صحیح بخاری — حدیث نمبر 2876
باب: عورتوں کا جہاد کیا ہے۔
بَابُ جِهَادِ النِّسَاءِ:
وَعَنْ حَبِيبِ بْنِ أَبِي عَمْرَةَ ، عَنْ عَائِشَةَ بِنْتِ طَلْحَةَ ، عَنْ عَائِشَةَ أُمِّ الْمُؤْمِنِينَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " سَأَلَهُ نِسَاؤُهُ عَنِ الْجِهَادِ ، فَقَالَ : نِعْمَ الْجِهَادُ الْحَجُّ " .´ہم سے قبیصہ نے بیان کیا ، کہا ہم سے سفیان ثوری نے بیان کیا اور ان سے معاویہ نے یہی حدیث اور سفیان نے حبیب بن ابی عمرہ سے یہی روایت کی جو عائشہ بنت طلحہ سے ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کے واسطہ سے ہے ( اس میں ہے کہ )` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے آپ کی ازواج مطہرات نے جہاد کی اجازت مانگی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ حج بہت ہی عمدہ جہاد ہے ۔
ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا ہی سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ سے آپ کی ازواج مطہرات رضی اللہ عنہن نے جہاد کے لیے اجازت مانگی تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”(تمہارے لیے) حج کرنا بہت عمدہ جہاد ہے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
مذکورہ عنوان کے دومعنی ہیں: ایک یہ عورتوں کا جہاد کیا ہے؟ دوسرا عورتوں کے لیے جہاد کا جواز ثابت کرنا ہے۔
یہ دونوں روایات اس پردلالت کرتی ہیں کیونکہ رسول اللہ ﷺنے سائلہ کے سوال پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔
اس لیے عورتوں کا جہاد آپ کی خاموشی سے ثابت ہوا لیکن اس جواز کوعدم فتنہ سے مشروط کیا جائے گا۔
اگر کوئی عورت جہاد میں شریک نہ ہو سکے۔
بلکہ وہ صرف حج کرتی ہے تو اس سفر میں اسے جہاد ہی کا ثواب دیا جائے گاکیونکہ سفر حج عورتوں کے لیے جہاد سے کم نہیں البتہ عورتوں کا جہاد میں جانا بھی احادیث سے ثابت ہے جیسا کہ امام بخاری ؒ آئندہ عنوان کے تحت اسے بیان کریں گے۔
اگر کوئی مسلمان عورت جہاد میں نہ شریک ہوسکے بلکہ وہ حج ہی کرسکتی ہے تو اس سفر میں اس کے لئے بھی اس کو جہاد ہی کا ثواب ملے گا۔
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! کیا عورتوں پر بھی جہاد ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " ہاں، لیکن ان پر ایسا جہاد ہے جس میں لڑائی نہیں ہے اور وہ حج اور عمرہ ہے۔" [سنن ابن ماجه/كتاب المناسك/حدیث: 2901]
فوائد و مسائل:
(1)
جہاد قتال عورتوں پر فرض نہیں۔
(2)
عورتوں کے لیے حج اور عمرے کی اتنی اہمیت ہے جتنی مردوں کے لیے جہاد کی۔
(3)
حج وعمرہ کو عورتوں کا جہاد اس لیے قرار دیا گیا ہے کہ اس میں بھی اللہ کی رضا کے لیے سفر کی مشقت برداشت کی جاتی ہے مال خرچ کیا جاتا ہے اور کئی طرح کی مشکلات برداشت کرنی پڑتی ہیں۔
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ میں نے عرض کیا، اے اللہ کے رسول! کیا عورتوں پر جہاد ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا "ہاں! ان پر وہ جہاد ہے جس میں لڑائی نہیں (یعنی) حج اور عمرہ۔" اسے احمد اور ابن ماجہ نے روایت کیا ہے اور یہ الفاظ ابن ماجہ کے ہیں۔ اس کی سند صحیح ہے اور اس کی اصل بخاری میں ہے۔ [بلوغ المرام/حدیث: 580]
«عَلَي النَّسَاءِ جِهَادٌ» کیا عورتوں پر جہاد ہے؟
اس میں حرف استفہام محذوف ہے اور حج و عمرہ پر جہاد کا اطلاق مجازاً ہے کیونکہ ان میں بھی جہاد کی طرح مشقت و تکلیف برداشت کرنی پڑتی ہے۔ آپ نے بڑے حکیمانہ اسلوب میں جواب دیا۔
«وَاَصَلُهُ فِي الصَّحِيحِ» اس کی اصل صحیح میں ہے۔ صحیح سے یہاں صحیح بخاری مراد ہے۔ یہ حدیث عمرے کے وجوب کی دلیل ہے۔٭
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ میں نے عرض کیا اے اللہ کے رسول! کیا خواتین پر بھی جہاد ہے؟ فرمایا ’’ ہاں! جہاد ہے جس میں لڑائی نہیں۔ اور وہ ہے حج اور عمرہ۔ " اسے ابن ماجہ نے روایت کیا ہے اور اس کی اصل بخاری میں ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 1082»
«أخرجه ابن ماجه، المناسك، باب الحج جهاد النساء، حديث:2901، والبخاري، الجهاد، حديث:2875.»
تشریح: 1. اس حدیث میں مذکور ہے کہ خواتین کا جہاد‘ قتال کرنا نہیں بلکہ ان کے لیے حج اور عمرہ جہاد ہے۔
2.جہاد میں انسان کو سفری صعوبتیں‘ مشقتیں اور تکلیفیں برداشت کرنی پڑتی ہیں اور مال خرچ کرنا پڑتا ہے۔
حج و عمرہ میں بھی ان مشقتوں سے دوچار ہونا پڑتا ہے‘ اس لیے خواتین کو حج و عمرہ کا ثواب جہاد کے برابر ملتا ہے‘ اسی بنا پر حج و عمرہ کو خواتین کے لیے جہاد قرار دیا گیا ہے‘ گویا خواتین پر جہاد بالسیف فرض نہیں‘ اس کا ثواب انھیں حج اور عمرہ ادا کرنے سے مل جاتا ہے۔