صحيح البخاري
كتاب بدء الخلق— کتاب: اس بیان میں کہ مخلوق کی پیدائش کیونکر شروع ہوئی
بَابُ ذِكْرِ الْمَلاَئِكَةِ: باب: فرشتوں کا بیان۔
حَدَّثَنِي إِسْحَاقُ ، أَخْبَرَنَا وَهْبُ بْنُ جَرِيرٍ ، حَدَّثَنَا أَبِي ، قَالَ : سَمِعْتُ حُمَيْدَ بْنَ هِلَالٍ ، عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، قَالَ : " كَأَنِّي أَنْظُرُ إِلَى غُبَارٍ سَاطِعٍ فِي سِكَّةِ بَنِي غَنْمٍ زَادَ مُوسَى مَوْكِبَ جِبْرِيلَ " .´ہم سے اسحاق نے بیان کیا ، کہا ہم کو وہب بن جریر نے خبر دی ، ان سے میرے والد نے بیان کیا ، انہوں نے کہا کہ میں نے حمید بن ہلال سے سنا اور ان سے انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ` جیسے وہ غبار میری نظروں کے سامنے ہے ۔ موسیٰ نے روایت میں یوں زیادتی کی کہ جبرائیل علیہ السلام کے ( ساتھ آنے والے ) سوار فرشتوں کی وجہ سے ۔ جو غبار خاندان بنو غنم کی گلی سے اٹھا تھا ۔
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ گویا میں اب بھی وہ غبار دیکھ رہا ہوں جو بنو غنم کی گلیوں میں بلند ہو رہا تھا۔ (راویِ حدیث) موسیٰ نے یہ اضافہ بیان کیا ہے کہ وہ غبار حضرت جبرئیل علیہ السلام کے لشکر کی وجہ سے تھا۔
تشریح، فوائد و مسائل
1۔
کرمانی نے کہا ہے: بنوغنم ایک قبیلہ ہے جس کا تعلق بنو تغلب سےہے۔
یہ وہم ہے کیونکہ وہ اس وقت مدینہ میں نہیں تھے۔
اس سے مراد قبیلہ خزرج کی ایک شاخ ہے جو انصار میں سے تھے۔
حضر ابوایوب انصاری ؓ بھی اسی خاندان سے ہیں۔
(عمدة القاري: 576/10)
2۔
راوی حدیث موسیٰ بن اسماعیل کی روایت کو امام بخاری ؒ نے متصل سند سے بیان کیا ہے۔
یہ اس وقت کی بات ہے جب رسول اللہ ﷺ بنوقریظہ سے نمٹنے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
(صحیح البخاري، المغازي، حدیث: 4118)
3۔
چونکہ اس میں حضرت جبریل اور اس کے لشکر کابیان ہے، اس لیے امام بخاری ؒنے اس حدیث سے فرشتوں کے وجود پر دلیل لی ہے۔