حدیث نمبر: 3263
حَدَّثَنَا مَالِكُ بْنُ إِسْمَاعِيلَ ، حَدَّثَنَا زُهَيْرٌ ، حَدَّثَنَا هِشَامٌ ، عَنْ عُرْوَةَ ، عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " الْحُمَّى مِنْ فَيْحِ جَهَنَّمَ فَأَبْرِدُوهَا بِالْمَاءِ " .
مولانا داود راز

´ہم سے مالک بن اسماعیل نے بیان کیا ، کہا ہم سے زہیر نے بیان کیا ، کہا ہم سے ہشام بن عروہ نے بیان کیا ، ان سے عروہ بن زبیر نے بیان کیا اور ان سے عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” بخار جہنم کی بھاپ کے اثر سے ہوتا ہے اسے پانی سے ٹھنڈا کر لیا کرو ۔“

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب بدء الخلق / حدیث: 3263
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 5725 | صحيح مسلم: 2210 | سنن ابن ماجه: 3471 | معجم صغير للطبراني: 1137

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 3471 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´بخار جہنم کی بھاپ ہے، اسے پانی سے ٹھنڈا کرو۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بخار جہنم کی بھاپ ہے، لہٰذا اسے پانی سے ٹھنڈا کرو ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الطب/حدیث: 3471]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
بیمار کا جہنم کی آگ سے تعلق غیبی اور روحانی ہے۔
اس کی حقیقت معلوم نہیں ہوسکتی۔
یا یہ مطلب ہے کہ اس سے جہنم کی یاد آتی ہے۔
یا جس طرح دنیا کی خوشیاں اور راحتیں جنت کی نعمتوں سے ایک طرح کی نسبت رکھتی ہیں۔
اسی طرح غم اور دکھ کا جہنم سے ایک تعلق ہے۔

(2)
حرارت کا علاج پانی ہے۔
بخار کی اکثر قسموں میں پانی کے استعمال سے فائدہ ہوتاہے۔

(3)
اس حدیث میں پانی کے استعمال کا طریقہ بیان نہیں کیاگیا اس کے استعمال کے مختلف طریقے ہوسکتے ہیں۔
مثلاً پانی پینا یا جسم پر پانی کی پٹیاں رکھنا یاغسل کرنا جیسے رسول اللہ ﷺ نے حیات مبارکہ کے آخری ایام میں غسل فرمایا تاکہ حرارت کچھ کم ہو تو جماعت سے نماز پڑھ سکیں۔
خصوصاً گرم علاقوں میں بخار عام طور پر گرمی کی شدت کی وجہ سے ہوتا ہے۔
لہٰذا اس کا علاج پانی سے مناسب ہے۔
حضرت اسماء بنت ابی بکررضی اللہ تعالیٰ عنہا بخار کی مریض خاتون کے گریبان میں پانی ڈال دیا کرتی تھیں۔
تاکہ جسم کو ٹھنڈک پہنچے اور فرماتی تھیں۔
کہ رسول اللہ ﷺ ہمیں حکم دیتے تھے۔
کہ ہم اسے (بخار کو)
پانی کے ذریعے سے ٹھنڈا کریں۔ (صحیح البخاري، الطب، باب الحمی من فیح جھنم، حدیث: 5724)
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3471 سے ماخوذ ہے۔