صحيح البخاري
كتاب الجهاد والسير— کتاب: جہاد کا بیان
بَابُ الشَّجَاعَةِ فِي الْحَرْبِ وَالْجُبْنِ: باب: جنگ کے موقع پر بہادری اور بزدلی کا بیان۔
حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ ، أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ ، عَنْ الزُّهْرِيِّ ، قَالَ : أَخْبَرَنِي عُمَرُ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ جُبَيْرِ بْنِ مُطْعِمٍ ، أَنَّ مُحَمَّدَ بْنَ جُبَيْرٍ ، قَالَ : أَخْبَرَنِي جُبَيْرُ بْنُ مُطْعِمٍ ، أَنَّهُ بَيْنَمَا هُوَ يَسِيرُ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَمَعَهُ النَّاسُ مَقْفَلَهُ مِنْ حُنَيْنٍ ، فَعَلِقَهُ النَّاسُ يَسْأَلُونَهُ حَتَّى اضْطَرُّوهُ إِلَى سَمُرَةٍ فَخَطِفَتْ رِدَاءَهُ ، فَوَقَفَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَقَالَ : " أَعْطُونِي رِدَائِي لَوْ كَانَ لِي عَدَدُ هَذِهِ الْعِضَاهِ نَعَمًا لَقَسَمْتُهُ بَيْنَكُمْ ، ثُمَّ لَا تَجِدُونِي بَخِيلًا ، وَلَا كَذُوبًا ، وَلَا جَبَانًا " .´ہم سے ابوالیمان نے بیان کیا ‘ کہا ہم کو شعیب نے خبر دی ‘ ان سے زہری نے بیان کیا ‘ انہیں عمر بن جبیر بن مطعم نے خبر دی ‘ انہیں محمد بن جبیر نے خبر دی کہا کہ مجھے جبیر بن مطعم رضی اللہ عنہ نے خبر دی کہ` وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ چل رہے تھے ، آپ کے ساتھ اور بہت سے صحابہ بھی تھے ۔ وادی حنین سے واپس تشریف لا رہے تھے کہ کچھ ( بدو ) لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے لپٹ گئے ۔ بالآخر آپ کو مجبوراً ایک ببول کے درخت کے پاس جانا پڑا ۔ وہاں آپ کی چادر مبارک ببول کے کانٹے میں الجھ گئی تو ان لوگوں نے اسے لے لیا ( تاکہ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم انہیں کچھ عنایت فرمائیں تو چادر واپس کریں ) آپ صلی اللہ علیہ وسلم وہاں کھڑے ہو گئے اور فرمایا میری چادر مجھے دے دو ‘ اگر میرے پاس درخت کے کانٹوں جتنے بھی اونٹ بکریاں ہوتیں تو میں تم میں تقسیم کر دیتا ‘ مجھے تم بخیل نہیں پاؤ گے اور نہ جھوٹا اور نہ بزدل پاؤ گے ۔
تشریح، فوائد و مسائل
مزید تفصیلات کتاب المغازی میں آئیں گی۔
1۔
بخیل کذوب اور جبان مبالغے کے صیغے ہیں۔
جن سے جنس کی نفی کرنا مقصود ہے۔
2۔
اس حدیث میں آپ ﷺکے اخلاق کریمانہ کا بیان ہے۔
اصول اخلاق تین ہیں حلم کرم اور شجاعت۔
اس میں بڑی عمدگی کے ساتھ ان تینوں کو بیان کیا گیا ہے عدم کذب سے قوت عقلیہ کے کمال کی طرف اشارہ ہے جو حکمت و دانائی سے عبارت ہے عدم بخل سے کمال قوت شہویہ کی طرف اشارہ فرمایا جو سخاوت ہے اور عدم جبن سے کمال قوت غضبیہ کی طرف اشارہ کیا جو شجاعت ہے۔
یہ تینوں صفات اعلیٰ اخلاق کی بنیاد ہیں بہر حال رسول اللہ ﷺ بہت بہادر انتہائی سخی اور بہت مدبر و بردبار تھے واضح رہے کہ مذکورہ واقعہ جنگ حنین کا ہے اور حنین مکہ اور طائف کے درمیان ایک راوی کا نام ہے۔
3۔
مال طلب کرنے والے وہ نو مسلم تھے جو ابھی تک آپ کی صحبت سے فیض یاب نہیں ہوئے تھے ورنہ جنھیں آپ کی تربیت میں چند دن گزارنے کا موقع ملا وہ ادب و احترام کا پیکربن گئے۔
عینی نے کہا: ومطابقة للترجمة تستأنس من قوله لقسمه بینکم
1۔
اس وقت حالات کا تقاضا تھا کہ رسول اللہﷺ اپنی ذات شریفہ سے بخل کی نفی کرتے، پھر آپ نے فرمایا: میں بخل کی نفی کرنے میں جھوٹا نہیں ہوں۔
نیز میں تم سے ڈر کریہ نفی نہیں کر رہا۔
ان بری صفات کی نفی سے بربادی سخاوت اور شجاعت کو ثابت کرنا مقصود ہے جو اصول اخلاق میں سے ہیں۔
2۔
امام بخاری ؒنے اس حدیث سے ثابت کیا ہے اور امام وقت کو اختیارہے کہ وہ مال غنیمت جن لوگوں کو چاہے مصلحت کی خاطر تقسیم کر سکتا ہے۔