سنن ابي داود
كتاب الأدب— کتاب: آداب و اخلاق کا بیان
باب فِي التَّشْدِيدِ فِي الْكَذِبِ باب: جھوٹ بولنے کی شناعت کا بیان۔
حَدَّثَنَا حَفْصُ بْنُ عُمَرَ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ . ح وحَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْحُسَيْنِ ، حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ حَفْصٍ ، قَالَ : حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ خُبَيْبِ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ ، عَنْ حَفْصِ بْنِ عَاصِمٍ ، قَالَ ابْنُ حُسَيْنٍ فِي حَدِيثِهِ , عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، أَنّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " كَفَى بِالْمَرْءِ إِثْمًا أَنْ يُحَدِّثَ بِكُلِّ مَا سَمِعَ " , قال أبو داود : وَلَمْ يَذْكُرْ حَفْصٌ أَبَا هُرَيْرَةَ ، قَالَ أبو داود : وَلَمْ يُسْنِدْهُ إِلَّا هَذَا الشَّيْخُ يَعْنِي عَلِيَّ بْنَ حَفْصٍ الْمَدَائِنِيَّ .
´ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” آدمی کے گنہگار ہونے کے لیے کافی ہے کہ وہ ہر سنی سنائی بات ( بلا تحقیق ) بیان کرے “ ۔ ابوداؤد کہتے ہیں : حفص نے ابوہریرہ کا ذکر نہیں کیا ، ابوداؤد کہتے ہیں : اسے صرف اسی شیخ یعنی علی بن حفص المدائنی نے ہی مسند کیا ہے ۔
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”کسی آدمی کے گناہگار ہونے کے لیے یہی بات کافی ہے کہ وہ ہر سنی سنائی بات بیان کرتا رہے۔“ امام ابوداؤد رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ ”حفص بن عمر کی روایت میں ابوہریرہ کا ذکر نہیں (روایت مرسل ہے)۔“ امام ابوداؤد رحمہ اللہ کہتے ہیں: ”اور اسے صرف علی بن حفص مدائنی نے مسند روایت کیا ہے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " آدمی کے گنہگار ہونے کے لیے کافی ہے کہ وہ ہر سنی سنائی بات (بلا تحقیق) بیان کرے۔" ابوداؤد کہتے ہیں: حفص نے ابوہریرہ کا ذکر نہیں کیا، ابوداؤد کہتے ہیں: اسے صرف اسی شیخ یعنی علی بن حفص المدائنی نے ہی مسند کیا ہے۔ [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 4992]
مقدمہ صحیح مسلم میں روایت ہے: (كفٰی بالمرءِ كذبًا أن يحدثِ بكل ماسمع) آدمی کے جھوٹا ہونا کے لیے یہی کافی ہے کہ وہ ہرسنی سنائی بات بیان کرتاہے۔
(صحیح مسلم، المقدمة، حديث)
عام طور پر لوگ ہر قسم کی جھوٹی اور سچی باتیں کرتے رہتے ہیں، اس لیے اگر انسان ہر سنی سنائی بات بلا تحقیق بیان کرے گا، تو وہ لازما جھوٹ بولے گا، اس لیے بلاسوچے سمجھے ہر کسی کی بات نقل کر دینا درست نہیں ہے۔
«. . . وَعَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «كَفَى بِالْمَرْءِ كَذِبًا أَنْ يُحَدِّثَ بِكُلِّ مَا سمع» . رَوَاهُ مُسلم . . .»
". . . سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "انسان کے جھوٹ بولنے کے لیے بس یہی کافی ہے کہ جس بات کو سنے (بغیر تحقیق کے) اسے بیان کر دے۔" اس حدیث کو مسلم نے روایت کیا ہے۔ . . ." [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْإِيمَانِ: 156]
[صحيح مسلم 7]
فقہ الحدیث:
➊ صرف صحیح روایات بطور استدلال بیان کرنی چاہئیں۔
➋ ضعیف و مردود روایات بیان کرنا جائز نہیں ہے۔
➌ زندگی گزارنے کا یہ اصول ہونا چاہئیے کہ آدمی ہر وقت احتیاط اور تحقیق سے کام لے، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ پنجابی زبان کے محاورے "لائی لگ" کی طرح ہر سنی سنائی بات کے پیچھے دوڑتا پھرے اور پھر ہلاکت کے گڑھے میں جا گرے۔
➍ حدیث حجت ہے۔