حدیث نمبر: 3079
حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ مُوسَى ، أَخْبَرَنَا يَزِيدُ بْنُ زُرَيْعٍ ، عَنْ خَالِدٍ ، عَنْ أَبِي عُثْمَانَ النَّهْدِيِّ ، عَنْ مُجَاشِعِ بْنِ مَسْعُودٍ ، قَالَ : جَاءَ مُجَاشِعٌ بِأَخِيهِ مُجَالِدِ بْنِ مَسْعُودٍ إِلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَقَالَ : " هَذَا مُجَالِدٌ يُبَايِعُكَ عَلَى الْهِجْرَةِ ، فَقَالَ : لَا هِجْرَةَ بَعْدَ فَتْحِ مَكَّةَ وَلَكِنْ أُبَايِعُهُ عَلَى الْإِسْلَامِ " .
مولانا داود راز

´ہم سے ابراہیم بن موسیٰ نے بیان کیا ‘ انہوں نے کہا ہم کو یزید بن زریع نے خبر دی ‘ انہیں خالد نے ‘ انہیں ابوعثمان نہدی نے اور ان سے مجاشع بن مسعود رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ` مجاشع اپنے بھائی مجالد بن مسعود رضی اللہ عنہ کو لے کر خدمت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ یہ مجالد ہیں ۔ آپ سے ہجرت پر بیعت کرنا چاہتے ہیں ۔ لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ فتح مکہ کے بعد اب ہجرت باقی نہیں رہی ۔ ہاں میں اسلام پر ان سے بیعت لے لوں گا ۔

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب الجهاد والسير / حدیث: 3079
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا داود راز
3079. حضرت مجاشع بن مسعود ؓسے روایت ہے کہ وہ اپنے بھائی حضرت مجالد بن مسعود ؓ کو ساتھ لے کر نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا: یہ مجالد ہیں اور آپ سے ہجرت پر بیعت کرنا چاہتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’فتح مکہ کے بعد تو ہجرت باقی نہیں رہی، البتہ دین اسلام پر (استقامت کی) بیعت ان سے لے لیتا ہوں۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3079]
حدیث حاشیہ: اس حدیث میں ابتدائے اسلام کی ہجرت از مکہ برائے مدینہ مراد ہے۔
جب مکہ شریف فتح ہو گیا‘ تو وہاں تو سے ہجرت کا سوال ہی ختم ہو گیا۔
روایت کا یہی مطلب ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3079 سے ماخوذ ہے۔

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
3079. حضرت مجاشع بن مسعود ؓسے روایت ہے کہ وہ اپنے بھائی حضرت مجالد بن مسعود ؓ کو ساتھ لے کر نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا: یہ مجالد ہیں اور آپ سے ہجرت پر بیعت کرنا چاہتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’فتح مکہ کے بعد تو ہجرت باقی نہیں رہی، البتہ دین اسلام پر (استقامت کی) بیعت ان سے لے لیتا ہوں۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3079]
حدیث حاشیہ:

ہجرت کے لغوی معنی ’’چھوڑنے‘‘ کے ہیں اور شرعی اصطلاح میں اسلام کی خاطر اپنا گھر بار اور وطن چھوڑ کر دارالسلام میں آجانے کو ہجرت کہا جاتا ہے۔
اگر یہ ہجرت اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لیے ہوتو اسلام میں اس کا بہت اونچا درجہ ہے اوراگردنیا طلبی یا کسی اور غرض کے پیش نظر ہوتو ایسی ہجرت کا اللہ کے ہاں کوئی اجروثواب نہیں ہے۔

جو لوگ پیسہ کمانے کے لیے اپنا اسلامی ملک چھوڑ کر دارالکفر چلے جاتے ہیں اور وہاں کا رہن سہن اور وہاں کی تہذیب وثقافت اختیار کرلیتے ہیں،ایسے لوگوں کو اپنے اس کردار پر نظر ثانی کرنی چاہیے کہ ان کی یہ ہجرت کس ’’کھاتے‘‘ میں ہے۔
بہرحال حدیث میں مذکور ایک خاص ہجرت مراد ہے ہجرت کو قطعی طور پر ختم کرناقطعاً مقصود نہیں۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3079 سے ماخوذ ہے۔