تحریر: غلام مصطفٰے ظہیر امن پوری
علم غیب اللہ تعالیٰ کا خاصہ ہے۔ یہ اہل سنت و الجماعت کا اتفاقی و اجماعی عقیدہ ہے۔ اس اجماعی عقیدے کے خلاف نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے عالم الغیب ہونے کے نظریے کی اسلام میں قطعاً کوئی گنجائش نہیں۔
نصاریٰ اور روافض کا نظریہ :
انبیا کے عالم الغیب ہونے کا عقیدہ اسلاف امت میں کسی سے بھی ثابت نہیں ، بلکہ یہ نصاریٰ اور روافض سے ماخوذ ہے، جیسا کہ:
علامہ ، عبدالرحمن بن عبداللہ ، سہیلی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
فَلِذٰلكَ كَانَ الْمسِيحُ عندھم يعلم الغيب، ويخبر بما فى غد، فلما كان ھٰذَا منْ مذھب النصاري الكذبة على الله، المدعين المحال
”اسی لیے نصاریٰ کے ہاں سیدنا عیسیٰ علیہ السلام عالم الغیب تھے اور آئندہ کی باتوں کی خبر دیتے تھے۔ جب اللہ تعالیٰ پر جھوٹ باندھنے اور ناممکنات کا دعویٰ کرنے والے نصاریٰ کا یہ حال تھا، تو۔۔۔“ (الروض الأنف : 404/2، عمدة القاري للعيني الحنفي : 55/1)
قرآنی دلیل :
اب اس عقیدے کے متعلق قرآنی دلیل ملاحظہ فرمائیں :
ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
قُل لَّا أَقُولُ لَكُمْ عِندِي خَزَائِنُ اللَّـهِ وَلَا أَعْلَمُ الْغَيْبَ وَلَا أَقُولُ لَكُمْ إِنِّي مَلَكٌ (6-الأنعام : 50)
”آپ کہہ دیجئے کہ میں تمہیں یہ نہیں کہتا کہ میرے پاس اللہ کے خزانے ہیں، نہ میں غیب جانتا ہوں، نہ ہی میں تمہیں یہ کہتا ہوں کہ میں فرشتہ ہوں۔“
سیدنا نوح علیہ السلام کا اپنی قوم سے خطاب اللہ تعالیٰ نے یوں نقل فرمایا ہے :
وَلَا أَقُولُ لَكُمْ عِندِي خَزَائِنُ اللَّـهِ وَلَا أَعْلَمُ الْغَيْبَ وَلَا أَقُولُ إِنِّي مَلَكٌ (11-هود : 31)
”میں تمہیں یہ نہیں کہتا کہ میرے پاس اللہ کے خزانے ہیں، نہ میں غیب جانتا ہوں، نہ ہی میں فرشتہ ہوں۔“
اس آیت کی تفسیر میں امام ابوجعفر نحاس (م : 338 ھ) لکھتے ہیں :
وَلَا أَقُولُ لَكُمْ عِندِي خَزَائِنُ اللَّـهِ، أَخْبَرَ بِتَوَاضُعِه وَتَذَلُّلِهٖ لله جلَّ وَ عَزَّ، وانه لا يدعي ما ليس له ؛ من خزائن الله جل و عز، وھي إنعامه عليٰ مَنْ يشاءُ من عباده، انه لا يعلم الغيب ؛ لان الغيب لا يعلمه إلا الله جل و عز.
وَلَا أَقُولُ لَكُمْ عِندِي خَزَائِنُ اللَّـهِ ”میں تمہیں یہ نہیں کہتا کہ میرے پاس اللہ کے خزانے ہیں۔“ یہ فرما کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کے دربار میں اپنی عاجزی اور بے بسی کا اظہار کیا ہے، نیز یہ کہ اللہ تعالیٰ کے خزانے آپ کے پاس نہیں ہیں، آپ ایسا کوئی دعویٰ بھی نہیں کرتے۔ یہ تو اللہ تعالیٰ کا انعام ہوتا ہے، جس بندے پر چاہے کرے۔ یہ بھی بتایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم غیب نہیں جانتے، کیونکہ غیب کا علم صرف اللہ تعالیٰ کے پاس ہے۔“ (إعراب القرآن : 167/2)
علامہ ابواسحاق ابراہیم بن سری، زجاج رحمہ اللہ (241-311ھ) فرماتے ہیں :
فأعلمهم النبي – صلى الله عليه وسلم – أنه لا يملك خزائِنَ الله التِي بِهَا يَرزُق وُيعْطِي، وأنه لا يعلم الْغَيْبَ فيخبِرَهُمْ بِمَا غَابَ عَنْه مِمَّا مضَى، وما سَيَكُونُ إلا بِوَحْيٍ من اللَّهِ جلَّ وعزَّ.
”نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان (مشرکین) کو بتایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے رزق و بخشش والے خزانوں کے مالک نہیں۔ نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم غیب نہیں جانتے کہ اللہ تعالیٰ وحی کے بغیر انہیں ان واقعات کی خبر دیں، جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی غیر موجودگی میں پیش آچکے تھے یا آئندہ رونما ہونے والے تھے۔“ (معاني القرآن و إعرابه : 250/2)
مشہور مفسر ، علامہ ، ابوعبداللہ ، محمد بن احمد ، قرطبی رحمہ فرماتے ہیں:
وَلا أَقُولُ لَكُمْ عِنْدِي خَزائِنُ اللَّهِ وَلا أَعْلَمُ الْغَيْبَ (أَخْبَرَ بِتَذَلُّلِهِ وَتَوَاضُعِهِ لِلَّهِ عَزَّ وَجَلَّ، وَأَنَّهُ لَا يَدَّعِي مَا لَيْسَ لَهُ مِنْ خَزَائِنِ اللَّهِ، وهي إنعامه على من يشاء مِنْ عِبَادِهِ، وَأَنَّهُ لَا يَعْلَمُ الْغَيْبَ، لِأَنَّ الْغَيْبَ لَا يَعْلَمُهُ إِلَّا اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ) .
وَلا أَقُولُ لَكُمْ عِنْدِي خَزائِنُ اللَّهِ وَلا أَعْلَمُ الْغَيْبَ ”ميں تمہیں یہ نہیں کہتا کہ میرے پاس اللہ کے خزانے ہیں، نہ ہی میں غیب جانتا ہوں۔“ یہ فرما کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کے سامنے اپنی عاجزی اور بے بسی کا تذکرہ کیا ہے، نیز یہ کہ اللہ تعالیٰ کے خزانے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس نہیں ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم ایسا دعویٰ بھی نہیں کرتے۔ یہ تو اللہ تعالیٰ کا انعام ہوتا ہے، جس بندے پر چاہے کرے۔ یہ بھی بتایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم غیب نہیں جانتے، کیونکہ غیب کا علم صرف اللہ تعالیٰ کے پاس ہے۔“ (الجامع لأحکام القرآن : 27، 26/9)
معلوم ہوا کہ نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے غزوۂ تبوک کے موقع پر جو یہ فرمایا تھا :
أَمَا إِنَّهَا سَتَهُبُّ اللَّيْلَةَ رِيحٌ شَدِيدَةٌ فَلَا يَقُومَنَّ أَحَدٌ وَمَنْ كَانَ مَعَهُ بَعِيرٌ فَلْيَعْقِلْهُ
”خبردار ! آج رات سخت آندھی چلے گی، لہٰذا کوئی بھی کھڑا نہ ہو اور جس کے پاس اونٹ ہو، اسے باندھ لے۔“ (صحيح البخاري : 1481، صحيح مسلم : 1392)
یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کی وحی سے فرمایا تھا۔ اللہ تعالیٰ نے اس واقعہ سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو پہلے ہی باخبر کر دیا تھا۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو آندھی آنے سے قبل ہی اس کی خبر مل گئی تھی، لیکن کوئی بھی اس خبر ملنے کی بنا پر صحابہ کرام کو عالم الغیب ثابت نہیں کرتا، تو نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے خبر ملنے پر عالم الغیب ثابت کرنا کیسے درست ہے ؟ حالانکہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم اور خود نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے فرامین میں جابجا اس بات کی صراحت فرمادی ہے کہ علم غیب اللہ تعالیٰ ہی کا خاصہ ہے، اس کے سوا کوئی غیب نہیں جانتا !
احاديثِ نبويه :
آئیے اس حوالے سے کچھ احادیث بھی ملاحظہ فرمالیں :
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
وَلَا يَعْلَمُ مَا فِي غَدٍ إِلَّا اللَّهُ
”کل کیا ہونے والا ہے ؟ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی نہیں جانتا۔“ ( صحيح البخاري : 7379)
ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کا بیان ہے :
حَدَّثَنَا الْحَسَنُ بْنُ جَرِيرٍ الصُّورِيُّ، نا إِسْمَاعِيلُ بْنُ أَبِي أُوَيْسٍ، نَا أَبِي، عَنْ يَحْيَى بْنِ سَعِيدٍ، عَنْ عَمْرَةَ، عَنْ عَائِشَةَ، أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَرَّ بِنِسَاءٍ مِنَ الْأَنْصَارِ فِي عُرْسٍ لَهُنَّ يُغَنِّينَ : … وَيَعْلَمُ مَا فِي غَدِ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : لَا يَعْلَمُ مَا فِي غَدٍ إِلَّا اللَّهُ
”نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا گزر انصار کی کچھ عورتوں کے پاس سے ہوا، جو اپنی ایک شادی میں یہ گنگنارہی تھیں۔۔۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کل کی بات کو جانتے ہیں۔ اس پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ”کل کی بات کو سواے اللہ تعالیٰ کے کوئی نہیں جانتا۔“ (المعجم الأوسط للطبراني : 3401، المعجم الصغیر للطبرانی : 343، المستدرك على الصحيحين للحاكم : 185/2، السنن الكبريٰ للبيھقي : 289/7، و سندہٗ حسنٌ)
اس حدیث و امام حاکم رحمہ اللہ نے ”امام مسلم کی شرط پر صحیح“ قرار دیا ہے۔ حافظ ذہبی رحمہ اللہ نے ان کی موافقت کی ہے۔
حافظ ہیثمی کہتے ہیں :
(وَرِجَالُهٗ رِجَالُ الصَّحِيحِ) ۔ ”اس حدیث کے راوی صحیح بخاری والے ہیں۔“ ( مجمع الزوائد : 290/4)
سیدنا جبرئیل علیہ السلام نے جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا: کہ قیامت کب ہے ؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” سبحان الله في خمس من الغيب لا يعلمهن إلا هو ﴿إِنَّ اللَّـهَ عِندَهُ عِلْمُ السَّاعَةِ وَيُنَزِّلُ الْغَيْثَ وَيَعْلَمُ مَا فِي الْأَرْحَامِ وَمَا تَدْرِي نَفْسٌ مَّاذَا تَكْسِبُ غَدًا وَمَا تَدْرِي نَفْسٌ بِأَيِّ أَرْضٍ تَمُوتُ إِنَّ اللَّـهَ عَلِيمٌ خَبِيرٌ﴾ (31-لقمان : 34)
”سبحان اللہ ! قیامت کا علم تو ان پانچ چیزوں میں شامل ہے، جو غیب سے تعلق رکھتی ہیں۔ انہیں سوائے اللہ تعالیٰ کے کوئی نہیں جانتا۔ ( پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ ٱیت کریمہ تلاوت فرمائی : ) ﴿إِنَّ اللَّـهَ عِندَهُ عِلْمُ السَّاعَةِ وَيُنَزِّلُ الْغَيْثَ وَيَعْلَمُ مَا فِي الْأَرْحَامِ وَمَا تَدْرِي نَفْسٌ مَّاذَا تَكْسِبُ غَدًا وَمَا تَدْرِي نَفْسٌ بِأَيِّ أَرْضٍ تَمُوتُ إِنَّ اللَّـهَ عَلِيمٌ خَبِيرٌ﴾ ( بلاشبہ اللہ ہی کے پاس قیامت کا علم ہے، وہی بارش نازل فرماتا ہے اور ارحام میں جو کچھ ہے، وہی اسے جانتا ہے۔ کوئی جان نہیں جانتی کہ وہ کل کو کیا کرے گی اور کسی کو معلوم نہیں کہ کسی زمین میں اسے موت آئے گی۔ بے شک اللہ تعالیٰ ہی خوب علم والا، خبر رکھنے والا ہے ) “ (مسند الإمام أحمد : 318/1، وسندہٗ حسنٌ)۔
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا عقیدہ :
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم جو ساری کائنات سے بڑھ کر پیکر نبوت و رسالت کی واقفیت رکھتے تھے، ان کا بھی یہی عقیدہ و نظریہ تھا کہ نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم غیب نہیں جانتے۔
٭ مؤمنوں کی ماں، ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں :
وَمَنْ حَدَّثَكَ أَنَّهُ يَعْلَمُ مَا فِي غَدٍ فَقَدْ كَذَبَ
”جو آپ کو یہ بتائے کہ نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کل ہونے والے واقعات کو جانتے تھے، اس نے جھوٹ بولا: ہے۔“ (صحیح بخاری : 4855)۔
صحیح مسلم (177) کے یہ الفاظ ہیں : وَمَنْ زَعَمَ أَنَّهُ يُخْبِرُ بِمَا يَكُونُ فِي غَدٍ، فَقَدْ أَعْظَمَ عَلَى اللهِ الْفِرْيَةَ، وَاللهُ يَقُولُ : قُلْ لَا يَعْلَمُ مَنْ فِي السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ الْغَيْبَ إِلَّا اللهُ(النمل : 65)۔
”جس کا یہ دعویٰ ہو کہ نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم آئندہ ہونے والی باتوں کی خبر دیتے تھے، اس نے اللہ تعالیٰ پر بہت بڑا جھوٹ باندھا ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ تو فرماتا ہے قُلْ لَا يَعْلَمُ مَنْ فِي السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ الْغَيْبَ إِلَّا اللهُ (النمل : 65) ( اے نبی ! آپ کہہ دیجئے کہ آسمانوں اور زمین میں کوئی ہستی، سوائے اللہ تعالیٰ کے، غیب نہیں جانتی)۔
مشہور صوفی ابومحمد ابن ابوحمزہ (م : 699 ھ) لکھتے ہیں :
وَفِي قَوْلِهِ وَلَا يَعْلَمُ مَا فِي غَدٍ إِلَّا اللَّهُ إِشَارَةٌ إِلَى أَنْوَاعِ الزَّمَانِ وَمَا فِيهَا مِنَ الْحَوَادِثِ وَعَبَّرَ بِلَفْظِ غَدٍ لِتَكُونَ حَقِيقَتُهُ أَقْرَبَ الْأَزْمِنَةِ وَإِذَا كَانَ مَعَ قُرْبِهِ لَا يَعْلَمُ حَقِيقَةَ مَا يَقَعُ فِيهِ مَعَ إِمْكَانِ الْأَمَارَةِ وَالْعَلَامَةِ فَمَا بَعُدَ عَنْهُ أَوْلَى وَفِي قَوْلِهِ وَلَا يَعْلَمُ مَتَى تَقُومُ السَّاعَةُ إِلَّا اللَّهُ إِشَارَةٌ إِلَى عُلُومِ الْآخِرَةِ فَإِنَّ يَوْمَ الْقِيَامَةِ أَوَّلُهَا وَإِذَا نَفَى عِلْمَ الْأَقْرَبِ انْتَفَى عِلْمُ مَا بَعْدِهِ فَجَمَعَتِ الْآيَةُ أَنْوَاعَ الْغُيُوبِ وَأَزَالَتْ جَمِيعَ الدَّعَاوِي الْفَاسِدَةِ
”نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس فرمان میں کہ (کل کی بات کو اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا ) مختلف زمانوں اور ان میں پیش آنے والے واقعات کی طرف اشارہ ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے غیب کی نفی کو کل کے لفظ سے تعبیر کیا ہے تاکہ اس کا اثبات قریب ترین زمانہ میں ہو۔ جب کل کے قریب ہونے اور اس میں ہونے والے واقعات کی علامات بھی موجود ہونے کے باوجود آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان کے بارے میں نہیں جانتے تھے، تو دور والے واقعات کا علم تو بالاولیٰ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو نہیں تھا۔ نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کہ (قیامت کب قائم ہوگی، سوائے اللہ تعالیٰ کے کوئی نہیں جانتا) میں علوم آخرت کی طرف اشارہ ہے۔ قیامت کا دن آخرت کا آغاز ہے۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سب سے پہلی چیز کے علم کی نفی کردی، تو اس کے بعد والے حالات کے علم کی نفی خود بخود ہوگئی۔ اس آیت کریمہ نے غیب کی تمام اقسام کو جمع کردیا ہے اور تمام غلط دعویٰ جات کی نفی کردی ہے۔“ (بھجة النفوس و تحلّيھا بمعرفة ما لھا وما عليھا : 272/4، ملخضا، فتح الباري لابن حجر : 365/13)
الحاصل :
علم غیب اللہ تعالیٰ کا خاصہ ہے۔ مخلوق میں سے کوئی بھی علم الغیب نہیں۔ قرآن کریم، احادیث نبویہ، فتایٔ صحابہ اور ائمہ مسلمین کا یہی فیصلہ ہے۔ نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس اللہ تعالیٰ کی وحی آتی تھی اور اس بناء پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے آئندہ کی کئی خبریں اپنی امت کو بتائیں۔ اگر اسے علم غیب کا نام دیا جائے، تو دنیا کا ہر شخص علم الغیب قرار پائے گا۔
السنہ جہلم شمارہ ۷۱، ص ۹۔۲