سنن ابي داود
كتاب النكاح— کتاب: نکاح کے احکام و مسائل
باب فِي حَقِّ الْمَرْأَةِ عَلَى زَوْجِهَا باب: شوہر پر بیوی کے حقوق کا بیان۔
حَدَّثَنَا ابْنُ بَشَّارٍ ، حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ سَعِيدٍ ، حَدَّثَنَا بَهْزُ بْنُ حَكِيمٍ ، حَدَّثَنِي أَبِي ، عَنْ جَدِّي ، قَالَ : قُلْتُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، نِسَاؤُنَا مَا نَأْتِي مِنْهُنَّ وَمَا نَذَرُ ؟ قَالَ : " ائْتِ حَرْثَكَ أَنَّى شِئْتَ ، وَأَطْعِمْهَا إِذَا طَعِمْتَ ، وَاكْسُهَا إِذَا اكْتَسَيْتَ ، وَلَا تُقَبِّحْ الْوَجْهَ وَلَا تَضْرِبْ " . قَالَ أَبُو دَاوُد : رَوَى شُعْبَةُ تُطْعِمُهَا إِذَا طَعِمْتَ وَتَكْسُوهَا إِذَا اكْتَسَيْتَ .
´معاویہ بن حیدہ قشیری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! ہم اپنی عورتوں کے پاس کدھر سے آئیں ، اور کدھر سے نہ آئیں ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب دیا : ” اپنی کھیتی ۱؎ میں جدھر سے بھی چاہو آؤ ، جب خود کھاؤ تو اسے بھی کھلاؤ ، اور جب خود پہنو تو اسے بھی پہناؤ ، اس کے چہرہ کی برائی نہ کرو ، اور نہ ہی اس کو مارو “ ۔ ابوداؤد کہتے ہیں : شعبہ نے «أطعمها إذا طعمت واكسها إذا اكتسيت» کے بجائے «تطعمها إذا طعمت وتكسوها إذا اكتسيت» روایت کیا ہے ۔
بہز بن حکیم اپنے والد (حکیم) سے، وہ (ان کے) دادا (معاویہ بن حیدہ قشیری رضی اللہ عنہ) سے روایت کرتے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ میں نے کہا: ”اے اللہ کے رسول ﷺ! ہم اپنی بیویوں سے کس طرح فائدہ اٹھائیں اور کیا چھوڑیں؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”اپنی کھیتی کو آ جیسے تو چاہے، اسے کھلا جب تو کھائے، اسے پہنا جب تو پہنے، چہرے کے قبیح ہونے کی بد دعا (یا گالی) نہ دے اور (منہ پر) مت مار۔“ امام ابوداؤد رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ شعبہ کی روایت میں ہے: «تُطْعِمُهَا إِذَا طَعِمْتَ وَتَكْسُوهَا إِذَا اكْتَسَيْتَ» ”تو اسے کھلائے جب تو کھائے اور اسے پہنائے جب تو پہنے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
معاویہ بن حیدہ قشیری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! ہم اپنی عورتوں کے پاس کدھر سے آئیں، اور کدھر سے نہ آئیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب دیا: " اپنی کھیتی ۱؎ میں جدھر سے بھی چاہو آؤ، جب خود کھاؤ تو اسے بھی کھلاؤ، اور جب خود پہنو تو اسے بھی پہناؤ، اس کے چہرہ کی برائی نہ کرو، اور نہ ہی اس کو مارو۔" ابوداؤد کہتے ہیں: شعبہ نے «أطعمها إذا طعمت واكسها إذا اكتسيت» کے بجائے «تطعمها إذا طعمت وتكسوها إذا اكتسيت» روایت کیا ہے۔ [سنن ابي داود/كتاب النكاح /حدیث: 2143]
1: سورۃ بقرہ کی آیت نمبر (223) میں ہے (نِسَاؤُكُمْ حَرْثٌ لَكُمْ فَأْتُوا حَرْثَكُمْ أَنَّى شِئْتُمْ) تمہاری کھیتیاں ہیں، اپنی کھیتیوں میں جس طرح چاہوآو)
2: اللہ تعالی اور اس کے رسول ﷺنے میاں بیوی کے تعلق کو جس بلیغ انداز میں پیش فرما دیا اس سے بڑھ کراس کو بیان کرنا ناممکن اور محال ہے۔
دنیا کی کوئی زبان اس کا کوئی سا ادب اس کی نظر پیش کرنے سے قاصر ہے۔