صحيح البخاري
كتاب الجهاد والسير— کتاب: جہاد کا بیان
بَابُ السُّرْعَةِ فِي السَّيْرِ: باب: سفر میں تیز چلنا۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، حَدَّثَنَا يَحْيَى ، عَنْ هِشَامٍ ، قَالَ : أَخْبَرَنِي أَبِي ، قَالَ : سُئِلَ أُسَامَةُ بْنُ زَيْدٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا ، كَانَ يَحْيَى يَقُولُ وَأَنَا أَسْمَعُ ، فَسَقَطَ عَنِّي عَنْ مَسِيرِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي حَجَّةِ الْوَدَاعِ ، قَالَ : " فَكَانَ يَسِيرُ الْعَنَقَ فَإِذَا وَجَدَ فَجْوَةً نَصَّ ، وَالنَّصُّ فَوْقَ الْعَنَقِ " .´ہم سے محمد بن مثنیٰ نے بیان کیا ، کہا ہم سے یحییٰ بن سعید قطان نے بیان کیا ، ان سے ہشام نے بیان کیا ، انہیں ان کے والد نے خبر دی ، انہوں نے بیان کیا کہ` اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حجۃ الوداع کے سفر کی رفتار کے متعلق پوچھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کس کس چال پر چلتے ، یحییٰ نے کہا عروہ نے یہ بھی کہا تھا ( کہ میں سن رہا تھا ) لیکن میں اس کا کہنا بھول گیا ۔ غرض اسامہ رضی اللہ عنہ نے کہا آپ صلی اللہ علیہ وسلم ذرا تیز چلتے جب فراخ جگہ پاتے تو سواری کو دوڑا دیتے ۔ «نص» اونٹ کی چال جو «عنق.» سے تیز ہوتی ہے ۔
تشریح، فوائد و مسائل
عَنَق اور نَصّ اونٹ کی چال کے نام ہیں۔
اونٹ کی رفتار کا اندازہ اس کی گردن سے ہوتا ہے، اس لیے درمیانی رفتارکو عَنَق کہتے ہیں۔
اوراس کی تیز رفتاری کو نَصّ کہا جاتا ہے۔
چونکہ اس حدیث میں بھی حجۃ الوداع کا بیان ہے، اس لیے امام بخاری ؒ نے اس حدیث کو بیان فرمایا ہے۔
اب یہ خیال کرنا کہ امام بخاری ؒ نے مناص کو نص سے مشتق سمجھا ہے اس لیے یہاں اس کے معنی بیان کردیئے جسے عینی نے نقل کیا ہے یہ بالکل کم فہمی ہے، اصل یہ ہے کہ اکثر نسخوں میں یہ عبارت ہی نہیں ہے اور جن نسخوں میں موجود ہے ان کی توجیہ یوں ہو سکتی ہے کہ بعض لوگوں کو کم استعدادی سے یہ وہم ہوا ہوگا کہ مناص اور نص کا مادہ ایک ہی ہے امام بخاری نے مناص کی تفسیر کرکے اس وہم کا رد کیا ہے۔
(1)
مزدلفہ میدان عرفات سے تین میل کے فاصلے پر ہے۔
عرفات سے غروب آفتاب کے بعد مزدلفہ واپسی ہوتی ہے۔
وہاں پہنچ کر مغرب اور عشاء دونوں نمازیں جمع کر کے پڑھی جاتی ہیں، اس لیے عرفات سے واپسی مزدلفہ لوٹتے وقت جلدی کی جاتی ہے اور یہ جلدی قلت وقت کی بنا پر ہوتی ہے، البتہ وادی محسر میں آ کر رفتار مزید تیز کر دی جاتی ہے۔
(2)
رسول اللہ ﷺ نے حضرت اسامہ ؓ کو عرفات سے واپسی کے وقت اپنے پیچھے بٹھایا تھا۔
اس وقت آپ ﷺ نے فرمایا: لوگو! آرام اور سکون سے چلو، بھاگنا، دوڑنا کوئی نیکی نہیں۔
جب بھیڑ ختم ہو جاتی اور میدانی علاقہ آ جاتا تو سواری کو کچھ تیز کر دیا جاتا۔
(3)
فجوة کی لغوی بحث امام بخاری ؒ کی طرف سے ہے۔
بعض لوگوں نے نص اور مناص کا مادہ ایک قرار دیا ہے، حالانکہ نص مضاعف ثلاثی ہے اور مناص اجوف ہے، اس کے معنی فرار کے ہیں۔
امام بخاری نے دفع توہم کے لیے لغوی تشریح کر دی ہے کہ انہیں لفظی تشاکل کی وجہ سے ایک مادہ شمار نہ کیا جائے۔
(فتح الباري: 655/3)
عروہ کہتے ہیں کہ میں بیٹھا ہوا تھا کہ اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے سوال کیا گیا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حجۃ الوداع میں عرفات سے لوٹتے وقت کیسے چلتے تھے؟ فرمایا: تیز چال چلتے تھے، اور جب راستہ پا جاتے تو دوڑتے۔ ہشام کہتے ہیں: «نص» ، «عنق» سے بھی زیادہ تیز چال کو کہتے ہیں۔ [سنن ابي داود/كتاب المناسك /حدیث: 1923]
عروہ کہتے ہیں کہ اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے پوچھا گیا، اور میں ان کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا کہ حجۃ الوداع میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مزدلفہ سے لوٹتے وقت کیسے چل رہے تھے؟ تو انہوں نے کہا: اپنی اونٹنی کو عام رفتار سے چلا رہے تھے، اور جب خالی جگہ پاتے تو تیز بھگاتے۔ [سنن نسائي/كتاب مناسك الحج/حدیث: 3054]
اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ان سے پوچھا گیا: عرفات سے لوٹتے وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کیسے چلتے تھے؟ کہا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم «عنق» کی چال (تیز چال) چلتے، اور جب خالی جگہ پاتے تو «نص» کرتے یعنی دوڑتے۔ وکیع کہتے ہیں کہ «عنق» سے زیادہ تیز چال کو «نص» کہتے ہیں۔ [سنن ابن ماجه/كتاب المناسك/حدیث: 3017]
فوائد و مسائل:
(1)
عنق اس درمیانی رفتار کو کہتے ہیں جو بہت آہستہ بھی نہ ہو اور زیادہ تیز بھی نہ ہو۔
(2)
نص اونٹ کی تیز رفتار کو کہتے ہیں۔
(3)
بھیڑ بھاڑ کے مقامات پر تیز رفتاری مناسب نہیں کیونکہ اس سے دوسروں کو تکلیف ہوتی ہے اور حادثے کا خطرہ ہوتا ہے۔
(4)
جانور سے اس کی طاقت کے مطابق ضرورت کے مطابق زیادہ کام بھی لیا جاسکتا ہے۔
لیکن یہ نہیں ہونا چاہے کہ ہمیشہ زیادہ سے زیادہ کا م لینے کی کوشش کی جائے بلکہ اس کے آرام کا بھی خیال رکھنا جاہیئے۔