صحیح بخاری — حدیث نمبر 2927
باب: ترکوں سے جنگ کا میدان۔
بَابُ قِتَالِ التُّرْكِ:
حَدَّثَنَا أَبُو النُّعْمَانِ ، حَدَّثَنَا جَرِيرُ بْنُ حَازِمٍ ، قَالَ : سَمِعْتُ الْحَسَنَ ، يَقُولُ : حَدَّثَنَا عَمْرُو بْنُ تَغْلِبَ ، قَالَ : قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " إِنَّ مِنْ أَشْرَاطِ السَّاعَةِ أَنْ تُقَاتِلُوا قَوْمًا يَنْتَعِلُونَ نِعَالَ الشَّعَرِ ، وَإِنَّ مِنْ أَشْرَاطِ السَّاعَةِ أَنْ تُقَاتِلُوا قَوْمًا عِرَاضَ الْوُجُوهِ ، كَأَنَّ وُجُوهَهُمُ الْمَجَانُّ الْمُطْرَقَةُ " .´ہم سے ابوالنعمان نے بیان کیا ، ان سے جریر بن حازم نے بیان کیا ، کہا میں نے حسن سے سنا ، انہوں نے کہا کہ ہم سے عمرو بن تغلب رضی اللہ عنہ نے بیان کیا ، کہا کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ قیامت کی نشانیوں میں سے ہے کہ تم ایسی قوم سے جنگ کرو گے جو بالوں کی جوتیاں پہنے ہوں گے ( یا ان کے بال بہت لمبے ہوں گے ) اور قیامت کی ایک نشانی یہ ہے کہ ان لوگوں سے لڑو گے جن کے منہ چوڑے چوڑے ہوں گے گویا ڈھالیں ہیں چمڑا جمی ہوئی ( یعنی بہت موٹے منہ والے ہوں گے ) ۔
حضرت عمرو بن تغلب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”بلاشبہ قیامت کی علامات میں سے ہے کہ تم ایسے لوگوں سے جنگ کرو گے جو بالوں والے جوتے پہنتے ہوں گے۔ اور بے شک قیامت کی نشانیوں میں سے (یہ بھی) ہے کہ تم چوڑے چہرے والے لوگوں سے جنگ کرو گے، گویا ان کے چہرے چوڑی ڈھالیں ہیں۔“
تشریح، فوائد و مسائل
ترک سے مراد یہاں وہ قوم ہے جو یافث بن نوح کی اولاد میں ہے۔
علی العموم تاتار کے لوگ آنحضرتﷺ اور خلفائے اسلام کے زمانوں تک کافر رہے۔
یہاں تک کہ ہلاکو خاں ترک نے عربوں پر چڑھائی کرکے خلافت عباسیہ کا کام تمام کیا۔
اس کے بعد کچھ ترک مشرف باسلام ہوئے۔
وہب بن منبہ نے کہا کہ ترک یاجوج ماجوج کے چچیرے بھائی ہیں۔
جب سد بنائی گئی تو یہ لوگ غائب تھے وہ دیوار کے اسی طرف رہ گئے۔
اسی لئے ان کا نام ترک یعنی متروک ہوگیا‘ واللہ أعلم بالصواب۔
اس حدیث میں رسول اللہ ﷺ کی ایک پیش گوئی کا ذکر ہے جیسا کہ قبل ازیں احادیث کے فوائد میں اس کی وضاحت ہو چکی ہےیہ پیش گوئی دو قوموں سے متعلق ہے۔
ان میں ایک ترک ہیں۔
اس کی تفصیل حدیث 2927۔
کے تحت بیان ہو چکی ہے۔
امام بخاری ؒ نے کتاب الجہاد میں اس حدیث پر’’ ترکوں سے لڑائی ‘‘ کا عنوان قائم کیا ہے۔
واللہ المستعان۔