حدیث نمبر: 1009
حَدَّثَنَا مَطَرُ بْنُ الْفَضْلِ، قَالَ‏:‏ حَدَّثَنَا رَوْحُ بْنُ عُبَادَةَ، قَالَ‏:‏ حَدَّثَنَا بِسْطَامٌ قَالَ‏:‏ سَمِعْتُ مُعَاوِيَةَ بْنَ قُرَّةَ قَالَ‏:‏ قَالَ لِي أَبِي‏:‏ يَا بُنَيَّ، إِنْ كُنْتَ فِي مَجْلِسٍ تَرْجُو خَيْرَهُ، فَعَجِلَتْ بِكَ حَاجَةٌ فَقُلْ‏:‏ سَلاَمٌ عَلَيْكُمْ، فَإِنَّكَ تَشْرَكُهُمْ فِيمَا أَصَابُوا فِي ذَلِكَ الْمَجْلِسِ، وَمَا مِنْ قَوْمٍ يَجْلِسُونَ مَجْلِسًا فَيَتَفَرَّقُونَ عَنْهُ لَمْ يُذْكَرِ اللَّهُ، إِلاَّ كَأَنَّمَا تَفَرَّقُوا عَنْ جِيفَةِ حِمَارٍ‏.‏
ترجمہ:مولانا عثمان منیب

سیدنا معاویہ بن قرہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ مجھ سے میرے والد محترم نے کہا: میرے بیٹے! اگر تم کسی ایسی مجلس میں ہو جس کی خیر کی تمہیں امید ہو اور پھر تمہیں کسی ضرورت کے پیش نظر جلدی جانا پڑے تو «السلام علیکم» کہہ کر جاؤ۔ اس طرح تم اس خیر میں شریک ہو جاؤ گے جو اہل مجلس کو پہنچے گی۔ اور جو قوم کسی مجلس میں بیٹھے اور بغیر اللہ کا ذکر کیے آپس میں جدا جدا ہو جائیں تو وہ ایسے ہیں جیسے مردہ گدھے سے اٹھ کر گئے ہیں۔

حوالہ حدیث الادب المفرد / كتاب السلام / حدیث: 1009
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح موقوف
تخریج حدیث «صحيح موقوف : سنن أبى داؤد ، الأدب ، ح : 4855 و جامع الترمذي ، الدعوات ، ح : 3380»

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ مولانا عثمان منیب
1
فوائد ومسائل:
(۱)اس سے معلوم ہوا کہ اچھی مجلس میں شرکت باعث ثواب ہے اور اگر کوئی شخص مذکورہ آداب کا خیال رکھتے ہوئے ضرورت کے تحت اٹھ کر چلا جائے تو بھی اسے برابر ثواب ملتا رہے گا۔
(۲) ذکر والا جملہ مرفوعاً بھی صحیح ہے۔ ایک روایت میں ہے کہ جس مجلس میں اللہ کا ذکر نہ کیا جائے اور نہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پڑھا جائے تو یہ بیٹھنا اہل مجلس کے لیے ندامت اور پریشانی کا باعث ہوگا۔ اگر اللہ چاہے تو انہیں عذاب دے اور چاہے تو معاف فرما دے۔ (سنن الترمذی، ح:۳۴۴۰، سلسلة الاحادیث الصحیحة، ح:۷۴)
درج بالا اقتباس فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 1009 سے ماخوذ ہے۔