عنہ کی روایت میں ہے کہ جناب حسین رضی اللہ عنہ بہت مشابہ تھے۔
ان دونوں میں اختلاف نہیں ہے۔
وجوہ مشابہت مختلف ہوں گے بعض نے کہا کہ حضرت حسن نصف اعلیٰ بدن میں مشابہ تھے اور حضرت حسین نصف اسفل میں۔
غرض یہ کہ دونوں شاہزادے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری تصویر تھے۔
اس حدیث سے رافضیوں کا بھی رد ہوا جو جناب ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا دشمن اور مخالف خیال کرتے ہیں کیوں کہ یہ قصہ آپ کی وفات کے بعد کا ہے، کوئی بے وقوف بھی ایسا خیال نہیں کرسکتا۔
ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ جب تک زندہ رہے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کی آل و اولاد کے خیر خواہ اور جاں نثار بن کر رہے۔
رضي اللہ عنه وأرضاہ۔