"ہمارا جسم، ہماری مرضی” – حقیقت یا مغالطہ؟
یہ جملہ اکثر سننے کو ملتا ہے کہ "ہمارا جسم، ہماری مرضی”، لیکن کیا واقعی ایسا ہے؟ کیا ہمارا جسم صرف ہماری ذات تک محدود ہے؟
اگر ایسا ہوتا، تو ماں کے جسم میں پرورش پانے والا بچہ بھی یہ کہنے کا حق رکھتا کہ "ماں! یہ جسم تمہارا نہیں، کیونکہ اس میں میری پرورش ہو رہی ہے۔”
➊ ہمارا جسم ایک امانت ہے
حقیقت یہ ہے کہ ہمارا جسم محض ہمارا نہیں، بلکہ ایک امانت ہے جو اللہ تعالیٰ نے ہمیں عطا کی ہے۔ جیسے زمین پر اگنے والے ہر درخت، بہنے والے ہر دریا، اور چمکنے والے ہر ستارے کی تخلیق کسی مقصد کے تحت کی گئی ہے، ویسے ہی ہمارا جسم بھی بلاوجہ نہیں بنایا گیا۔
اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
"لَقَدْ خَلَقْنَا ٱلْإِنسَٰنَ فِيٓ أَحْسَنِ تَقْوِيمٍ”
(بے شک ہم نے انسان کو بہترین ساخت میں پیدا کیا۔)
📖 (سورہ التین: 4)
اللہ نے ہمیں ایک خوبصورت اور متوازن جسم عطا کیا، لیکن اس کے ساتھ ایک مقصد اور ذمہ داری بھی سونپی۔
➋ جسم کا صحیح استعمال: ایک ذمہ داری
ہمارے جسم کے ہر عضو کے لیے ایک حدود و قیود مقرر کی گئی ہیں:
◈ آنکھیں صرف وہی دیکھنے کے لیے ہیں جو پاکیزہ ہو۔
◈ کان وہی سننے کے لیے ہیں جو حق اور سچ ہو۔
◈ ہاتھ اور پاؤں اسی راہ پر چلنے کے لیے ہیں جو سچائی اور نیکی کی ہو۔
اگر یہ جسم واقعی ہمارا ہوتا، تو ہم اس پر مکمل اختیار رکھتے:
➊ ہم اسے کبھی بیمار نہ ہونے دیتے۔
➋ ہم اسے بڑھاپے سے روک لیتے۔
➌ ہم اسے موت سے بچا لیتے۔
لیکن چونکہ یہ سب کچھ ہمارے اختیار میں نہیں ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمارا جسم اللہ کی دی ہوئی امانت ہے، اور ہمیں اس کے ساتھ اسی کی مرضی کے مطابق چلنا ہوگا۔
➌ "ہمارا جسم، ہماری مرضی” کا مغالطہ
جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ "ہمارا جسم، ہماری مرضی”، ان سے سوال ہے:
◈ کیا وہ اپنے جسم پر واقعی اختیار رکھتے ہیں؟
◈ کیا ان کا دل ان کی مرضی سے دھڑکتا ہے؟
◈ کیا ان کے پھیپھڑے ان کے حکم کے محتاج ہیں؟
◈ کیا وہ اپنی سانسوں کو روک سکتے ہیں؟
اگر نہیں، تو پھر یہ دعویٰ غلط فہمی کے سوا کچھ نہیں۔
➍ حقیقت: "ہمارا جسم، ہماری ذمہ داری”
اصل حقیقت یہ ہے کہ "ہمارا جسم، ہماری ذمہ داری”۔
ہمیں اپنے جسم کو صحیح طریقے سے استعمال کرنا ہے، اس کا تقدس برقرار رکھنا ہے، اور اللہ تعالیٰ کے دیے ہوئے اصولوں کے مطابق اسے برتنا ہے، کیونکہ وہی بہتر جانتا ہے کہ ہماری بھلائی کس میں ہے۔
➎ آزادی کی حقیقت
ہماری حقیقی آزادی وہی ہے جو سچ اور حق کی روشنی میں ہو۔
◈ بیٹی کا وقار
◈ بہن کی عزت
◈ ماں کی حرمت
یہ سب اللہ کے مقرر کردہ اصولوں میں پنہاں ہیں۔ وہی ہمیں صحیح اور غلط کی تمیز سکھاتا ہے، اور وہی جانتا ہے کہ انسان کی حقیقی بھلائی کس میں ہے۔
➏ نتیجہ: اللہ کی امانت کی حفاظت کریں
آئیے، ہم اس عظیم نعمت کی قدر کریں، اور اسے گمراہی کی بجائے ہدایت اور روشنی کے راستے پر لے کر چلیں۔
❀ کیونکہ حقیقت یہی ہے کہ:
"ہمارا جسم، ہماری نہیں، اللہ کی امانت ہے!”