صحيح البخاري
كتاب الجهاد والسير— کتاب: جہاد کا بیان
بَابُ إِذَا غَنِمَ الْمُشْرِكُونَ مَالَ الْمُسْلِمِ ثُمَّ وَجَدَهُ الْمُسْلِمُ: باب: کسی مسلمان کا مال مشرکین لوٹ کر لے جائیں پھر (مسلمانوں کے غلبہ کے بعد) وہ مال اس مسلمان کو مل گیا۔
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ يُونُسَ ، حَدَّثَنَا زُهَيْرٌ ، عَنْ مُوسَى بْنِ عُقْبَةَ ، عَنْ نَافِعٍ ، عَنْ ابْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا ، " أَنَّهُ كَانَ عَلَى فَرَسٍ يَوْمَ لَقِيَ الْمُسْلِمُونَ وَأَمِيرُ الْمُسْلِمِينَ يَوْمَئِذٍ خَالِدُ بْنُ الْوَلِيدِ بَعَثَهُ أَبُو بَكْرٍ ، فَأَخَذَهُ الْعَدُوُّ فَلَمَّا هُزِمَ الْعَدُوُّ رَدَّ خَالِدٌ فَرَسَهُ " .´ہم سے احمد بن یونس نے بیان کیا ‘ کہا ہم سے زہیر نے بیان کیا ‘ ان سے موسیٰ بن عقبہ نے ‘ ان سے نافع نے اور ان سے عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ` جس دن اسلامی لشکر کی مڈبھیڑ ( رومیوں سے ) ہوئی تو وہ ایک گھوڑے پر سوار تھے ۔ سالار فوج ابوبکر رضی اللہ عنہ کی طرف سے خالد بن ولید رضی اللہ عنہ تھے ۔ پھر گھوڑے کو دشمنوں نے پکڑ لیا ‘ لیکن جب انہیں شکست ہوئی تو خالد رضی اللہ عنہ نے گھوڑا عبداللہ رضی اللہ عنہ کو واپس کر دیا ۔
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ جب مسلمانوں نے (رومیوں سے) مقابلہ کیا تو وہ ایک گھوڑے پر سوار تھے۔ اس وقت مسلمان فوج کے سربراہ حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ تھے۔ انہیں حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے امیر مقرر کیا تھا۔ اس (گھوڑے) کو دشمن نے پکڑ لیا۔ جب دشمن شکست کھا گئے تو حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ نے ان کا گھوڑا واپس کر دیا۔
تشریح، فوائد و مسائل
امام بخاری ؒ کا مطلب یہ ہے کہ کفار پر غلبے کے باوجود ان کے قبضے میں موجود مسلمان کا مال بطور غنیمت تقسیم نہیں کیا جاسکتا بلکہ وہ مال اسی مسلمان کو لوٹا دیا جائے گا جس کی وہ ملکیت تھا، خواہ وہ تقسیم غنیمت سے پہلے اسے شناخت کرلے یا اس کے بعد اس کی پہچان کرے۔
کچھ حضرات کا خیال ہے کہ کافر جب مال لوٹ کر لے جائیں اور اپنے ملک پہنچ جائیں تو وہ اس کے مالک بن جاتے ہیں۔
ان احادیث میں مذکورہ واقعے سے یہی ثابت ہوتا ہے کہ اگر کسی مسلمان کا مال کسی حربی کافر کے ہاتھ لگ جائے تو فتح کے بعد وہ مال اس کے اصلی مالک مسلمان ہی کو ملے گا۔
اسے اموال غنیمت میں شامل نہیں کیا جائے گا۔