سنن ابوداود — حدیث نمبر 4815
باب: راستوں میں بیٹھنے کے حقوق و آداب کا بیان۔
باب فِي الْجُلُوسِ فِي الطُّرُقَاتِ
حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مَسْلَمَةَ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الْعَزِيزِ يَعْنِي ابْنَ مُحَمَّدٍ ، عَنْ زَيْدٍ يَعْنِي ابْنَ أَسْلَمَ ، عَنْ عَطَاءِ بْنِ يَسَارٍ ، عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ ، أَنّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : إِيَّاكُمْ وَالْجُلُوسَ بِالطُّرُقَاتِ , قَالُوا : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، مَا بُدَّ لَنَا مِنْ مَجَالِسِنَا نَتَحَدَّثُ فِيهَا ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : إِنْ أَبَيْتُمْ فَأَعْطُوا الطَّرِيقَ حَقَّهُ ، قَالُوا : وَمَا حَقُّ الطَّرِيقِ يَا رَسُولَ اللَّهِ ؟ قَالَ : غَضُّ الْبَصَرِ ، وَكَفُّ الْأَذَى ، وَرَدُّ السَّلَامِ ، وَالْأَمْرُ بِالْمَعْرُوفِ وَالنَّهْيُ عَنِ الْمُنْكَرِ ".
´ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” تم لوگ راستوں میں بیٹھنے سے بچو “ لوگوں نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! ہمیں اپنی مجالس سے مفر نہیں ہم ان میں ( ضروری امور پر ) گفتگو کرتے ہیں ، آپ نے فرمایا : ” پھر اگر تم نہیں مانتے تو راستے کا حق ادا کرو “ لوگوں نے عرض کیا : راستے کا حق کیا ہے ؟ اللہ کے رسول ! آپ نے فرمایا : ” نگاہ نیچی رکھنا ، ایذاء نہ دینا ، سلام کا جواب دینا ، نیکی کا حکم دینا اور برائی سے روکنا “ ۔
سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”راستوں پر بیٹھنے سے احتراز کرو۔“ لوگوں نے کہا: ”اے اللہ کے رسول! ہمیں تو اس سے چارہ نہیں ہے، ہم نے آپس میں بات چیت کرنی ہوتی ہے،“ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اگر اس سے انکار کرتے ہو تو پھر راستے کے حق کا خیال رکھو۔“ انہوں نے پوچھا: ”اے اللہ کے رسول! راستے کا کیا حق ہے؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”نظر نیچی رکھنا، تکلیف دہ چیز کا ہٹا دینا، سلام کا جواب دینا، بھلی بات کہنا اور برائی سے روکنا۔“
تشریح، فوائد و مسائل
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تم لوگ راستوں میں بیٹھنے سے بچو " لوگوں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! ہمیں اپنی مجالس سے مفر نہیں ہم ان میں (ضروری امور پر) گفتگو کرتے ہیں، آپ نے فرمایا: " پھر اگر تم نہیں مانتے تو راستے کا حق ادا کرو " لوگوں نے عرض کیا: راستے کا حق کیا ہے؟ اللہ کے رسول! آپ نے فرمایا: " نگاہ نیچی رکھنا، ایذاء نہ دینا، سلام کا جواب دینا، نیکی کا حکم دینا اور برائی سے روکنا۔" [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 4815]
راستوں اور چوکوں پر بلاوجہ معقول دھرنا مار کر بیٹھےرہنا شریفاء کا کام نہیں۔
ضرورت اور مجبوری کی کیفیت الگ چیز ہے۔
اس سے پردہ دار خواتین کو بالخصوص اذیت ہوتی ہے۔
اصحابِ مجلس اگر دین و تقوٰی سے موصوف نہ ہوں تو راہ گزرنے والوں پر بے جا تبصرے بھی ہوتے ہیں جو مسلمانوں کو کسی طرح بھی زیب نہیں دیتا۔
اور اگر کوئی بطور مہمان آیا ہو تو اس کے ساتھ سرِراہ ہی مجلس لگا لینا اس کا اکرام نہیں ہے۔
بہر حال سرِ راہ بیٹھنے کی صورت میں مندرجہ بالا شرعی ہدایات کا پاس رکھنا لازم ہے۔