وقت مغرب غروب آفتاب سے سرخی کے غائب ہونے تک
➊ حضرت جبرئیل علیہ السلام نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز مغرب دونوں دن اس وقت پڑھائی :
حين و جبت الشمس
” جب سورج ساقط ( یعنی غروب ) ہو گیا۔“
[صحيح : صحيح ترمذي 127]
➋ حضرت سلمہ بن اکوع رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ :
ان رسول الله كان يصلي المغرب إذا غربت الشمس
”بلا شبہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز مغرب اس وقت پڑھتے تھے جب سورج غروب ہوتا تھا۔“
صحیح بخاری میں یہ لفظ ہیں :
إذا توارت بالحجاب
”جب سورج پردے میں چھپ جاتا ۔ “
[أحمد 54/4 ، بخاري 561 ، كتاب مواقيت الصلاة : باب وقت المغرب ، مسلم 636 ، أبو داود 417 ، ترمذي 164 ، ابن ماجنة 688 ، طبراني كبير 6289 ، بيهقى 446/1 ، أبو عوانة 361/1 ، دارمي 275/1 ، ابن حبان 1523]
➌ غروب آفتاب سے نماز مغرب کا وقت شروع ہونے پر اجماع ہے۔
[نيل الأوطار 458/1]
➊ حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ایک سائل نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اوقات نماز کے متعلق سوال کیا (طویل حدیث ہے اور اس میں ہے کہ )
فأقام المغرب حين وقعت الشمس
” آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز مغرب اس وقت ادا کی جب سورج ساقط ( یعنی غروب ) ہو گیا“
اور دوسرے دن ثم اخر الـمـغـرب حتـى كـــان عند سقوط الشفق ”پھر مغرب کو شفق (یعنی سرخی ) غائب ہونے تک لیٹ کیا ۔“
[مسلم: 614 ، كتاب المساجد ومواضع الصلاة: باب أوقات الصلوات الخمس ، نسائي 523 ، أبو داود 395 ، أحمد 416/4 ، ترمذي 152 ، ابن مساحة 667 ، أبو عوانة 373/1 ، ابن خزيمة 166/1 ، دار قطني 262/1 ، بيهقي 371/1]
➋ حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
وقت صلاة المغرب مالم يسقط ثور الشفق
” نماز مغرب کا وقت شفق (سرخی) کا پھیلاؤ ختم ہونے تک ہے۔“
[مسلم: 612 ، أيضا ، طيالسي 2249 ، أحمد 210/2 ، أبو داود 396 ، شرح معاني الآثار 150/1 ، بيهقي 366/1 ، أبو عوانة 371/1]
حضرت جبرئیل علیہ سلام کی امامت والی حدیث میں جو نماز مغرب دونوں دن ایک ہی وقت (یعنی غروب آفتاب ) میں پڑھنے کا ذکر ہے اس کی تین وجوہات بیان کی گئی ہیں:
➊ حضرت جبرئیل علیہ السلام نے صرف مختار و پسندیدہ وقت بیان کرنے پر ہی اکتفاء کیا ہے اور وقت جواز مکمل طور پر بیان ہی نہیں کیا۔
➋ حضرت جبرئیل علیہ السلام کی حدیث مقدم (یعنی مکہ کی) ہے اور جن احادیث میں مغرب کا وقت شفق غائب ہونے تک مذکور ہے وہ متاخر ( یعنی مدینہ کی ) ہیں اس لیے انہی پر عمل کرنا ضروری ہے۔
➌ یہ احادیث حضرت جبرئیل علیہ السلام کی حدیث سے سند کے لحاظ سے بھی زیادہ مضبوط ہیں اس لیے ان کو ترجیح دینا ضروری ہے۔
[نيل الأوطار 444/1 ، تحفة الأحوذي 527/1]
(جمہور، حنابلہ، حنفیہ) اسی کے قائل ہیں۔
(شافعیؒ) نماز مغرب کا صرف ایک ہی وقت ہے اور وہ ابتدائی وقت ہے (انہوں نے حضرت جبرئیل علیہ السلام کی حدیث سے استدلال کیا ہے ) ۔
[شرح المهذب 33/3 ، المبسوط 144/1 ، المغنى 24/2 ، الإنصاف فى معرفة الراجح من الخلاف]
شافعی مذہب کی قدیم کتابوں میں ان کا یہی مذہب منقول ہے۔
[نيل الأوطار 458/1]
مذہب شافعی کی قدیم کتابوں میں ”الأمــالي “، ”مجمع الكافي“ ، ”عيــون الـمـسـائل“ اور ”البحر المحيط“ وغیرہ شامل ہیں اور جدید کتابوں میں ”الأم “، ”الإملاء“ ، ”المختصرات“ ،” الرسالة “ اور ”الجامع الكبير “ شامل ہیں ۔
[طبقات ابن هداية الله ص:245]
اصحاب شافعی میں سے بعض نے نماز مغرب کے لیے دو وقت بھی بتلائے ہیں یعنی ایک غروب آفتاب اور دوسرا سرخی کا غائب ہونا ۔
[نيل الأوطار 458/1]
(نوویؒ) یہی بات صحیح ہے۔
[شرح مسلم: 123/3 ، المجموع 34/3]
کیا شفق سے مراد سرخی ہے
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ :
الشفق الحمرة
”شفق سے مراد سرخی ہے۔“
[عبدالرزاق 2122 ، بيهقي 373/1]
(صاحب قاموس) شفق وہ سرخی ہے جو غروب آفتاب سے لے کر عشاء تک، یا اس کے قریب تک آسمان پر نمودار رہتی ہے۔
[القاموس المحيط ص/808]
(صاحب مختار الصحاح) شفق سورج کی ایسی روشنی اور سرخی ہے جو رات کی ابتداء سے عشاء کے قریب تک رہتی ہے۔
(خلیلؒ) شفق سے مراد سرخی ہے۔
(فراءؒ) میں نے بعض عرب کو کہتے سنا ہے کہ اس پر ایسا کپڑا ہے گویا کہ وہ شفق ہے اور وہ سرخ تھا۔
[ مختار الصحاح ص 144]
(صاحب منجد) شفق سے مراد غروب آفتاب کے بعد افق آسمان کی سرخی ہے۔
[المنجد ص/438]
(جمہور، احمدؒ ، شافعیؒ) شفق سے مراد سرخی ہے۔
(ابو یوسفؒ ، محمدؒ) اس کے قائل ہیں۔ علاوہ ازیں حضرت ابن عمر، حضرت ابن عباس، حضرت ابو ہریرہ، حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہما امام ابن ابی لیلیؒ اور امام ثوری وغیرہ کا بھی یہی موقف ہے۔
( ابوحنیفہؒ) شفق سے مراد ایسی سفیدی ہے جو عموما افق میں سرخی کے بعد بھی باقی رہتی ہے۔ ان کی دلیل یہ حدیث ہے
و آخر وقت المغرب إذا اسود الشفق لیکن یہ حدیث سندا ثابت نہیں ہے۔
[ نصب الرايه 230/1]
احناف کے نزدیک اس مسئلہ میں صاحبین (امام ابو یوسفؒ ، امام محمدؒ ) کے قول پر ہی فتوی دیا جاتا ہے اور ایک روایت میں یہ بھی بیان کیا گیا ہے کہ امام ابو حنیفہ نے بعد میں اس کی طرف رجوع کر لیا تھا۔
[نيل الأوطار 467/1 ، المهذب 53/1 ، معنى المحتاج 123/1 ، اللباب 60/1 ، تحفة الأحوذى 488/1]
(راجح) جمہور کا موقف راجح ہے۔
(نوویؒ) شفق سے مراد سرخی ہے۔
[شرح مسلم 123/3]
(عبد الرحمن مبارکپوریؒ) شفق سرخی ہے۔
[تحفة الأحوذي 488/1]
(ملاعلی قاریؒ) زیادہ مشہور ہی ہے کہ شفق سرخی ہے۔
[أيضا]
(امیر صنعانیؒ) لغوی بحث کے لیے اہل لغت کی طرف رجوع کیا جائے نیز حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما اہل لغت میں سے ہیں، ان کی بات دلیل و حجت ہے خواہ موقوف ہی کیوں نہ ہو ۔
[سبل السلام 159/1]
(صدیق حسن خانؒ) تمام لغت کی کتابیں، عرب اور ان کے بعد آنے والوں کے اشعار ی کی وضاحت کرتے ہیں ( کہ شفق سے مراد سرخی ہے)۔
[الروضة الندية 201/1]