صحيح البخاري
كتاب الجهاد والسير— کتاب: جہاد کا بیان
بَابُ مَنِ اخْتَارَ الْغَزْوَ عَلَى الصَّوْمِ: باب: جہاد کو (نفلی روزوں پر) مقدم رکھنا۔
حَدَّثَنَا آدَمُ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، حَدَّثَنَا ثَابِتٌ الْبُنَانِيُّ ، قَالَ : سَمِعْتُ أَنَسَ بْنَ مَالِكٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، قَالَ : " كَانَ أَبُو طَلْحَةَ لَا يَصُومُ عَلَى عَهْدِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنْ أَجْلِ الْغَزْوِ ، فَلَمَّا قُبِضَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لَمْ أَرَهُ مُفْطِرًا إِلَّا يَوْمَ فِطْرٍ أَوْ أَضْحَى " .´ہم سے آدم بن ابی ایاس نے بیان کیا ‘ کہا ہم سے شعبہ نے بیان کیا ‘ کہا ہم سے ثابت بنانی نے ‘ کہا کہ میں نے انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا ‘ انہوں نے بیان کیا کہ` ابوطلحہ زید بن سہیل رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں جہاد میں شرکت کے خیال سے ( نفلی روزے نہیں رکھتے تھے لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد پھر میں نے انہیں عیدالفطر اور عید الاضحی کے سوا روزے کے بغیر نہیں دیکھا ۔
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے فرمایا کہ حضرت ابو طلحہ رضی اللہ عنہ نبی کریم ﷺ کے عہد مبارک میں جہاد کی وجہ سے (نفلی) روزے نہیں رکھا کرتے تھے۔ پھر جب نبی کریم ﷺ کی وفات ہو گئی تو میں نے انہیں عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے علاوہ روزے کے بغیر نہیں دیکھا۔
تشریح، فوائد و مسائل
پیچھے بتلایا جا چکا ہے کہ اسلام میں جہاد یعنی قتال محض مدافعانہ طور پر ہے جارحانہ ہرگز اسلام نے جنگ کو جائز نہیں رکھا۔
1۔
جہاد ایک ایسا عمل ہے جس میں فرض نماز بھی کم ہو جاتی ہے پھر نفلی روزوں کا ذکر ہی کیا ہے۔
حضرت ابو طلحہ ؓ نفلی روزوں پر جہاد کو ترجیح دیتے تھے تاکہ ایسا نہ ہو کہ دشمن کے مقابلے میں کمزور پڑ جائیں رسول اللہ ﷺ کی وفات کے بعد حضرت ابو طلحہ ؓنے نفلی روزے رکھنے شروع کردیے۔
ان کا خیال تھا کہ اب کفر پر اسلام کو غلبہ حاصل ہو چکا ہے اور جہاد میں آسانی پیدا ہو گئی ہے لیکن اس کے باوجود بھی اپ جہاد میں حصہ لیتے تھے۔
2۔
حضرت ابو طلحہ ؓنے عمر کے آخری حصے میں بھی جہاد کیا تیاری کے ساتھ غزوہ البحر میں شرکت کی جس میں ان کی وفات ہوئی۔
سات دن کے بعد انھیں دفن کیا گیا تو ان کے جسم میں کوئی تبدیلی نہیں آئی تھی۔
(فتح الباري: 52/6)