صحیح بخاری — حدیث نمبر 3290
باب: ابلیس اور اس کی فوج کا بیان۔
بَابُ صِفَةِ إِبْلِيسَ وَجُنُودِهِ:
حَدَّثَنَا زَكَرِيَّاءُ بْنُ يَحْيَى ، حَدَّثَنَا أَبُو أُسَامَةَ ، قَالَ هِشَامٌ أَخْبَرَنَا ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا ، قَالَتْ : " لَمَّا كَانَ يَوْمَ أُحُدٍ هُزِمَ الْمُشْرِكُونَ فَصَاحَ إِبْلِيسُ أَيْ عِبَادَ اللَّهِ أُخْرَاكُمْ ، فَرَجَعَتْ أُولَاهُمْ فَاجْتَلَدَتْ هِيَ وَأُخْرَاهُمْ فَنَظَرَ حُذَيْفَةُ فَإِذَا هُوَ بِأَبِيهِ الْيَمَانِ ، فَقَالَ : أَيْ عِبَادَ اللَّهِ أَبِي أَبِي فَوَاللَّهِ مَا احْتَجَزُوا حَتَّى قَتَلُوهُ ، فَقَالَ حُذَيْفَةُ : غَفَرَ اللَّهُ لَكُمْ ، قَالَ : عُرْوَةُ فَمَا زَالَتْ فِي حُذَيْفَةَ مِنْهُ بَقِيَّةُ خَيْرٍ حَتَّى لَحِقَ بِاللَّهِ " .´ہم سے زکریا بن یحییٰ نے بیان کیا ، کہا ہم سے ابواسامہ نے بیان کیا ، کہا کہ ہشام نے ہمیں اپنے والد عروہ سے خبر دی اور ان سے عائشہ رضی اللہ عنہا نے بیان کیا ، کہا کہ` احد کی لڑائی میں جب مشرکین کو شکست ہو گئی تو ابلیس نے چلا کر کہا کہ اے اللہ کے بندو ! ( یعنی مسلمانو ) اپنے پیچھے والوں سے بچو ، چنانچہ آگے کے مسلمان پیچھے کی طرف پل پڑے اور پیچھے والوں کو ( جو مسلمان ہی تھے ) انہوں نے مارنا شروع کر دیا ۔ حذیفہ رضی اللہ عنہ نے دیکھا تو ان کے والد یمان رضی اللہ عنہ بھی پیچھے تھے ۔ انہوں نے بہتیرا کہا کہ اے اللہ کے بندو ! یہ میرے والد ہیں ، یہ میرے والد ہیں ۔ لیکن اللہ گواہ ہے کہ لوگوں نے جب تک انہیں قتل نہ کر لیا نہ چھوڑا ۔ بعد میں حذیفہ رضی اللہ عنہ نے صرف اتنا کہا کہ خیر ۔ اللہ تمہیں معاف کرے ( کہ تم نے غلط فہمی سے ایک مسلمان کو مار ڈالا ) عروہ نے بیان کیا کہ پھر حذیفہ رضی اللہ عنہ اپنے والد کے قاتلوں کے لیے برابر مغفرت کی دعا کرتے رہے ۔ تاآنکہ اللہ سے جا ملے ۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: جب غزوہ احد میں مشرکین شکست خوردہ ہوئے تو ابلیس نے چلا کر کہا: اللہ کے بندو! اپنے پیچھے والوں کی خبر لو۔ چنانچہ آگے والے پچھلوں پر ٹوٹ پڑے اور آپس میں الجھ گئے۔ اس دوران میں حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ نے دیکھا کہ ان کے والد حضرت یمان رضی اللہ عنہ بھی پیچھے تھے۔ انہوں نے کہا: اللہ کے بندو! یہ میرے والد ہیں، یہ میرے والد ہیں، لیکن اللہ کی قسم! مسلمان نہ رکے حتیٰ کہ انہوں نے ان کو قتل کر دیا۔ حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ نے صرف اتنا کہا: «يَغْفِرُ اللَّهُ لَكُمْ» ”اللہ تمہیں معاف کرے“ (یہ تم نے کیا کیا ہے؟) عروہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں: پھر حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ ہمیشہ (آخری دم تک اپنے والد کے قاتلوں کے لیے) دعائے خیر کرتے رہے یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ سے جا ملے۔
تشریح، فوائد و مسائل
لیکن حذیفہ ؓ نے وہ بھی مسلمانوں کو معاف کردیا، سبحان اللہ! صحابہ ؓکی ایک ایک نیکی ہماری عمر بھر کی عبادت سے زیادہ فضیلت رکھتی ہے۔
1۔
ابلیس لعین کا یہ مقصد تھا کہ مسلمانوں کو غلط فہمی میں مبتلا کرکے انھیں آپس میں لڑادے، چنانچہ اگلے لوگوں نے پچھلوں کو مشرک سمجھتے ہوئے ان پر حملہ کردیا اور وہ آپس میں الجھ کررہ گئے۔
اس بھگدڑ کے نتیجے میں حضرت یمان ؓقتل کردیے گئے۔
2۔
بہرحال یہ ابلیس کا ایک فریب تھا، جس میں وہ کامیاب ہوا جو کہ شدت کی جنگ تھی۔
مسلمان غلط فہمی کا شکار ہوگئے تھے، اس لیے اس غلطی میں حضرت حذیفہ ؓ کے والد گرامی قتل ہوگئے۔
حضرت حذیفہ ؓ نے اپنے باپ کے قاتلوں کو معاف کردیا اور ہمیشہ ان کے لیے دعا اور استغفار کرتے رہے۔
اگرہمارے جیسا کوئی ہوتا تو ایسے موقع پر ہنگامہ کھڑا کردیتا لیکن یہ صحابہ کرام ؓ کی عظمت تھی کہ وہ مشکل حالات میں بھی آپے سے باہر نہیں ہوتے تھے۔
۔
۔
رضوان اللہ عنھم أجمعین۔
۔
۔
غلط فہمی میں انسان کیا سے کیا کر بیٹھتا ہے۔
ا س لئے اللہ کا ارشاد ہے کہ ہر سنی سنائی خبر کا یقین نہ کرلیا کرو جب تک اس کی تحقیق نہ کر لو۔
1۔
ممکن ہے کہ ابلیس نے مشرکین کو آواز دے کر کہا ہو کہ تم اپنے پچھلے لوگوں پر حملہ کروجو مسلمان ہیں، لیکن اس سے مسلمان غلط فہمی میں مبتلا ہوگئے۔
چونکہ وہ شدت کی لڑائی تھی اور اس میں غلطی سے حضرت حذیفہ ؓ کے والد محترم حضرت یمان ؓ مسلمانوں کے ہاتھوں شہید ہوگئے جنھوں نے اسے قتل کیاتھا وہ عقبہ بن مسعود ؓ تھے، حضرت حذیفہ ؓ نے انھیں معاف کردیا اور ان کے قاتل کے لیے ہمیشہ دعا اور استغفار کرتے رہے۔
2۔
اس حدیث سے حضرت حذیفہ ؓ کے صبرواستقلال اور ان کی فہم وفراست کا پتہ چلتا ہے۔
3۔
غلط فہمی سے انسان کیا سے کیا کر بیٹھتا ہے، اس لیے حکم ہے کہ ہر سنی سنائی بات کا یقین نہ کرو جب تک اس کی تحقیق نہ کرلو۔
اس روایت کی مطابقت باب سے یوں ہے کہ حضرت عائشہ ؓ نے قسم کھا کر کہا۔
بعضوں نے یہ مطابقت بتلائی ہے کہ آنحضرت ﷺ نے ان مسلمانوں سےکچھ نہیں کہا جنہوں نے حذیفہ کے باپ کو بھول سے قتل كر دیا تھا تو اس طرح بھول چوک سے اگر قسم توڑ دے تو کفارہ واجب نہ ہوگا۔
حضرت حذیفہ کو رسو ل کریم ﷺ کا خاص رازداں کہا گیا ہے۔
شہادت عثمان کے چالیس دن بعد 35ھ میں مدائن میں ان کا انتقال ہوا۔
رضي اللہ عنه و أرضاہ۔
ایک روایت میں بقیة خیر کا لفظ ہے تو ترجمہ یہ ہوگا کہ حذیفہ پر مرتے دم تک اس خیر وبرکت کا اثر رہا یعنی اس دعا کا جو انہوں نے مسلمانوں کے لیے کی تھی کہ اللہ تم کو بخشے اس روایت کی مطابقت باب سے یوں ہےکہ حضرت عائشہ ؓ نے قسم کھا کر کہا فواللہ مازالت في حذیفة۔
(1)
ایک روایت میں ''بقية خير'' کے الفاظ ہیں۔
(صحیح البخاري، المغازي، حدیث: 4065)
اس روایت کے مطابق ترجمہ یوں ہو گا: حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ پر مرتے دم تک اس دعا کی خیر و برکت کا اثر رہا جو اس وقت انہوں نے اپنے باپ کے قاتلوں کے لیے کی تھی کہ اللہ تعالیٰ تمہیں معاف فرمائے۔
(فتح الباري: 674/11) (2)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان لوگوں کو کچھ نہیں کہا جنہوں نے حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ کے والد کو بھول کر غلطی اور لاعلمی میں شہید کر دیا تھا۔
اسی طرح اگر کوئی شخص بھول چوک سے اپنی قسم توڑ دے تو اس پر کفارہ واجب نہیں ہو گا۔
واللہ أعلم