حدیث نمبر: 3311
فَلَقِيتُ أَبَا لُبَابَةَفَأَخْبَرَنِي أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " لَا تَقْتُلُوا الْجِنَّانَ إِلَّا كُلَّ أَبْتَرَ ذِي طُفْيَتَيْنِ فَإِنَّهُ يُسْقِطُ الْوَلَدَ وَيُذْهِبُ الْبَصَرَ فَاقْتُلُوهُ " .
مولانا داود راز

´پھر میری ملاقات ایک دن ابولبابہ رضی اللہ عنہ سے ہوئی ، تو انہوں نے مجھے خبر دی کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” پتلے یا سفید سانپوں کو نہ مارا کرو ۔ البتہ دم کٹے ہوئے سانپ کو جس پر دو سفید دھاریاں ہوتی ہیں اس کو مار ڈالو ، کیونکہ یہ اتنا زہریلا ہے کہ حاملہ کے حمل کو گرا دیتا ہے اور آدمی کو اندھا بنا دیتا ہے ۔“

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب بدء الخلق / حدیث: 3311
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 5253

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا داود راز
3311. لیکن اس کے بعد میں جب حضرت ابولبانہ ؓسے ملا تو انھوں نے مجھے بتایا کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’سفید سانپوں کومت مارو، ان کے علاوہ ہر دم کٹا، دو دھاری سانپ مار ڈالو کیونکہ وہ حمل گرادیتا ہے اور بینائی کو ختم کردیتا ہے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3311]
حدیث حاشیہ: پہلے جو حدیث گزری اس میں دھاریوں والے، اور بے دم کے سانپ کو مارنے کا حکم فرمایا۔
یہاں بھی اس کے مارنے کا حکم دیا جس میں یہ دونوں باتیں موجود ہوں وہ اور بھی زیادہ زہریلا ہوگا۔
یہ حدیث اگلی حدیث کے خلاف نہیں ہے۔
مطلب یہ ہے کہ جس سانپ میں ان دونوں میں سے کوئی صفت یا دونوں صفتیں پائی جائیں اس کو مارڈالو (وحیدی)
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3311 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 5253 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´سانپوں کو مارنے کا بیان۔`
ابولبابہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سانپوں کو مارنے سے روکا ہے جو گھروں میں ہوتے ہیں مگر یہ کہ دو منہ والا ہو، یا دم کٹا ہو (یہ دونوں بہت خطرناک ہیں) کیونکہ یہ دونوں نگاہ کو اچک لیتے ہیں اور عورتوں کے پیٹ میں جو (بچہ) ہوتا ہے اسے گرا دیتے ہیں۔ [سنن ابي داود/أبواب السلام /حدیث: 5253]
فوائد ومسائل:
بالخصوص مدینہ منورہ کے متعلق یہ وارد ہے کہ وہاں گھروں میں جن رہتے تھے جو سانپوں کی شکل میں موقع بموقع نمودارہوتے رہتے تھے، لیکن گھروالوں کو کوئی اذیت نہ دیتے تھے، اس لیے باقی مقامات پر بھی اگر کہیں ایسی صورت ہو کہ سانپ موقع بموقع نظر آکر غائب ہوجاتا ہو تو وہ غالبا جن ہو سکتا ہے، اس لئے اس کو مارنے میں جلدی نہیں کرنی چاہیے بلکہ تین بار اسے زبان میں تنبیہ کرنی چاہیے کہ وہ یہاں سے چلا جائے۔
اگر اس کے بعد دکھائی دے تو مار دیا جائے۔
جیسے کہ اگلی احادیث میں آرہا ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 5253 سے ماخوذ ہے۔