ماخوذ: فتاویٰ علمائے حدیث، کتاب الصلاۃ، جلد 1
سوال:
تشہد کے دوران شہادت کی انگلی کو کب حرکت دی جائے؟ کیا اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰه اِلاَّ اللّٰہُ پر انگلی اٹھائی جائے یا التحیات کے آغاز سے؟
جواب:
تشہد کے دوران شہادت کی انگلی کو التحیات کے آغاز سے ہی اٹھا لینا چاہیے، کیونکہ حدیث شریف میں آیا ہے:
((إِذَا جَلَسَ لِلتَّشْھُّدِ رَفَعَ اِصْبَعَہُ السَّبَّابَةَ))
(صحیح مسلم)
’’جب آپ تشہد کے لیے بیٹھتے تو شہادت کی انگلی اٹھاتے۔‘‘
اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰه اِلاَّ اللّٰہُ پر انگلی اٹھانے کا کوئی ثبوت کسی آیت یا صحیح حدیث سے معلوم نہیں ہوا۔ سنت کے مطابق التحیات کے آغاز سے ہی انگلی اٹھانے پر عمل کرنا چاہیے۔