صحيح البخاري
كتاب الحج— کتاب: حج کے مسائل کا بیان
بَابُ مَنْ رَمَى جَمْرَةَ الْعَقَبَةِ فَجَعَلَ الْبَيْتَ عَنْ يَسَارِهِ: باب: اس شخص کے متعلق جس نے جمرہ عقبہ کی رمی کی تو بیت اللہ کو اپنی بائیں طرف کیا۔
حَدَّثَنَا آدَمُ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، حَدَّثَنَا الْحَكَمُ ، عَنْ إِبْرَاهِيمَ ، عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ يَزِيدَ ، " أَنَّهُ حَجَّ مَعَ ابْنِ مَسْعُودٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، فَرَآهُ يَرْمِي الْجَمْرَةَ الْكُبْرَى بِسَبْعِ حَصَيَاتٍ ، فَجَعَلَ البيت عَنْ يَسَارِهِ وَمِنًى عَنْ يَمِينِهِ ، ثُمَّ قَالَ : هَذَا مَقَامُ الَّذِي أُنْزِلَتْ عَلَيْهِ سُورَةُ الْبَقَرَةِ " .´ہم سے آدم بن ابی ایاس نے بیان کیا ، کہا کہ ہم سے شعبہ نے بیان کیا ، ان سے حکم بن عتبہ نے بیان کیا ، ان سے ابراہیم نخعی نے ، ان سے عبدالرحمٰن بن یزید نے کہ` انہوں نے عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے ساتھ حج کیا انہوں نے دیکھا جمرہ عقبہ کی سات کنکریوں کے ساتھ رمی کے وقت آپ نے بیت اللہ کو تو اپنی بائیں طرف اور منی کو دائیں طرف کر لیا پھر فرمایا کہ یہی ان کا بھی مقام تھا جن پر سورۃ البقرہ نازل ہوئی تھی یعنی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ۔
حضرت عبدالرحمان بن یزید رحمہ اللہ سے روایت ہے، انہوں نے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے ساتھ حج کیا تو دیکھا کہ انہوں نے بیت اللہ کو بائیں جانب اور منیٰ کو دائیں جانب کر کے جمرہ کبریٰ کو سات کنکریاں ماریں، پھر فرمایا: یہ اس ستودہ صفات ﷺ کے کھڑے ہونے کی جگہ ہے جن پر سورہ بقرہ نازل ہوئی تھی۔
تشریح، فوائد و مسائل
جمرات کی رمی کرنا یہ اس وقت کی یادگار ہے جب کہ حضرت اسماعیل ؑ کو بہکانے کے لیے ان مقامات پر شیطان ظاہر ہوا تھا اور حضرت اسماعیل ؑ کو ارشاد الٰہی کی تعمیل سے روکنے کی کوشش کی تھی۔
ان تینوں مقامات پر بطور نشان پتھروں کے مینارے سے بنا دئے گئے ہیں اور ان ہی پرمقررہ شرائط کے ساتھ کنکریاں مار کر گویا شیطان مردود کو رجم کیا جاتا ہے اور حاجی گویا اس بات کا عہد کرتا ہے کہ وہ شیطان مردود کی مخالفت اور ارشاد الٰہی کی اطاعت میں پیش پیش رہے گا اور تاعمر اس یادگار کو فراموش نہ کرکے اپنے آپ کو ملت ابراہیمی کا سچا پیرو کار ثابت کرنے کی کوشش کرے گا۔
جمرہ عقبہ کو جمرہ کبریٰ بھی کہتے ہیں اور یہ جہت مکہ میں منی کی آخری حد پر واقع ہے۔
آپ ﷺ نے ہجرت کے لیے انصار سے اسی جگہ بیعت لی تھی۔
حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ جمرہ عقبہ کی رمی سے فارغ ہو کر یہ دعا پڑھا کرتے تھے۔
اللهم اجعله حجا مبروراً و ذنبا مغفوراً۔
(1)
جمرۂ عقبہ کو جمرۂ کبریٰ بھی کہتے ہیں۔
منیٰ میں تین جمرات ہیں جنہیں رمی کی جاتی ہے۔
ان تینوں مقامات پر بطور نشانات مینارے بنا دیے گئے ہیں۔
انہیں مقررہ شرائط کے ساتھ کنکریاں مار کر گویا شیطان مردود کو رجم کیا جاتا ہے اور اس بات کا عہد کیا جاتا ہے کہ ہم آئندہ زندگی میں شیطان مردود کی مخالفت اور احکام الٰہی کی اطاعت میں پیش پیش رہیں گے۔
(2)
جمرۂ عقبہ مکہ کی طرف منیٰ کی آخری حد پر واقع ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے اسے رمی کرتے وقت مکہ مکرمہ کو بائیں جانب اور منیٰ کو دائیں جانب کیا تھا۔
رمی کرنے کا مسنون طریقہ یہی ہے، البتہ جائز ہے کہ مکہ مکرمہ کو پچھلی جانب اور منیٰ کو آگے کر کے رمی کی جائے۔
اسی طرح بیت اللہ کی طرف منہ کر کے اور منیٰ کو اپنی پچھلی جانب کر کے بھی رمی کی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ یہ بات بھی مدنظر رہے کہ رمی کرنا ضروری ہے، وہاں کنکر رکھ دینے سے کام نہیں چلے گا۔
واللہ أعلم