نیکی کی راہ دکھانے والے کو برابر کا اجر
ماخوذ: شرح کتاب الجامع من بلوغ المرام از ابن حجر العسقلانی، ترجمہ: حافظ عبد السلام بن محمد بھٹوی

وعن ابن مسعود رضى الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: ‏‏‏‏من دل على خير فله مثل اجر فاعله ‏‏‏‏ اخرجه مسلم.
” ابومسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جو شخص (کسی کو) بھلائی (کے کام) کا راستہ دکھائے اس کے لئے بھلائی کرنے والے کے ثواب کی طرح ثواب ہے۔ “
تخریج : [مسلم الامارة/133 ] دیکھئے [تحفة الاشراف 329/7]

فوائد :
➊ جو شخص کسی کو نیکی کا کوئی کام بتائے اسے نیکی کرنے والے جتنا اجر مل جاتا ہے جریر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ راوی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جو شخص اسلام میں اچھا طریقہ (جو کتاب و سنت سے ثابت ہو) جاری کرے اس کے لئے اس کا اجر ہے اور ان سب لوگوں کا اجر ہے جو اس کے بعد اس پر عمل کریں گے بغیر اس کے کہ ان کے اجر میں کوئی کمی کی جائے۔ [مسلم 1017 ]
➋ نیکی کا کام خود بتا دے یا کسی ایسی جگہ بھیج دے جہاں سے اسے رہنمائی حاصل ہو جائے اشارے سے بتا دے یا زبان سے یا تصنیف و تالیف کے ذریعے سے۔ اس فضیلت میں مبلغین، اساتذہ، مصنفین، مدارس میں طلباء کو بھیجنے والے سب شامل ہیں اور مجاہدین اسلام بدرجہ اولیٰ شامل ہیں جن کے ذریعے بے شمار لوگوں کو اسلام کی دولت حاصل ہوئی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے علی رضی اللہ عنہ سے فرمایا تھا کہ اللہ تعالیٰ تیرے ذریعے ایک آدمی کو ہدایت دے دے تو یہ تیرے لئے سرخ اونٹوں سے بہتر ہے۔ [مسلم /2406 ]
اس لئے جو مقام صحابہ رضی اللہ عنہ کو حاصل ہوا بعد والے لوگوں کو حاصل نہیں ہوتا کیونکہ بعد والوں کی نیکیاں صحابہ کے دین پہنچانے کی وجہ سے صحابہ کے نامہ اعمال میں بھی شامل ہو چکی ہیں۔

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے