دوران مجامعت عزل کرنا
فتویٰ : شیخ محمد بن صالح عثیمین حفظ اللہ

سوال : عورت کے لئے مانع حمل گولیاں استعمال کرنا کب جائز اور کب حرام ہیں ؟ کیا تحدید نسل (خاندانی منصوبہ بندی) کے بارے میں کوئی صریح نص یا فقہی رائے موجود ہے ؟ اور کیا بغیر کسی (معقول) سبب کے کوئی مسلمان خاوند دوران جماع بیوی سے عزل کر سکتا ہے ؟
جواب : جہاں تک ہو سکے مسلمانوں کو اپنی نسل بڑھانی چاہیے، اس لئے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس جانب ہماری توجہ مبذول کرائی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے :
تزوجوا الولود الودود فإنى مكاثر بكم الأمم [ مسند أحمد و صحيح ابن حبان]
”محبت کرنے والی، زیادہ بچے جننے والی عورتوں سے شادی کرو۔ میں تمہاری کثرت کی وجہ سے فخر کروں گا۔ “
نیز اس لئے بھی کہ کثرت نسل کثرت امت ہے اور امت کی کثرت اس کی ایک قوت ہے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل پر احسان جتلاتے ہوئے فرمایا:
وَجَعَلْنَاكُمْ أَكْثَرَ نَفِيرًا [ 17-الإسراء:6]
”اور ہم نے تمہیں بہت بڑی جماعت بنا دیا۔ “
حضرت شعیب علیہ السلام نے اپنی قوم سے (اللہ تعالیٰٰ کا احسان جتلاتے ہوئے) فرمایا تھا :
وَاذْكُرُوا إِذْ كُنْتُمْ قَلِيلًا فَكَثَّرَكُمْ [7-الأعراف:1]
”اور وہ وقت یاد کرو جب تم تھوڑے تھے پس اس نے تمہیں زیادہ کر دیا۔ “
اس امر سے کوئی شخص انکار نہیں کر سکتا کہ امت کی کثرت اس کی طاقت اور عزت کا سبب ہے، بعض بدگمان اور کج فہم لوگوں کے اس دعوی کے برعکس کہ کثرت امت اس کے فقر و فاقہ اور بھوک و افلاس کا سبب ہے۔ جب امت زیادہ تعداد میں ہو گی اور اس کا ذات باری تعالیٰ پر ایمان ہو گا اور اس کے اس وعدہ پر یقین ہو گا:
وَمَا مِنْ دَابَّةٍ فِي الْأَرْضِ إِلَّا عَلَى اللَّـهِ رِزْقُهَا [ 11-هود:6]
”اور زمین پر چلنے پھرنے والے جتنے جاندار ہیں ان کی روزیاں اللہ تعالیٰٰ کے ذ مے ہیں۔ “
تو اللہ تعالٰی اس کا معاملہ آسان فرما دے گا اور اپنے فضل و کرم سے اسے غیروں کا دست نگر بننے سے بے نیاز فرما دے گا۔ اس تفصیل سے مذکورہ بالا سوال کا جواب واضح ہو گیا۔ پس دو شرطوں کے بغیر مانع حمل گولیوں کا استعمال کسی عورت کے لئے جائز نہیں :
پہلی شرط یہ ہے کہ عورت کو اس کی ضرورت ہو، مثلاً وہ مریضہ ہے اور ہر سال حمل کی طاقت نہیں رکھتی۔ وہ جسمانی طور پر کمزور ہو یا ایسی کوئی اور رکاوٹیں ہیں جو ہر سال حمل کی صورت میں اس کے لئے باعث نقصان ہیں۔
دوسری شرط یہ ہے کہ اس بات کی اجازت اس کا خاوند بھی دے کیونکہ بچے اور ان کی پیدائش کا حق خاوند کو حاصل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مانع حمل گولیوں کے استعمال کے لئے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے کہ آیا ان کا استعمال نقصان دہ تو نہیں۔
مذکورہ بالا دونوں شرطیں پوری ہونے پر عورت مائع حمل گولیوں کا استعمال کر سکتی ہے، لیکن شرط یہ ہے کہ وہ ان گولیوں کا استعمال ہمیشہ کے لئے، عمل تولید کو روکنے کی خاطر نہ کرے، کیوں کہ اس میں قطع نسل کا خطرہ موجود ہے۔ جہاں تک سوال کے دوسرے حصے کا تعلق ہے تو اس کا جواب یہ ہے کہ فی الواقع خاندانی منصوبہ بندی ناممکن ہے اس لئے کہ حمل یا عدم اللہ تعالیٰٰ کے قبضہ قدرت میں ہے۔
پھر جب کوئی انسان بچوں کے لئے کوئی عددی حد مقرر کر لے تو اس تعداد کا ایک ہی سال میں کسی وباء یا حادثے کی بناء پر خاتمہ بھی ممکن ہے، اس صورت میں تو آدمی اولاد اور نسل کے بغیر رہ جائے گا۔ شریعت اسلامیہ میں خاندانی منصوبہ بندی کا کوئی حکم موجود نہیں سے ہاں ضرورت کے پیش نظر وقتی طور پر حمل کو روکنا جائز ہے، جیسا کہ ہم نے ابھی ذکر کیا ہے۔
رہا معاملہ دوران جماع بلا سبب عزل کرنے کا تو علماء کےصحیح قول کی رو سے اس میں کوئی حرج نہیں۔ حضرت جابر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں :
كنا نعزل والقرآن ينزل [ صحيح البخاري، كتاب النكاح باب 97 و صحيح مسلم، كتاب الطلاق باب 26 ]
”ہم نزول قرآن کے زمانے میں عزل کیا کرے تھے۔ “ ( یعنی عہد نبوی میں ہم یہ کام کرتے تھے )۔
اگر یہ فعل حرام ہوتا تو اللہ تعالیٰ اس سے منع فرما دیتے لیکن علماء کا کہنا ہے کہ خاوند آزاد عورت کی مرضی کے بغیر اس سے عزل نہیں کر سکتا کیونکہ بچوں میں عورت کا بھی حق ہے۔ پھر یہ بھی ہے کہ عزل کرنے سے اس کے لطف اندوزی والے حق میں کمی آ جاتی ہے جو کہ انزال کے بعد ہی مکمل ہوتی ہے۔ اس بنا پر اس سے اجازت نہ لینا، اس کے لطف اندوزی کے حق کو نقصان پہنچاتا ہے اس سے بچوں کا نقصان بھی ہو سکتا ہے لہٰذا ہم نے اس کی اجازت کی شرط لگائی ہے۔

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته، الحمد للہ و الصلٰوة والسلام علٰی سيد المرسلين

بغیر انٹرنیٹ مضامین پڑھنے کے لیئے ہماری موبائیل ایپلیکشن انسٹال کریں!

نئے اور پرانے مضامین کی اپڈیٹس حاصل کرنے کے لیئے ہمیں سوشل میڈیا پر لازمی فالو کریں!