سنن ابوداود — حدیث نمبر 1117
باب: امام خطبہ دے رہا ہو اور آدمی مسجد میں داخل ہو تو کیا کرے؟
باب إِذَا دَخَلَ الرَّجُلُ وَالإِمَامُ يَخْطُبُ
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ حَنْبَلٍ ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ ، عَنْ سَعِيدٍ ، عَنْ الْوَلِيدِ أَبِي بِشْرٍ ، عَنْ طَلْحَةَ ، أَنَّهُ سَمِعَ جَابِرَ بْنَ عَبْدِ اللَّهِ يُحَدِّثُ ، أَنَّ سُلَيْكًا جَاءَ ، فَذَكَرَ نَحْوَهُ ، زَادَ : ثُمَّ أَقْبَلَ عَلَى النَّاسِ ، قَالَ : " إِذَا جَاءَ أَحَدُكُمْ وَالْإِمَامُ يَخْطُبُ فَلْيُصَلِّ رَكْعَتَيْنِ يَتَجَوَّزْ فِيهِمَا " .
´جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کا بیان ہے کہ` سلیک رضی اللہ عنہ آئے ، پھر راوی نے اسی طرح کی حدیث ذکر کی اور اتنا اضافہ کیا کہ پھر آپ لوگوں کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا : ” جب تم میں سے کوئی شخص آئے اور امام خطبہ دے رہا ہو تو دو ہلکی رکعتیں پڑھ لے ۱؎ “ ۔
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ بیان کر رہے تھے کہ جناب سلیک آئے۔ اور مذکورہ بالا حدیث کی مانند ذکر کیا۔ مزید یہ کہا کہ پھر نبی کریم ﷺ لوگوں کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی آئے اور امام خطبہ دے رہا ہو تو اسے چاہیے کہ مختصر سی دو رکعتیں پڑھے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کا بیان ہے کہ سلیک رضی اللہ عنہ آئے، پھر راوی نے اسی طرح کی حدیث ذکر کی اور اتنا اضافہ کیا کہ پھر آپ لوگوں کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا: "جب تم میں سے کوئی شخص آئے اور امام خطبہ دے رہا ہو تو دو ہلکی رکعتیں پڑھ لے ۱؎۔" [سنن ابي داود/تفرح أبواب الجمعة /حدیث: 1117]
➊ قبل از خطبہ جمعہ نوافل کی کوئی تعداد مقرر نہیں ہے۔ کم از کم دو رکعت تحیۃ المسجد لازماًً پڑھنی چاہیے۔ یہ نہایت موکد ہے، حتیٰ کہ اگر امام خطبہ دے رہا ہو تو بھی مختصر سی دو رکعت پڑھ کر بیٹھے الا یہ کہ خطبہ فوت ہو جائے تو جماعت میں شامل ہو جائے۔
➋ امام اثنائے خطبہ میں امر بالمعروف ونہی عن المنکر کا فریضہ سرانجام دے۔ اور لوگوں کو شریعت کے مسائل سے آگاہ کرے۔ مگر جس بات کی تفصیل معلوم نہ ہو تو پہلے معلوم کر لے تو پھر حکم دے جیسے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پہلے دریافت فرمایا کہ کیا تم نے نماز پڑھی ہے؟
➌ اس حدیث سے یہ استدلال بھی کیا جاتا ہے کہ تحیۃ المسجد ممنوع اوقات میں بھی پڑھی جائے، کسی وقت ترک نہ کی جائے۔