سوال :
کیا رسول اللہ صلى الله عليه وسلم سے ثابت ہے کہ آپ ہر مجلس برخاست کرنے سے پہلے 70 یا 100 مرتبہ استغفار کرتے تھے؟ کیا بندہ خطبہ جمعہ کے دوران بھی استغفار کر سکتا ہے ؟ وضاحت فرمائیں۔
جواب :
عبد الله بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ہم شمار کرتے تھے کہ رسول اللہ صلى الله عليه وسلم ایک مجلس میں سو (100) مرتبہ یہ کلمات کہتے :
رب اغفر لى وتب على إنك أنت التواب الرحيم
(أبو داود، كتاب الوتر باب في الإستغفار 1516، ابن ماجه 3814)
”اے میرے پروردگار! مجھے معاف کر دے اور میری توبہ قبول کرلے، بلاشبہ تو بہت زیادہ توبہ قبول کرنے والا، بہت زیادہ رحم کرنے والا ہے۔“
اس صحیح حدیث سے معلوم ہوا کہ رسول اللہ صلى الله عليه وسلم ایک مجلس میں بیٹھے بیٹھے سو (100) بار استغفار کرتے تھے تو ہمیں بھی اپنی مجالس میں کثرت سے استغفار کرنا چاہیے، تا کہ ہمارے گناہوں کی معافی ہو سکے ، البتہ دوران خطبہ استغفار کرنا ثابت نہیں، بلکہ خطبہ دھیان اور توجہ سے سنا چاہیے، جو آدمی اپنی توبہ واستغفار میں مشغول ہو وہ خطیب کی بات کو دھیان سے نہیں سن سکتا۔