صحيح البخاري
كتاب الحج— کتاب: حج کے مسائل کا بیان
بَابُ نَحْرِ الْبُدْنِ قَائِمَةً: باب: اونٹوں کو کھڑا کر کے نحر کرنا۔
حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ ، حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ ، عَنْ أَيُّوبَ ، عَنْ أَبِي قِلَابَةَ ، عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، قَالَ : " صَلَّى النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الظُّهْرَ بِالْمَدِينَةِ أَرْبَعًا ، وَالْعَصْرَ بِذِي الْحُلَيْفَةِ رَكْعَتَيْنِ ، وَعَنْ أَيُّوبَ ، عَنْ رَجُلٍ ، عَنْ أَنَسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، ثُمَّ بَاتَ حَتَّى أَصْبَحَ ، فَصَلَّى الصُّبْحَ ، ثُمَّ رَكِبَ رَاحِلَتَهُ حَتَّى إِذَا اسْتَوَتْ بِهِ الْبَيْدَاءَ أَهَلَّ بِعُمْرَةٍ وَحَجَّةٍ " .´ہم سے مسدد نے بیان کیا ، انہوں نے کہا ہم سے اسماعیل بن علیہ نے بیان کیا ، ان سے ایوب نے ، ان سے ابوقلابہ نے اور ان سے انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ظہر کی نماز مدینہ میں چار رکعت اور عصر کی ذو الحلیفہ میں دو رکعات پڑھی تھیں ۔ ایوب نے ایک شخص کے واسطہ سے بروایت انس رضی اللہ عنہ کہا پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وہیں رات گزاری ۔ صبح ہوئی تو فجر کی نماز پڑھی اور اپنی اونٹنی پر سوار ہو گئے ، پھر جب مقام بیداء پہنچے تو عمرہ اور حج دونوں کا نام لے کر لبیک پکارا ۔
تشریح، فوائد و مسائل
(وحیدی)
(1)
اس حدیث میں اونٹوں کو نحر کرنے کی کیفیت بیان ہوئی ہے کہ انہیں کھڑے کھڑے نحر کیا گیا۔
امام بخارى ؒ یہی بات ثابت کرنا چاہتے ہیں۔
جب اس عنوان کو پہلے عنوان کے ساتھ ملایا جائے تو یہ صورت سامنے آتی ہے کہ اونٹ کا ایک بازو باندھا جائے، پھر کھڑے کھڑے اسے نحر کیا جائے۔
(2)
اس سلسلے میں امام بخاری ؒ نے ایک دوسری روایت کا بھی حوالہ دیا ہے۔
معلوم ہوتا ہے کہ ایوب سے بیان کرنے والے وہیب اور اسماعیل بن علیہ دو راوی ہیں۔
وہیب نے ایک ہی سند سے یہ روایت بیان کی ہے جبکہ اسماعیل کے ہاں اس حدیث کی دو اسناد ہیں: ایک میں ابو قلابہ کی صراحت ہے جبکہ دوسری سند میں ایک مجہول راوی ہے۔
ممکن ہے کہ وہ ابو قلابہ ہی ہو۔
بہرحال یہ روایت وہیب نے پورے جزم اور وثوق سے بیان کی ہے جبکہ اسماعیل کو شک گزرا ہے یا بھول گئے ہیں۔
چونکہ یہ روایت تائید کے لیے ہے، اس لیے نقصان دہ نہیں ہے۔
(فتح الباري: 700/3)
واللہ أعلم
امام احمد نے مرفوعاً حضرت ابوہریرہ ؓ سے نقل کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھ کو لبیک پکار کر کہنے کا حکم دیا ہے۔
اب لبیک کہنا امام شافعی اور امام احمد کے نزدیک سنت ہے اور امام ابو حنیفہ کے نزدیک بغیر لبیک کہے احرام پورا نہ ہوگا۔
آخری جملہ کا مطلب یہ ہے کہ حج قران کی نیت کرنے والے لبیك بحجة وعمرة پکار رہے تھے۔
پس قران والوں کوجو حج وعمرہ ہر دو ملا کر کرنا چاہتے ہوں وہ ایسے ہی لبیک پکاریں۔
اور خالی حج کرنے والے لبیك بحجة کہیں اور خالی عمرہ کرنے والے لبیك بعمرة کے الفاظ پکاریں حافظ ابن حجر فرماتے ہیں: فیه حجة للجمهور في استحباب رفع الأصوات بالتلبیة وقدروی مالك في الموطأ وأصحاب السنن وصححه الترمذي وابن خزیمة والحاکم من طریق خلاد بن السائب عن أبیه مرفوعا جاءني جبرئیل فأمرني أن آمر أصحابي یرفعون أصواتهم بالإ ہلال۔
یعنی لبیک کے ساتھ آواز بلند کرنا مستحب ہے۔
مؤطا وغیرہ میں مرفوعاً مروی ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میرے پاس جبرئیل علیہ السلام آئے اور فرمایا کہ اپنے اصحاب سے کہہ دیجئے کہ لبیک کے ساتھ آواز بلند کریں۔
پس اصحاب کرام اس قدر بلند آواز سے لبیک پکارا کرتے کہ پہاڑ گونجنے لگ جاتے لبیك اللهم کے معنی یا اللہ! میں تیری عبادت پر قائم ہوں اور تیرے بلانے پر حاضر ہوا ہوں یا میرا اخلاص تیرے ہی لئے ہے، میں تیری طرف متوجہ ہوں۔
تیری بارگاہ میں حاضر ہوں۔
لبیک اس دعوت کی قبولیت ہے جو تکمیل عمارت کعبہ کے بعد حضرت ابراہیم ؑ نے ﴿وَأَذن فِي الناسِ بِالحجِ﴾ کی تعمیل میں پکاری تھی کہ لوگو! آؤ اللہ کا گھر بن گیا ہے پس اس آواز پر ہر حاجی لبیک پکارتا ہے کہ میں حاضر ہوگیا ہوں یا یہ کہ غلام حاضر ہے۔
(1)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ حج و عمرہ کے لیے تلبیہ اونچی آواز سے کہا جا سکتا ہے۔
جمہور کے نزدیک ایسا کرنا مستحب ہے۔
ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’جبرائیل ؑ نے مجھے بآواز بلند تلبیہ کہنے کا پیغام دیا کیونکہ یہ حج کا شعار ہے۔
‘‘ (صحیح ابن خزیمة: 174/4)
اسی طرح ابن ابی شیبہ نے صحیح سند سے روایت کیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اس قدر بلند آواز سے تلبیہ کہتے تھے کہ ان کی آواز بیٹھ جاتی تھی۔
(المصنف لابن أبي شیبة: 549/5) (2)
امام ترمذی حضرت ابوبکر صدیق ؓ سے روایت بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ سے افضل حج کے متعلق دریافت کیا گیا تو آپ ﷺ نے فرمایا: ’’بلند آواز سے تلبیہ کہنا اور جانوروں کو ذبح کرنا۔
‘‘ (جامع الترمذي، الحج، حدیث: 827)
(1)
امام بخاری ؒ کا مقصد یہ ہے کہ تلبیہ سے پہلے اللہ کی تسبیح و تحمید اور تکبیر کہنا مستحب ہے، نیز ان لوگوں کی تردید کرنا مقصود ہے جو تلبیہ کے بغیر صرف تسبیح و تحمید ہی کو کافی سمجھتے ہیں کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے سوار ہو کر پہلے سبحان الله، الحمدلله اور الله أكبر کہا ہے۔
اس کے بعد تلبیہ ادا کیا ہے۔
اس کا مطلب ہے کہ صرف تسبیح و تحمید کافی نہیں۔
(فتح الباري: 519/3) (2)
صحیح مسلم کی روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ظہر کی نماز ذوالحلیفہ میں پڑھی، پھر اپنی قربانی کا شعار کیا اور سواری پر سوار ہوئے۔
جب وہ میدان بیداء کی چڑھائی طے کرنے لگی تو آپ ﷺ نے تلبیہ کہا جبکہ سنن نسائی میں ہے کہ آپ ﷺ نے نماز ظہر میدان بیداء میں پڑھی پھر سوار ہوئے۔
ان مختلف روایات میں تطبیق کی یہ صورت ہے کہ آپ نے نماز ظہر ذوالحلیفہ کے آخری حصے اور بیداء کے ابتدائی حصے میں پڑھی تھی۔
(فتح الباري: 519/3)
واللہ أعلم
انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ میں ظہر چار رکعت اور ذی الحلیفہ میں عصر دو رکعت ادا کی، پھر ذی الحلیفہ میں رات گزاری یہاں تک کہ صبح ہو گئی، جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی سواری پر بیٹھے اور وہ آپ کو لے کر سیدھی ہو گئی تو آپ نے تلبیہ پڑھا۔ [سنن ابي داود/كتاب المناسك /حدیث: 1773]
انس بن مالک رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ظہر کی نماز بیداء میں پڑھی، پھر سوار ہوئے اور بیداء پہاڑ پر چڑھے، اور ظہر کی نماز پڑھ کر حج و عمرے کا احرام باندھا۔ [سنن نسائي/كتاب مناسك الحج/حدیث: 2663]