صحيح البخاري
كتاب الحج— کتاب: حج کے مسائل کا بیان
بَابُ مَنْ صَلَّى الْعَصْرَ يَوْمَ النَّفْرِ بِالأَبْطَحِ: باب: اس سے متعلق جس نے روانگی کے دن عصر کی نماز ابطح میں پڑھی۔
حَدَّثَنَا عَبْدُ الْمُتَعَالِ بْنُ طَالِبٍ ، حَدَّثَنَا ابْنُ وَهْبٍ ، قَالَ : أَخْبَرَنِي عَمْرُو بْنُ الْحَارِثِ ، أَنَّ قَتَادَةَ حَدَّثَهُ ، أَنَّ أَنَسَ بْنَ مَالِكٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ حَدَّثَهُ ، " عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، أَنَّهُ صَلَّى الظُّهْرَ وَالْعَصْرَ وَالْمَغْرِبَ وَالْعِشَاءَ وَرَقَدَ رَقْدَةً بِالْمُحَصَّبِ ، ثُمَّ رَكِبَ إِلَى البيت فَطَافَ بِهِ " .´ہم سے عبدالمتعال بن طالب نے بیان کیا ، انہوں نے کہا کہ ہم سے ابن وہب نے بیان کیا ، انہوں نے کہا کہ مجھے عمرو بن حارث نے خبر دی ، ان سے قتادہ نے بیان کیا اور ان سے انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ` ظہر ، عصر ، مغرب ، عشاء نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پڑھی اور تھوڑی دیر کے لیے محصب میں سو رہے ، پھر بیت اللہ کی طرف سوار ہو کر گئے اور طواف کیا ۔ ( یہاں طواف الزیارۃ مراد ہے ) ۔
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ ہی سے روایت ہے، وہ نبی کریم ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازیں وادی محصب میں ادا کیں، اس کے بعد وہاں تھوڑی سی نیند فرمائی، پھر سوار ہو کر بیت اللہ کی طرف تشریف لے گئے اور اس کا طواف کیا۔
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
محصب، ابطح، بطحاء، ذی طویٰ اور خیف بنو کنانہ ایک ہی چیز ہے۔
مکہ اور منیٰ کے درمیان ایک وسیع میدان کا نام ہے۔
(2)
امام بخاری ؒ کا مقصود یہ ہے کہ حج سے فراغت کے بعد وادئ ابطح میں نماز عصر پڑھنا مشروع ہے لیکن اس کا مناسک حج سے کوئی تعلق نہیں۔
روایت میں جس طواف کا ذکر ہے وہ طواف وداع ہے۔
حضرت انس ؓ نے اپنے شاگرد کو تلقین فرمائی کہ ایسی باتوں کو بنیاد بنا کر اپنے حکام کی مخالفت نہیں کرنی چاہیے بلکہ ان کی اطاعت کر ہر مقام پر ترجیح دی جائے بشرطیکہ کتاب و سنت کے خلاف نہ ہو۔
اس کی مزید وضاحت اگلے باب میں آئے گی۔