حدیث نمبر: 2929
حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ ، قَالَ الزُّهْرِيُّ : عَنْ سَعِيدِ بْنِ الْمُسَيِّبِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " لَا تَقُومُ السَّاعَةُ حَتَّى تُقَاتِلُوا قَوْمًا نِعَالُهُمُ الشَّعَرُ ، وَلَا تَقُومُ السَّاعَةُ حَتَّى تُقَاتِلُوا قَوْمًا ، كَأَنَّ وُجُوهَهُمُ الْمَجَانُّ الْمُطْرَقَةُ " ، قَالَ سُفْيَانُ : وَزَادَ فِيهِ أَبُو الزِّنَادِ ، عَنْ الْأَعْرَجِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ " رِوَايَةً صِغَارَ الْأَعْيُنِ ذُلْفَ الْأُنُوفِ ، كَأَنَّ وُجُوهَهُمُ الْمَجَانُّ الْمُطْرَقَةُ " .
مولانا داود راز

´ہم سے علی بن عبداللہ نے بیان کیا ، کہا ہم سے سفیان بن عیینہ نے بیان کیا ، ان سے زہری نے بیان کیا ، ان سے سعید بن مسیب نے اور ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہو گی جب تک تم ایک ایسی قوم سے لڑائی نہ کر لو گے جن کے جوتے بالوں کے ہوں گے اور قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہو گی جب تک تم ایک ایسی قوم سے جنگ نہ کر لو گے جن کے چہرے تہ شدہ ڈھالوں جیسے ہوں گے ۔ “ سفیان نے بیان کیا کہ اس میں ابوالزناد نے اعرج سے اور انہوں نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے یہ زیادہ نقل کیا کہ ان کی آنکھیں چھوٹی ہوں گی ، ناک موٹی ، چہرے ایسے ہوں گے جیسے تہ بتہ چمڑہ لگی ڈھال ہوتی ہے ۔

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب الجهاد والسير / حدیث: 2929
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا داود راز
2929. حضرت ابوہریرہ ؓسے روایت ہے، وہ نبی کریم ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ’’قیامت اس وقت قائم نہیں ہوگی حتیٰ کہ تم ایسی قوم سے جنگ کرو گے جن کے چہرے چوڑی چوڑی ڈھالوں کی طرح ہوں گے۔‘‘ ایک روایت میں بایں الفاظ اضافہ ہے: ’’وہ چھوٹی چھوٹی آنکھوں اور چپٹی ناک والے ہوں گے، گویا کہ ان کے چہرے موٹی چوڑی ڈھال جیسے ہیں۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:2929]
حدیث حاشیہ: اس حدیث میں بھی قوم ترک کا بیان ہے اور یہ ان کے قبول اسلام سے پہلے کا ذکر ہے۔
کہتے ہیں کہ دنیا میں تین قومیں ایسی ہیں کہ انہوں نے خاص طور پر ساری قوم نے اسلام قبول کرلیا‘ عرب‘ ترک اور افغان۔
یہ جب اسلام میں داخل ہوئے تو روئے زمین پر سب ہی مسلمان ہوگئے۔
﴿ذَلِكَ فَضْلُ اللَّهِ يُؤْتِيهِ مَنْ يَشَاءُ﴾ باب ہار جانے کے بعد امام کا سواری سے اترنا اور بچے کھچے لوگوں کی صف باندھ کر اللہ سے مدد مانگنا
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2929 سے ماخوذ ہے۔

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
2929. حضرت ابوہریرہ ؓسے روایت ہے، وہ نبی کریم ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ’’قیامت اس وقت قائم نہیں ہوگی حتیٰ کہ تم ایسی قوم سے جنگ کرو گے جن کے چہرے چوڑی چوڑی ڈھالوں کی طرح ہوں گے۔‘‘ ایک روایت میں بایں الفاظ اضافہ ہے: ’’وہ چھوٹی چھوٹی آنکھوں اور چپٹی ناک والے ہوں گے، گویا کہ ان کے چہرے موٹی چوڑی ڈھال جیسے ہیں۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:2929]
حدیث حاشیہ:

چوڑی ڈھال سے تشبیہ سے مراد یہ ہے کہ چہرے گول موٹے اور زیادہ گوشت والے ہوں گے۔

حدیث میں مذکور جملہ صفات ترکوں پر صادق آتی ہیں جو رسول اللہ ﷺ اور خلفائے راشدین ؓکے عہد تک کافر تھے۔
جامع ترمذی کی روایت میں ہے۔
’’دجال مشرق میں خراسان سے نکلے گا۔
اس کے پیروکار چوڑے چہروں والے لوگ ہوں گے گویا کہ وہ مضبوط چوڑی چوڑی ڈھالیں ہیں۔
‘‘ (جامع الترمذي، الفتن، حدیث2237)
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ترک بار بار مسلمانوں سے جنگیں کریں گے۔
واللہ أعلم۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2929 سے ماخوذ ہے۔