مرکزی مواد پر جائیں
19 شعبان، 1447 ہجری
حدیث نمبر: 2903
حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ عُفَيْرٍ ، حَدَّثَنَا يَعْقُوبُ بْنُ عَبْدِ الرَّحْمَنِ ، عَنْ أَبِي حَازِمٍ ، عَنْ سَهْلٍ ، قَالَ : " لَمَّا كُسِرَتْ بَيْضَةُ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَلَى رَأْسِهِ وَأُدْمِيَ وَجْهُهُ وَكُسِرَتْ رَبَاعِيَتُهُ ، وَكَانَ عَلِيٌّ يَخْتَلِفُ بِالْمَاءِ فِي الْمِجَنِّ ، وَكَانَتْ فَاطِمَةُ تَغْسِلُهُ ، فَلَمَّا رَأَتِ الدَّمَ يَزِيدُ عَلَى الْمَاءِ كَثْرَةً عَمَدَتْ إِلَى حَصِيرٍ ، فَأَحْرَقَتْهَا وَأَلْصَقَتْهَا عَلَى جُرْحِهِ فَرَقَأَ الدَّمُ " .
مولانا داود راز

´ہم سے سعید بن عفیر نے بیان کیا ، کہا ہم سے یعقوب بن عبدالرحمٰن نے بیان کیا ، ان سے ابوحازم نے اور ان سے سہل بن سعد ساعدی رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ` جب احد کی لڑائی میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا خود آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سر مبارک پر توڑا گیا اور چہرہ مبارک خون آلود ہو گیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے آگے کے دانت شہید ہو گئے تو علی رضی اللہ عنہ ڈھال میں بھربھر کر پانی باربار لا رہے تھے اور فاطمہ رضی اللہ عنہا زخم کو دھو رہی تھیں ۔ جب انہوں نے دیکھا کہ خون پانی سے اور زیادہ نکل رہا ہے تو انہوں نے ایک چٹائی جلائی اور اس کی راکھ کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے زخموں پر لگا دیا ، جس سے خون آنا بند ہو گیا ۔

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب الجهاد والسير / حدیث: 2903
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 2911 | صحيح مسلم: 1790

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا داود راز
2903. حضرت سہل بن سعد ساعدی ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہا: جب نبی کریم ﷺ کا خود توڑ دیا گیا اور آپ کا چہرہ مبارک خون آلود ہوگیا، نیز سامنے و الے دونوں دانت متاثر ہوئے توحضرت علی ؓڈھال میں پانی بھر بھر کرلارہے تھے اور حضرت فاطمہ ؓ آپ کے زخم کو دھورہی تھیں۔ جب انھوں نے دیکھا کہ زخم دھونے سے خون زیادہ بہتا ہے توانھوں نے ایک چٹائی پکڑی اور اسے جلایا اور اس کی راکھ سے زخم بھردیا، اس سے خون رُک گیا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:2903]
حدیث حاشیہ: دندان مبارک کو صدمہ پہنچانے والا عتبہ بن ابی وقاص مردود تھا‘ اس نے آپﷺ کے قریب جا کر ایک پتھر مارا مگر فوراً ہی حضرت حاطب بن ابی بلتعہ ؓنے ایک ہی ضرب سے اس کی گردن اڑا دی۔
اور عبداللہ بن قمیہ مردود نے پتھر مارے۔
آپ نے فرمایا اللہ تجھے تباہ کرے۔
ایسا ہی ہوا کہ ایک پہاڑی بکری نے نکل کر اس کو سینگوں سے ایسا مارا کہ ٹکڑے ٹکڑے کردیا۔
سچ ہے وہ لوگ کس طرح فلاح پاسکتے ہیں جن کے ہاتھوں نے اپنے زمانہ کے نبیﷺ کے سر کو زخمی کردیا ہو۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2903 سے ماخوذ ہے۔

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
2903. حضرت سہل بن سعد ساعدی ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہا: جب نبی کریم ﷺ کا خود توڑ دیا گیا اور آپ کا چہرہ مبارک خون آلود ہوگیا، نیز سامنے و الے دونوں دانت متاثر ہوئے توحضرت علی ؓڈھال میں پانی بھر بھر کرلارہے تھے اور حضرت فاطمہ ؓ آپ کے زخم کو دھورہی تھیں۔ جب انھوں نے دیکھا کہ زخم دھونے سے خون زیادہ بہتا ہے توانھوں نے ایک چٹائی پکڑی اور اسے جلایا اور اس کی راکھ سے زخم بھردیا، اس سے خون رُک گیا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:2903]
حدیث حاشیہ:

اس حدیث کے مطابق ڈھال کو تحفظ کے علاوہ ایک اور مقصد کے لیے استعمال کیا گیا وہ یہ کہ حضرت علی ؓ اس میں پانی بھر کر لاتے تھے تاکہ رسول اللہ ﷺکے زخم کو دھویاجائے، نیز یہ بھی معلوم ہوا کہ وہ ڈھال درمیان سے گہری تھی۔

بیماری اورتکلیف کا علاج کروانا توکل کے منافی نہیں کیونکہ رسول اکرم ﷺنے ایسا کیا ہے اور آپ سب لوگوں سے بڑھ کر توکل کرنے والے تھے۔
بہرحال امام بخاری ؒ کا مقصد یہ ہے کہ ڈھال سے تحفظ حاصل کیا جاسکتاہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2903 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 2911 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
2911. حضرت سہل ؓسے روایت ہے، ان سے نبی کریم ﷺ کے زخم کے متعلق پوچھا گیا جو غزوہ احد میں لگا تھاتو انھوں نے فرمایا: نبی کریم ﷺ کا چہرہ مبارک زخمی ہوا۔ آپ کے اگلے دانت بھی متاثر ہوئے۔ اور آپ کے سر مبارک کا خود بھی ٹوٹ گیا۔ سیدہ فاطمہ ؓ خون دھو رہی تھیں اور حضرت علی ؓپانی ڈال رہے تھے۔ جب حضرت فاطمہ ؓنے دیکھا کہ خون زیادہ بہہ رہا ہے۔ تو انھوں نے چٹائی لی، اسے جلایا حتیٰ کہ وہ راکھ ہوگئی، پھر انہوں نے اس سے زخم کو بھردیا تو خون رک گیا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:2911]
حدیث حاشیہ: جنگ احد میں سب سے زیادہ المناک حادثہ یہ ہوا کہ رسول کریمﷺ کو چوٹیں آئیں اور آپﷺ زخمی ہوگئے۔
چہرہ کا زخم ابن قمیہ کے ہاتھوں سے ہوا اور دانتوں کا صدمہ عتبہ ابن ابی وقاص کے ہاتھوں سے پہنچا اور خود کو آپﷺ کے سر مبارک پر توڑنے والا عبداللہ بن ہشام تھا۔
خود‘ لوہے کا ٹوپ جو سر کی حفاظت کے لئے سر ہی پر پہنا جاتا ہے۔
حدیث سے اس کا پہننا ثابت ہوا۔
جنگ احد کے تفصیلی حالات کتاب المغازی میں آئیں گے‘ إن شاء اللہ۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2911 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 2911 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
2911. حضرت سہل ؓسے روایت ہے، ان سے نبی کریم ﷺ کے زخم کے متعلق پوچھا گیا جو غزوہ احد میں لگا تھاتو انھوں نے فرمایا: نبی کریم ﷺ کا چہرہ مبارک زخمی ہوا۔ آپ کے اگلے دانت بھی متاثر ہوئے۔ اور آپ کے سر مبارک کا خود بھی ٹوٹ گیا۔ سیدہ فاطمہ ؓ خون دھو رہی تھیں اور حضرت علی ؓپانی ڈال رہے تھے۔ جب حضرت فاطمہ ؓنے دیکھا کہ خون زیادہ بہہ رہا ہے۔ تو انھوں نے چٹائی لی، اسے جلایا حتیٰ کہ وہ راکھ ہوگئی، پھر انہوں نے اس سے زخم کو بھردیا تو خون رک گیا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:2911]
حدیث حاشیہ:

امام بخاری ؒ کا مقصد یہ ہے کہ جنگی ہتھیاروں کا استعمال جائز ہے اور یہ تو کل کے منافی نہیں چنانچہ خود رسول اللہ ﷺ نے اپنے سر مبارک پر خود پہنا۔
خود اس لوہے کی ٹوپی کو کہتے ہیں جو جنگ میں سر کی حفاظت کے لیے پہنی جاتی ہے۔

اس حدیث سے کود کا پہننا ثابت ہوا۔
اگرچہ اس قسم کے ہتھیار انسان کو موت سے نہیں بچا سکتے تاہم اسباب و ذرائع کا استعمال انتہائی ضروری ہے تاکہ ایسا کرنا دلوں میں مضبوطی کا باعث ہو۔
واللہ أعلم۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2911 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1790 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
ابو حازم رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت سہل بن سعد رضی اللہ تعالی عنہ سے جنگ اُحد کے دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زخمی ہونے کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے بتایا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا چہرہ زخمی ہو گیا تھا اور آپﷺ کا ایک رباعی دانت توڑ ڈالا گیا اور آپ کے سر پر خود توڑ دی گئی، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی لخت جگر حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہ، خون دھو رہی تھیں اور حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ تعالی عنہ... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:4642]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
(1)
هُشِمَتِ البَيضة: خود کو توڑ دیا گیا۔
(2)
يَسْكُبُ عَلَيْهَا بِالْمِجَنِّ: وہ خود سے زخم پر پانی ڈال رہے تھے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1790 سے ماخوذ ہے۔

اہم: ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر واٹس اپ پر اطلاع دیں یا ای میل کریں۔