حدیث نمبر: 1049
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ صَالِحٍ ، حَدَّثَنَا ابْنُ وَهْبٍ ، أَخْبَرَنِي مَخْرَمَةُ يَعْنِي ابْنَ بُكَيْرٍ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ أَبِي بُرْدَةَ بْنِ أَبِي مُوسَى الْأَشْعَرِيِّ ، قَالَ : قَالَ لِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ عُمَرَ : أَسَمِعْتَ أَبَاكَ يُحَدِّثُ ، عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي شَأْنِ الْجُمُعَةِ ؟ يَعْنِي السَّاعَةَ ، قَالَ : قُلْتُ : نَعَمْ ، سَمِعْتُهُ يَقُولُ : سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، يَقُولُ : " هِيَ مَا بَيْنَ أَنْ يَجْلِسَ الْإِمَامُ إِلَى أَنْ تُقْضَى الصَّلَاةُ " . قَالَ أَبُو دَاوُد : يَعْنِي عَلَى الْمِنْبَرِ .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ابوبردہ بن ابی موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ` عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے مجھ سے پوچھا : کیا تم نے اپنے والد سے جمعہ کے معاملہ میں یعنی قبولیت دعا والی گھڑی کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے نقل کرتے ہوئے کچھ سنا ہے ؟ میں نے کہا : ہاں ، میں نے سنا ہے ، وہ کہتے تھے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا ہے کہ وہ ( ساعت ) امام کے بیٹھنے سے لے کر نماز کے ختم ہونے کے درمیان ہے ۔ ابوداؤد کہتے ہیں : یعنی منبر پر ( بیٹھنے سے لے کر ) ۔

حوالہ حدیث سنن ابي داود / تفرح أبواب الجمعة / حدیث: 1049
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: ضعيف والمحفوظ موقوف , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم (853)
تخریج حدیث « صحیح مسلم/الجمعة 4 (853)، (تحفة الأشراف: 9078) (صحیح) » (بعض حفاظ نے اس کو ابوبردہ کا قول بتایا ہے، اور بعض نے اس کو مرفوع حدیث کے مخالف گردانا ہے، جس میں صراحت ہے کہ یہ عصر کے بعد کی گھڑی ہے، (جبکہ ابوہریرہ و جابر رضی اللہ عنہما کی حدیث میں آیا ہے، اور صحابہ کرام رضی اللہ عنھم کے یہاں یہ ساعت (گھڑی) دن کی آخری گھڑی ہے، ملاحظہ ہو: فتح الباری )
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 853

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عمر فاروق سعیدی
´جمعہ کے دن دعا قبول ہونے کی گھڑی کون سی ہے؟`
ابوبردہ بن ابی موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے مجھ سے پوچھا: کیا تم نے اپنے والد سے جمعہ کے معاملہ میں یعنی قبولیت دعا والی گھڑی کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے نقل کرتے ہوئے کچھ سنا ہے؟ میں نے کہا: ہاں، میں نے سنا ہے، وہ کہتے تھے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا ہے کہ وہ (ساعت) امام کے بیٹھنے سے لے کر نماز کے ختم ہونے کے درمیان ہے۔ ابوداؤد کہتے ہیں: یعنی منبر پر (بیٹھنے سے لے کر)۔ [سنن ابي داود/تفرح أبواب الجمعة /حدیث: 1049]
1049۔ اردو حاشیہ:
مختلف روایات میں جمع و تطبیق کی ایک صورت یہ ہے کہ ساعت مختلف اوقات میں منتقل ہوتی رہتی ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1049 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 853 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
ابو مو سیٰ اشعری رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بیٹے ابو بردہ کی روایت ہے کہ مجھ سے حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے کہا: کیا تم نے اپنے باپ سے جمعہ کی ساعت کے بارے میں حدیث سنی ہے؟ میں نے کہا: ہاں میں نے انسے یہ کہتے سنا ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا: ’’یہ امام کے بیٹھنے سے لے کر نماز کے پڑھنے تک ہے۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:1975]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: ساعت جمعہ کے بارے میں بہت اختلافات ہیں حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے چالیس سے زائد اقوال نقل کیے ہیں۔
لیکن صحیح ترین قول دو ہیں جو احادیث سے ثابت ہیں ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایت سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ساعت امام کے منبر پر بیٹھنے سے لے کر نماز کے اختتام تک ہے اور مسند احمد اور سنن میں مختلف صحابہ رضوان اللہ عنھم اجمعین کی روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ عصر کے بعد ہے اس لیے بعض نے مسلم شریف کی روایت کو ترجیح دی ہے اور اکثریت کے نزدیک یہ عصر کے بعد ہے حافظ ابن قیم رحمۃ اللہ علیہ نے دلائل سے ترجیح عصر کے بعد کی ساعت کو دی ہے لیکن یہ لکھا ہے کہ لوگوں کے اجتماع، ان کی نماز، ان کی اللہ کے حضور عاجزی اور تضرع اور گڑگڑانا کو بھی دعا کی قبولیت میں داخل ہے۔
اس لیے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ا پنی امت کو ان دونوں اوقات میں دعا اور اللہ کے سامنے گڑگڑانے کی ترغیب دی ہے۔
اور اس کا شوق و آمادگی دلائی ہے۔
لیکن یہ دونوں اوقات ایسے ہیں کہ ان میں انسان نماز نہیں پڑھ سکتا۔
اس لیے قَائِمٌ یُّصَلي، کھڑا ہوکر نماز پڑھتا ہے میں تاویل کی ضرورت ہے اس کا یا تو یہ معنی کرنا ہوگا کہ قیام سے مراد مواظبت اور پابندی ہے اور صلوۃ سے مراد دعا ہے کہ وہ دعا پر مواظبت اور پابندی کرتا ہے یا انتظار صلوۃ مراد ہوگا کہ وہ نماز کا منتظر ہے۔
جیسا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایت ہے کہ میں نے حضرت عبداللہ بن سلام رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے اس ساعت کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ جمعہ کے دن کی آخری ساعت ہے۔
میں نے اعتراض کیا: (وَتِلْكَ السَّاعَةُ لَا يُصَلَّى فِيْهَا)
اس گھڑی میں نماز نہیں پڑھی جاتی تو انہوں نے جواب دیا کہ کیا نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ نہیں فرمایا کہ جو انسان نماز کے انتظار میں بیٹھا ہے۔
(فَهُوَ فِي صَلَاةٍ)
وہ نماز ہی پڑھ رہا ہے۔
تو میں نے کہا، ہاں، انہوں نےکہا، بس یہی بات ہے، اور ابن ماجہ کی روایت میں یہ ہے کہ یہ سوال حضرت عبداللہ بن سلام رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا تھا تو آپﷺ نے انہیں یہ جواب دیا تھا، خلاصہ کلام یہ ہے کہ یہ ساعت توعصر کے بعد ہی ہے لیکن مطلوب دونو، جگہ دعا کرنا ہے اور اس سے یہ بھی ثابت ہوا کہ خطبہ کے دوران دعا مانگنا انصات اورخاموشی کے منافی نہیں ہے۔
(کیونکہ علامہ شامی کے بقول تو یہ ساعت امام کے منبر پر بیٹھنے سے لے کر فراغت نماز تک ہے (شرح صحیح مسلم، علامہ سعیدی، ج2 ص 648)
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 853 سے ماخوذ ہے۔