سنن ابي داود
أبواب تفريع استفتاح الصلاة— ابواب: نماز شروع کرنے کے احکام ومسائل
باب قَدْرِ الْقِرَاءَةِ فِي الْمَغْرِبِ باب: مغرب میں پڑھی جانے والی سورتوں کا بیان۔
حَدَّثَنَا الْحَسَنُ بْنُ عَلِيٍّ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ ، عَنْ ابْنِ جُرَيْجٍ ، حَدَّثَنِي ابْنُ أَبِي مُلَيْكَةَ ، عَنْ عُرْوَةَ بْنِ الزُّبَيْرِ ، عَنْ مَرْوَانَ بْنِ الْحَكَمِ ، قَالَ : قَالَ لِي زَيْدُ بْنُ ثَابِتٍ : مَا لَكَ تَقْرَأُ فِي الْمَغْرِبِ بِقِصَارِ الْمُفَصَّلِ ، وَقَدْ رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقْرَأُ فِي الْمَغْرِبِ بِطُولَى الطُّولَيَيْنِ ؟ قَالَ : قُلْتُ : مَا طُولَى الطُّولَيَيْنِ ؟ قَالَ : الْأَعْرَافُ ، وَالْأُخْرَى الْأَنْعَامُ " . قَالَ : وَسَأَلْتُ أَنَا ابْنَ أَبِي مُلَيْكَةَ ، فَقَالَ لِي مِنْ قِبَلِ نَفْسِهِ : الْمَائِدَةُ ، وَالْأَعْرَافُ .
´مروان بن حکم کہتے ہیں کہ` زید بن ثابت رضی اللہ عنہ نے مجھ سے کہا : کیا وجہ ہے کہ تم مغرب میں قصار مفصل پڑھا کرتے ہو ؟ حالانکہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو مغرب میں دو لمبی لمبی سورتیں پڑھتے ہوئے دیکھا ہے ، مروان کہتے ہیں : میں نے ( ان سے ) پوچھا : وہ دو لمبی لمبی سورتیں کون سی ہیں ؟ انہوں نے کہا سورۃ الاعراف اور دوسری سورۃ الانعام ہے ۔ ابن جریج کہتے ہیں : میں نے ابن ابی ملیکہ سے پوچھا : تو انہوں نے مجھ سے خود اپنی طرف سے کہا : وہ سورۃ المائدہ اور اعراف ہیں ۔
مروان بن حکم سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ سیدنا زید بن ثابت رضی اللہ عنہ نے مجھ سے کہا: ”کیا وجہ ہے کہ تم مغرب میں قصار مفصل (آخری چھوٹی سورتیں ہی) پڑھتے ہو حالانکہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو سنا ہے کہ آپ ﷺ مغرب میں دو لمبی لمبی سورتوں میں سے لمبی سورت پڑھتے تھے۔“ (مروان) نے کہا: ”دو لمبی سورتیں کون سی ہیں؟“ کہا: ”اعراف اور انعام۔“ اور میں (ابن جریج) نے ابن ابی ملیکہ سے پوچھا تو مجھے انہوں نے اپنی طرف سے کہا کہ: ”مائدہ اور اعراف۔“
تشریح، فوائد و مسائل
مروان بن حکم کہتے ہیں کہ زید بن ثابت رضی اللہ عنہ نے مجھ سے کہا: کیا وجہ ہے کہ تم مغرب میں قصار مفصل پڑھا کرتے ہو؟ حالانکہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو مغرب میں دو لمبی لمبی سورتیں پڑھتے ہوئے دیکھا ہے، مروان کہتے ہیں: میں نے (ان سے) پوچھا: وہ دو لمبی لمبی سورتیں کون سی ہیں؟ انہوں نے کہا سورۃ الاعراف اور دوسری سورۃ الانعام ہے۔ ابن جریج کہتے ہیں: میں نے ابن ابی ملیکہ سے پوچھا: تو انہوں نے مجھ سے خود اپنی طرف سے کہا: وہ سورۃ المائدہ اور اعراف ہیں۔ [سنن ابي داود/أبواب تفريع استفتاح الصلاة /حدیث: 812]
➊ ان احادیث سے ثابت ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مختلف مواقع پر لمبی قرأت بھی کی ہے۔ امام کو اپنے مقتدیوں کا خیال رکھتے ہوئے قرأت اختیار کرنی چاہیے۔
➋ سورۃ حجرات سے آخر قرآن تک کی سورتوں کو مفصل سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ اس لئے کہ ان میں «بسم الله» سے فصل کا تکرار ہے۔ سورہ «لم يكن» سے آخر تک "قصار مفصل"، سورہ بروج سے «لم يكن» تک "اوساط مفصل" اور سورۃ حجرات سے بروج تک "طوال مفصل" کہلاتی ہیں۔
(1)
دیگر روایات میں وضاحت ہے کہ مروان بن حکم اس وقت مدینے کا گورنر تھا اور اس نے نماز مغرب میں سورۂ اخلاص اور سورۂ کوثر پڑھیں۔
اس پر حضرت زید بن ثابت ؓ نے رسول اللہ ﷺ کے عمل سے تنبیہ فرمائی۔
(سنن النسائي، الصلاة، حدیث: 990)
روایت میں دو بڑی سورتوں میں سے بڑی سورت کی صراحت بھی ہے کہ وہ سورۂ اعراف ہے۔
(سنن النسائي، الصلاة، حدیث: 991)
نیز راوی نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے مغرب کی پہلی دونوں رکعتوں میں سورۂ اعراف پڑھی تھی، یعنی کچھ حصہ پہلی رکعت میں اور کچھ حصہ دوسری رکعت میں تلاوت فرمایا۔
(سنن النسائي، الصلاة، حدیث: 992)
(2)
قرآنی سورتوں کی چھوٹی بڑی ہونے کے اعتبار سے چار اقسام ہیں: ٭سبع طوال: سات لمبی سورتیں۔
اس سے مراد سورۂ بقرہ سے سورۂ توبہ تک سات سورتیں ہیں۔
واضح رہے کہ مضمون کے اعتبار سے سورۂ انفال اور سورۂ توبہ کو ایک ہی شمار کیا گیا ہے۔
٭مئین: اس سے مراد وہ سورتیں ہیں جن کی آیات کم ازکم سویا اس سے زیادہ ہوں۔
یہ سورۂ یونس سے سورۂ طہ تک ہیں۔
٭مثانی: وہ سورتیں جن کی آیات سو سے کم ہوں۔
یہ سورتیں سورۂ انبیاء سے سورۂ فتح تک ہیں۔
٭ مفصل: اس سے مراد وہ سورتیں ہیں جن میں بکثرت بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ کے ذریعے سے فاصلہ آیا ہے۔
ان کی تین اقسام ہیں: ٭ طوال مفصل: سورۂ ق سے سورۂ عم یتساءلون تک۔
٭ اوساط مفصل: سورۂ نازعات سے سورۂ والضحیٰ تک۔
٭قصار مفصل: سورۂ الم نشرح سے سورۂ ناس تک۔
(الإتقان في علوم القرآن للسیوطي،النوع الثامن عشر في جمعه وترتیبه: 1/199۔
203، طبع دار ابن کثیر)
عام طور پر رسول اللہ ﷺ کی عادت مبارک تھی کہ وہ نماز فجر میں طوال مفصل، عشاء میں اوساط مفصل اور مغرب میں قصار مفصل پڑھتے تھے۔
جیسا کہ حضرت ابوہریرہ ؓ سے مروی ایک حدیث میں ہے۔
(سنن النسائي، الصلاة، حدیث: 983)
لیکن امام کو اپنے مقتدی کا ضرور خیال رکھنا چاہیے کہ اس کی قراءت ان کے لیے بار خاطر نہ ہو۔
رسول اللہ ﷺ نے اس سلسلے میں متعدد انداز سے ہماری رہنمائی فرمائی ہے۔
عروہ بن زبیر کہتے ہیں کہ مروان بن حکم نے انہیں خبر دی کہ زید بن ثابت رضی اللہ عنہ کہنے لگے کہ کیا بات ہے کہ میں مغرب میں تمہیں چھوٹی سورتیں پڑھتے دیکھتا ہوں، حالانکہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس نماز میں دو بڑی سورتوں میں جو زیادہ بڑی سورت ہے اسے پڑھتے دیکھا ہے، میں نے پوچھا: اے ابوعبداللہ! دو بڑی سورتوں میں سے زیادہ بڑی سورت کون سی ہے؟ انہوں نے کہا: اعراف۔ [سنن نسائي/باب سجود القرآن/حدیث: 991]
زید بن ثابت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے مروان سے پوچھا: اے ابوعبدالملک! کیا تم مغرب میں «قل هو اللہ أحد» اور «إنا أعطيناك الكوثر» پڑھتے ہو؟ تو انہوں نے کہا: جی ہاں! تو انہوں نے کہا: اللہ کی قسم! میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس میں «المص» جو دو لمبی سورتوں (انعام اور اعراف) میں زیادہ لمبی ہے (سورۃ الاعراف) پڑھتے دیکھا ہے۔ [سنن نسائي/باب سجود القرآن/حدیث: 990]