حدیث نمبر: 2380
حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ ، حَدَّثَنَا عِيسَى بْنُ يُونُسَ ، حَدَّثَنَا هِشَامُ بْنُ حَسَّانَ ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ سِيرِينَ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " مَنْ ذَرَعَهُ قَيْءٌ وَهُوَ صَائِمٌ فَلَيْسَ عَلَيْهِ قَضَاءٌ ، وَإِنِ اسْتَقَاءَ فَلْيَقْضِ " ، قَالَ أَبُو دَاوُد : رَوَاهُ أَيْضًا حَفْصُ بْنُ غِيَاثٍ ، عَنْ هِشَامٍ ، مِثْلَهُ .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” جس کو قے ہو جائے اور وہ روزے سے ہو تو اس پر قضاء نہیں ، ہاں اگر اس نے قصداً قے کی تو قضاء کرے “ ۔ ابوداؤد کہتے ہیں : اسے حفص بن غیاث نے بھی ہشام سے اسی کے مثل روایت کیا ہے ۔

حوالہ حدیث سنن ابي داود / كتاب الصيام / حدیث: 2380
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: ضعيف, إسناده ضعيف, ترمذي (720) ابن ماجه (1676), ھشام بن حسان عنعن, وأخرج البيهقي (219/4) بأسانيد صحيحة عن ابن عمر قال :’’ من ذرعه القئ فلا قضاء عليه ومن استقاء فعليه القضاء ‘‘, انوار الصحيفه، صفحه نمبر 88
تخریج حدیث « سنن الترمذی/الصوم25 (720)، سنن ابن ماجہ/الصیام16 (1676)، (تحفة الأشراف: 14542)، وقد أخرجہ: سنن النسائی/ الکبری (3130)، حم(2/498)، سنن الدارمی/الصوم 25 (1770) (صحیح) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 720 | سنن ابن ماجه: 1676 | بلوغ المرام: 545

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عمر فاروق سعیدی
´روزہ دار قصداً قے کرے اس کے حکم کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس کو قے ہو جائے اور وہ روزے سے ہو تو اس پر قضاء نہیں، ہاں اگر اس نے قصداً قے کی تو قضاء کرے۔‏‏‏‏ ابوداؤد کہتے ہیں: اسے حفص بن غیاث نے بھی ہشام سے اسی کے مثل روایت کیا ہے۔ [سنن ابي داود/كتاب الصيام /حدیث: 2380]
فوائد ومسائل:
یہ روایت معنی صحیح ہے، اسی لیے بعض حضرات نے اسے صحیح کہا ہے۔

درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2380 سے ماخوذ ہے۔

✍️ حافظ زبیر علی زئی
کیا قے (یعنی اُلٹی) آنے سے روزے کی قضا ہے؟

جس شخص کو روزے کی حالت میں خود بخود قے (اُلٹی) آجائے تو اس پر روزے کی قضا نہیں ہے لیکن اگر کوئی شخص روزہ کی حالت میں جان بوجھ کر قے کرے تو اس پر قضا ہے۔

ایک حدیث میں آیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «مَنْ ذَرَعَهُ الْقَيْءُ وَهُوَ صَائِمٌ فَلَيْسَ عَلَيْهِ قَضَاءٌ‘ وَمَنِ اسْتَقَاءَ عَمْدًا فَلْيَقْضِ» جسے خود بخود قے آ جائے اور وہ روزے سے ہو تو اُس پر کوئی قضا نہیں ہے اور اگر جان بوجھ کر قے کرے تو اس پر (روزے کی) قضا ہے۔ [سنن ابي داود: 2380، سنن ابن ماجه: 1676]

اس روایت کو امام بخاری نے ’’ضعیف‘‘ لیکن ترمذی (720) ابن خزیمہ (1960، 1961) ابن حبان (الموارد: 907) حاکم (1/426، 427) اور ذہبی نے ’’صحیح‘‘ کہا ہے۔

ہماری تحقیق میں یہ روایت ضعیف ہے اور وجۂ ضعف صرف یہ ہے کہ اس میں ہشام بن حسان ’’مدلس‘‘ ہیں۔ دیکھئے [الفتح المبين فى تحقيق طبقات المدلسين 110/ 3، ص 65]
اور کسی سند میں سماع کی تصریح موجود نہیں ہے۔

لیکن پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ’’جو شخص روزے کی حالت میں جان بوجھ کر قے (اُلٹی) کرے تو اس پر قضا ضروری ہے اور جسے خود بخود قے آ جائے تو اس پر کوئی قضا نہیں ہے۔ ‘‘ [موطأ امام مالك ح 1 ص 304 ح 675 وسنده صحيح]

ایک اور روایت میں ہے کہ سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: «من ذرعه القئ فلا قضاء عليه و من استقاء فعليه القضاء» [السنن الكبريٰ للبيهقي 4/ 219 وسنده حسن]

اس کا مفہوم وہی ہے جو اوپر گزر چکا ہے۔

حافظ ابن المنذر نے اس مسئلے پر بھی سوائے حسن بصری کے ایک قول کے، اجماع نقل کیا ہے۔ [كتاب الاجماع ص 15، فقره: 125]

عرض ہے کہ اس اجماع کے خلاف حسن بصری کا قول اُن سے صحیح سند کے ساتھ ثابت نہیں ہے بلکہ صحیح سند کے ساتھ تو یہ ثابت ہے کہ امام حسن بصری نے فرمایا: جب روزہ دار کو خود بخود قے آ جائے تو روزہ نہ توڑے اور اگر جان بوجھ کر قے کرے تو اس کا روزہ ٹوٹ گیا۔ [مصنف ابن ابي شيبه 3/38ح 9190 وسنده صحيح]

خلاصہ یہ کہ یہ تینوں مسئلے ضعیف روایتوں سے نہیں بلکہ اجماع اور صحیح آثارِ صحابہ ومَن بعدھم سے ثابت ہیں۔ والحمد للہ

اصل مضمون کے لئے دیکھیں: محدّث العَصر حَافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ کی کتاب ’’تحقیقی اور علمی مقالات‘‘ جلد 2 صفحہ 279
اور ماہنامہ الحدیث شمارہ 53 صفحہ 29 مضمون ’’ضعیف روایات اور اُن کا حکم‘‘
درج بالا اقتباس تحقیقی و علمی مقالات للشیخ زبیر علی زئی، حدیث/صفحہ نمبر: 279 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 720 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´جان بوجھ کر قے کر دینے والے کے حکم کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جسے قے آ جائے اس پر روزے کی قضاء لازم نہیں ۱؎ اور جو جان بوجھ کر قے کرے تو اسے روزے کی قضاء کرنی چاہیئے ۲؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الصيام/حدیث: 720]
اردو حاشہ:
1؎:
کیونکہ اس میں روزے دار کی کوئی غلطی نہیں۔

2؎:
اکثر لوگوں کی رائے ہے کہ اس میں کفارہ نہیں صرف قضاء ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 720 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 1676 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´روزہ دار قے کر دے تو اس کے حکم کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جسے خود بہ خود قے آ جائے اس پر روزے کی قضاء نہیں، اور جس نے جان بوجھ کر قے کی تو اس پر روزے کی قضاء ہے۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب الصيام/حدیث: 1676]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے۔
جبکہ دیگر محققین نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔
علاوہ ازیں ہمارے فاضل محقق نے سنن ابو داؤد کی تحقیق میں لکھا ہے۔
کہ یہ مسئلہ حضرت ابن عمررضی اللہ تعالیٰ عنہ سے ابن ابی شیبہ (38/3 حدیث: 9188)
میں صحیح سند کے ساتھ مروی ہے۔
لہٰذا یہ روایت سنداً ضعیف ہے۔
اور معناً صحیح ہے۔
دیکھئے: سنن ابوداؤد، حدیث: 2380 کی تحقیق وتخریج تفصیل کےلئے دیکھئے: (الموسوعة الحدیثیة مسند الإمام أحمد: 284/16، والإرواء، رقم: 923)

(2)
اس باب کی دونوں روایتوں میں باہم تعارض محسوس ہوتا ہے۔
لیکن اگر پہلی حدیث کو نفلی روزے پر محمول کرلیا جائے تو تعارض رفع ہوجاتا ہے۔

(3)
روزے کے دوران میں قے کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔
اگر کسی وجہ سے قے کرنی پڑے تو اس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے۔
خواہ روزہ فرضی ہو یا نفلی تاہم فرضی روزے کی قضا دینا ضروری ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1676 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 545 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´(روزے کے متعلق احادیث)`
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جسے قے آ جائے تو اس پر (روزہ کی) قضاء نہیں اور جو جان بوجھ کر قے کرے اس پر قضاء ہے۔ اسے پانچوں نے روایت کیا ہے اور امام احمد نے اس کو معلول کہا ہے اور امام دارقطنی نے اسے قوی کہا ہے۔ [بلوغ المرام/حدیث: 545]
لغوی تشریح 545:
ذَرعَہُ القَیئُ قے غالب آ جائے، یعنی جو زور سے، بغیر ارادہ اور قصد کے قے آئے۔
أِستَقَاءَ جو قصدًا اور ارادتًا خود قے کرے۔

فوائد و مسائل 545:
➊ مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سندًا ضعیف قرار دیا ہے جبکہ دیگر محققین نے اسے صحیح کہا ہے۔ علاوہ ازیں ہمارے فاضل محقق نے سنن ابی داؤد کی تحقیق میں لکھا ہے کہ یہ روایت حضرت ابنِ عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مصنف ابنِ ابی شیبہ (38/3، حدیث: 9188) میں صحیح سند سے مروی ہے، لہٰذا مذکورہ روایت سندًا ضعیف اور معنًا صحیح ہے۔ دیکھیے: (سنن ابوداؤد (اردو) طبع دارالسلام، حدیث: 2380 کی تحقیق و تخریج) مزید سندی اور تحقیقی بحث کے لیے دیکھیے: [الموسوعه الحديثية مسند الأمام أحمد: 284۔ 16، والأرواء، رقم: 923]
➋ اگر روزے دار کو ازخود قے آ جائے تو اس پر قضا نہیں اور اگر جان بوجھ کر قے کرے تو اس پر قضا ہے۔ امام شافعی، امام سفیان ثوری، امام احمد اور امام اسحٰق رحمہم اللہ تعالیٰ علیھم اجمعین بھی اسی کے قائل ہیں۔ دیکھیے: [جامع الترمذي، بعد حديث: 716]
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 545 سے ماخوذ ہے۔