صحيح البخاري
كتاب الشهادات— کتاب: گواہوں کے متعلق مسائل کا بیان
بَابُ سُؤَالِ الْحَاكِمِ الْمُدَّعِيَ هَلْ لَكَ بَيِّنَةٌ قَبْلَ الْيَمِينِ: باب: مدعیٰ علیہ کو قسم دلانے سے پہلے حاکم کا مدعی سے یہ پوچھنا کیا تیرے پاس گواہ ہیں؟
حَدَّثَنَا مُحَمَّدٌ ، أَخْبَرَنَا أَبُو مُعَاوِيَةَ ، عَنِ الْأَعْمَشِ ، عَنْ شَقِيقٍ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " حَلَفَ عَلَى يَمِينٍ وَهُوَ فِيهَا فَاجِرٌ لِيَقْتَطِعَ بِهَا مَالَ امْرِئٍ مُسْلِمٍ لَقِيَ اللَّهَ وَهُوَ عَلَيْهِ غَضْبَانُ " . قَالَ : فَقَالَ الْأَشْعَثُ بْنُ قَيْسٍ فِيَّ : وَاللَّهِ كَانَ ذَلِكَ كَانَ بَيْنِي وَبَيْنَ رَجُلٍ مِنْ الْيَهُودِ أَرْضٌ ، فَجَحَدَنِي ، فَقَدَّمْتُهُ إِلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَقَالَ لِي رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : أَلَكَ بَيِّنَةٌ ؟ قَالَ : قُلْتُ لَا ، قَالَ : فَقَالَ لِلْيَهُودِيِّ : احْلِفْ ، قَالَ : قُلْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ ، إِذًا يَحْلِفَ وَيَذْهَبَ بِمَالِي ، قَالَ : فَأَنْزَلَ اللَّهُ تَعَالَى إِنَّ الَّذِينَ يَشْتَرُونَ بِعَهْدِ اللَّهِ وَأَيْمَانِهِمْ ثَمَنًا قَلِيلا سورة آل عمران آية 77 إِلَى آخِرِ الْآيَةِ .´ہم سے محمد نے بیان کیا کہا ہم کو ابومعاویہ نے خبر دی اور انہیں اعمش نے انہیں شقیق نے اور ان سے عبداللہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” جس شخص نے کوئی ایسی قسم کھائی جس میں وہ جھوٹا تھا ، کسی مسلمان کا مال چھیننے کے لیے ، تو وہ اللہ تعالیٰ سے اس طرح ملے گا کہ اللہ تعالیٰ اس پر غضبناک ہو گا ۔“ انہوں نے بیان کیا کہ اس پر اشعث بن قیس رضی اللہ عنہ نے کہا کہ اللہ گواہ ہے ، یہ حدیث میرے ہی متعلق آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمائی تھی ۔ میرا ایک یہودی سے ایک زمین کا جھگڑا تھا ۔ یہودی میرے حق کا انکار کر رہا تھا ۔ اس لیے میں اسے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں لایا ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا ( کیونکہ میں مدعی تھا ) کہ گواہی پیش کرنا تمہارے ہی ذمہ ہے ۔ انہوں نے بیان کیا کہ میں نے عرض کیا گواہ تو میرے پاس کوئی بھی نہیں ۔ اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہودی سے فرمایا ” پھر تم قسم کھاؤ ۔ “ اشعث رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ میں بول پڑا ، یا رسول اللہ ! پھر تو یہ قسم کھا لے گا اور میرا مال ہضم کر جائے گا ۔ انہوں نے بیان کیا کہ اسی واقعہ پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی «إن الذين يشترون بعهد الله وأيمانهم ثمنا قليلا» ” جو لوگ اللہ کے عہد اور قسموں سے معمولی پونجی خریدتے ہیں آخر آیت تک ۔ “
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”جس نے کسی مسلمان کا مال ناحق ہڑپ کرنے کے لیے جھوٹی قسم اٹھائی تو وہ جب اللہ تعالیٰ سے ملے گا تو وہ اس پر غضبناک ہوگا۔“ حضرت اشعث بن قیس رضی اللہ عنہ نے کہا: اللہ کی قسم! یہ میرے متعلق ایسا فرمایا کیونکہ میرے اور ایک یہودی کے درمیان کچھ زمین کے متعلق جھگڑا تھا، اس نے میرے حق کا انکار کر دیا، میں نے اسے نبی کریم ﷺ کے حضور پیش کیا تو رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے فرمایا: ”کیا تیرے پاس کوئی گواہ ہے؟“ میں نے عرض کیا: نہیں۔ آپ ﷺ نے یہودی سے فرمایا: ”تو قسم اٹھا۔“ میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول ﷺ! وہ تو قسم اٹھا کر میرا مال لے جائے گا، اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی: ﴿إِنَّ الَّذِينَ يَشْتَرُونَ بِعَهْدِ اللَّهِ وَأَيْمَانِهِمْ ثَمَنًا قَلِيلًا﴾ [سورة آل عمران: 77] ”جو لوگ اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کو تھوڑی قیمت کے عوض بیچ ڈالیں۔۔۔“
تشریح، فوائد و مسائل
اس کے پاس گواہ نہ ہوں تو مدعیٰ علیہ سے قسم لے اگر مدعیٰ علیہ جھوٹی قسم کھاتا ہے تو وہ سخت گنہگار ہوگا، مگر عدالت میں بہت لوگ جھوٹ سے بچنا ضروری نہیں جانتے حالانکہ جھوٹی گواہی کبیرہ گناہوں میں سے ہے۔
ایسی ہی جھوٹی قسم کھاکر کسی کا مال ہڑپ کرنا اکبر الکبائر یعنی بہت ہی بڑا کبیرہ گناہ ہے۔
اس حدیث کے مطابق عدالت کے لیے ضروری ہے کہ وہ پہلے مدعی سے گواہ طلب کرے، اگر وہ گواہ یا دعویٰ کے لیے کوئی ثبوت نہ پیش کر سکے تو مدعا علیہ سے قسم لے۔
اگر وہ جھوٹی قسم اٹھاتا ہے تو وہ سخت گناہ گار ہو گا اور اگر اس کا جھوٹ ثابت ہو جائے تو عدالت اسے سزا دے سکتی ہے کیونکہ جھوٹی گواہی دینا کبیرہ گناہ ہے۔
اور جھوٹی قسم اٹھا کر کسی کا مال ہڑپ کرنا اس سے بڑا جرم ہے۔
عبدا للہ بن ابی اوفیٰ ؓ نے کہا یہ آیت اس شخص کے بارے میں اتری، جس نے بازار میں ایک مال رکھ کر جھوٹی قسم کھا کر یہ بیان کیا کہ اس مال کا اس کو اتنا دام ملتا تھا لیکن اس نے نہیں دیا۔
آیت عام ہے، اب بھی اس کا حکم باقی ہے۔
کتنے لوگ جھوٹی قسمیں کھا کھا کر ناجائز پیسہ حاصل کرتے ہیں۔
کتنے لوگ جھوٹے مقدمات میں کامیابی حاصل کر لیتے ہیں۔
یہ سب اس آیت کے مصداق ہیں۔
دین فروشی اور عہد شکنی قیامت کے دن محرومی کا باعث ہوگی۔
ایک دوسری حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "جس آدمی نے جھوٹی قسم کے ذریعے سے کسی مسلمان کا حق دبایا تو اللہ تعالیٰ نے اس کے لیے آگ واجب کردی اور اس پر جنت حرام کردی۔
" راوی نے عرض کی: اللہ کے رسولﷺ!اگروہ چیز معمولی سی ہو؟ (تب بھی اس کے لیے آگ واجب ہوگی؟)
آپ نے فرمایا: "ہاں! اگرچہ وہ درخت کی سبز ٹہنی ہی کیوں نہ ہو۔
" (صحیح مسلم، الإیمان، حدیث: 353(137)
بہرحال آیت کریمہ میں عہد شکنی پر پانچ وعیدیں مذکور ہیں۔
واللہ المستعان۔
یہ حنفیہ اتنا غور نہیں کرتے کہ اللہ اور پیغمبر کے کلام کو باہم ملانا بہتر ہے یا ان میں مخالفت ڈالنا، ایک پر عمل کرنا، ایک کو ترک کرنا۔
(وحیدی)
الحمد للہ کہ حرم نبوی مدینۃ المنورہ میں 9 اپریل 1970 ءکو حضور ﷺ کے مواجہ شریف میں بیٹھ کر یہاں تک متن کو بغور پڑھا گیا۔
(1)
مذکورہ بالا مقدمے میں حضرت اشعث بن قیس ؓ مدعی تھے تو رسول اللہ ﷺ نے انہیں فرمایا: تمہیں اپنا دعویٰ ثابت کرنے کے لیے دو گواہ پیش کرنا ہوں گے، بصورت دیگر مدعا علیہ قسم اٹھائے گا اور مقدمہ اس کے حق میں ہو گا۔
بہرحال قسم اٹھانا مدعا علیہ کے ذمے ہے بشرطیکہ مدعی اپنے دعوے کے ثبوت کے لیے دو گواہ پیش نہ کر سکے، یا کم از کم ایک گواہ اور قسم دے گا۔
اگر ایسا نہ کر سکا تو مدعا علیہ قسم اٹھا کر بری ہو جائے گا۔
(2)
بعض لوگ يمين استظهار کے قائل ہیں۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ جب مدعی اپنا دعویٰ گواہوں سے ثابت کر دے تو قاضی مدعی سے قسم لے کہ اس کے گواہوں نے جو ثابت کیا ہے وہ مبنی بر حقیقت ہے، اس میں کوئی دھوکا فریب نہیں ہے۔
قاضی شریح، امام نخعی اور اوزاعی وغیرہ اس کے قائل ہیں لیکن جمہور اہل علم اس سے اتفاق نہیں کرتے کیونکہ قرآن و سنت سے اس کا ثبوت نہیں ملتا۔
واللہ أعلم
کوئی شخص غلط بیانی کرکے جھوٹی قسمیں کھاکر فیصلہ اپنے حق میں کرالے، حالانکہ وہ ناحق پر ہے تو ایسا شخص عنداللہ ملعون ہے، وہ اپنے پیٹ میں آگ کا انگارہ کھارہا ہے۔
قیامت کے دن وہ اللہ کے غضب میں گرفتار ہوگا۔
اس کو یہ حقیقت خوب ذہن نشین کرلینی چاہئے۔
جو لوگ قاضی کے فیصلہ کو ظاہر و باطن ہر حال میں نافذ کہتے ہیں، ان کی غلط بیانی کی طرف بھی یہ اشارہ ہے۔
(1)
اس عنوان کے تحت مذکورہ احادیث سے یہ ثابت کیا گیا ہے کہ جھوٹ بولنا تو ہر وقت منع ہے لیکن جھوٹی قسم اٹھانا بہت بڑا جرم ہے۔
خاص طور پر عدالت کے روبرو جھوٹی قسم اٹھانا اور جھوٹی گواہی دینا بہت بڑا گناہ ہے۔
جو شخص جھوٹی قسم اٹھا کر اپنے حق میں فیصلہ کرا لیتا ہے ایسا شخص اللہ کے نزدیک ملعون ہے۔
قیامت کے دن وہ اللہ کے عذاب میں گرفتار ہو گا۔
جھوٹی قسم اٹھانے والے کو یہ حقیقت خوب ذہن نشین کر لینی چاہیے۔
(2)
آیت کریمہ کے نزول کے متعلق دونوں احادیث میں بظاہر مخالفت ہے، اس کے متعلق دو طرح سے جواب دیا گیا ہے: ٭ حضرت ابن ابی اوفی ؓ کو اشعث بن قیس ؓ کے واقعے کی اطلاع نہیں ہو سکی، اس لیے انہوں نے اپنی معلومات بیان کی ہیں۔
٭ دونوں واقعات بیک وقت رونما ہوئے اور مذکورہ آیت دونوں واقعات کے بعد نازل ہوئی۔
آیت کے الفاظ دونوں کو شامل ہیں، ان میں کوئی مخالفت نہیں۔
واللہ أعلم
باب کا یہی مقصد ہے کہ مقدمہ سے متعلق مدعی اور مدعی علیہ عدالت میں اپنے اپنے دلائل واضح کردیں، اس کا نام غیبت نہیں ہے۔
(1)
مقصد یہ ہے کہ کسی مقدمے کی سماعت کے دوران کمرۂ عدالت میں مدعی اور مدعا علیہ آپس میں سخت کلامی سے پیش آتے ہیں اور عدالت ان کا کوئی نوٹس نہیں لیتی، تو ایسا ممکن ہے بشرطیکہ وہ گفتگو فحش کلامی اور کردار کشی پر مبنی نہ ہو، ہاں اگر کوئی اپنی گفتگو سے عدالت کا احترام مجروح کرتا ہے تو اس کا نوٹس لیا جائے گا۔
اس حدیث کے مطابق حضرت اشعث ؓ نے رسول اللہ ﷺ کے سامنے یہودی کے متعلق یہ بیان دیا کہ وہ جھوٹی قسم اٹھا کر میرا مال لے اڑے گا۔
چونکہ حضرت اشعث ؓ اس یہودی کے کردار سے واقف تھے، اس لیے رسول اللہ ﷺ نے ان کے بیان پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔
(2)
عدالت کے سامنے ایسا بیان جس پر کوئی تعزیر یا حد واجب نہ ہو، اسے حرام غیبت میں شمار نہیں کیا جائے گا اور نہ اسے مدعا علیہ کی کردار کشی ہی پر محمول کیا جائے گا۔
(فتح الباري: 93/5)
«. . . عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ:"مَنْ حَلَفَ عَلَى يَمِينٍ يَقْتَطِعُ بِهَا مَالَ امْرِئٍ مُسْلِمٍ هُوَ عَلَيْهَا فَاجِرٌ، لَقِيَ اللَّهَ وَهُوَ عَلَيْهِ غَضْبَانُ . . .»
". . . نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو شخص کوئی ایسی جھوٹی قسم کھائے جس کے ذریعہ وہ کسی مسلمان کے مال پر ناحق قبضہ کر لے تو وہ اللہ سے اس حال میں ملے گا کہ اللہ تعالیٰ اس پر بہت زیادہ غضب ناک ہو گا . . ." [صحيح البخاري/كِتَاب الشُّرْبِ والْمُسَاقَاةِ: 2357]
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جھوٹی قسم کھا کر کسی مسلمان کا مال ہڑپ لینا بہت بڑا گناہ ہے۔ ایک روایت میں ہے کہ جس نے جھوٹی قسم کھا کر کسی کی پیلو کی ایک ٹہنی بھی ہڑپ لی اس پر آگ واجب ہو گئی۔ [مسلم: كتاب الايمان: مَنِ اقْتَطَعَ حَقَّ مُسْلِمٍ بِيَمِينٍ]
(1)
رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں جب کنویں کا جھگڑا پیش ہوا تو آپ نے مدعی سے گواہ طلب کیے۔
جب وہ گواہ پیش کرنے سے عاجز آ گیا تو آپ نے مدعا علیہ سے قسم طلب کی کیونکہ اسلام کا عدالتی قانون ہے کہ مدعی اپنے دعویٰ کے ثبوت کے لیے گواہ پیش کرے جبکہ قسم اٹھانا مدعی علیہ کا حق ہے۔
چونکہ شہادت حق اس امت کا امتیاز ہے، اس لیے جھوٹ بولنا، جھوٹی قسم اٹھانا اور جھوٹی گواہی دینا کبیرہ گناہوں میں شمار کیا گیا ہے۔
(2)
امام بخاری ؒ کا مقصد یہ ہے کہ کنوؤں میں ملکیت جاری ہوتی ہے، عدالت اس سے متعلقہ مقدمات سننے کی مجاز ہے، پھر اسے حق کے مطابق فیصلہ کرنے کا بھی اختیار ہے۔
اگر یہ تمام لوگوں کے لیے مشترکہ متاع ہے تو اس کے متعلق مقدمہ کیا ہو سکتا ہے، عدالت کیا سماعت کر سکتی ہے؟ (3)
ہمارے معاشرے میں فریقین کے جھگڑے کا فیصلہ پنچائیت میں اکثر و بیشتر اس طرح کیا جاتا ہے کہ کوئی تیسرا فرد مدعا علیہ کی طرف سے قسم دیتا ہے، یہ طریقہ اس حدیث کے مخالف ہونے کی وجہ سے سراسر غلط ہے۔
قسم مدعا علیہ ہی دے گا اور مدعی کو اس کی قسم کا اعتبار کرنا چاہیے اگر وہ جھوٹی قسم اٹھاتا ہے تو اللہ کے ہاں سزا پائے گا۔
: (1)
قَضِيبٌ: چھڑی، شاخ۔
يَمِين صَبْرٍ: جس پر قسم اٹھانے والا اپنے آپ کو روکتا ہے، جس پر فیصلہ کا انحصار ہے۔
(2)
يَقْتَطِعُ: دباتا ہے، مارتا ہے، مالک سے کاٹ لیتا ہے۔
فوائد ومسائل:
کسی شخص کا حق مارنا یا مال دبانا، خصوصی طور پر جبکہ وہ اپنا دینی بھائی مسلمان ہواتنا بڑا جرم ہے (جبکہ اس کےلیے اللہ کی جھوٹی قسم بھی اٹھائی گئی ہو، یہ حق معمولی ہو یا زیادہ)
کہ اس کا مرتکب، اسلام جو ہمدردی اور خیر خواہی کا نام ہے کو پامال کرتا ہے۔
اور اللہ کے مقام ومرتبہ کی بے حرمتی کرتاہے، اس لیے اگر اس کو معافی نہ مل سکے تو وہ اس سزا کا مستحق ہے کہ دوزخ میں جائے، اور سیدھا جنت میں جانے کے شرف سے محروم ہو جائے۔