مقدمہ کتاب عیدین کے مسائل از شیخ محمد فاروق

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ محمد فاروق کی کتاب عیدین کے مسائل سے ماخوذ ہے۔

الحمد لله رب العالمين والصلٰوة والسلام على سيد المرسلين محمد صلی اللہ علیہ وسلم و آله و أصحابه أجمعين. أما بعد !
دینِ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، جو اہل اسلام کی اعتقادات و عبادات، خوشی و غمی اور نجی و معاشرتی زندگی میں کامل راہنمائی کرتا ہے۔ اس لیے چاہیے تو یہ تھا کہ ہر معاملہ میں شریعت سے رہنمائی لی جاتی، لیکن خوشی اور غم خاص طور پر دو ایسی چیزیں ہیں جن میں شریعتِ اسلامیہ کی حدود و قیود اور اسوۂ رسول ﷺ کی کوئی پروا نہیں کی جاتی اور ان دو معاملات میں لوگ حد سے زیادہ افراط کا شکار ہیں۔ خوشی و فرحت کے لمحات کو تہذیب و ثقافت اور نجی معاملات کا نام دے کر حیا باختہ، بے ہودہ اور شریعت سے متصادم ایسے افعال سرانجام دیے جاتے ہیں، جن کی کسی مسلمان سے امید نہیں کی جاسکتی۔ خوشی اور غم کی کیفیت میں بھی مسلمان کا معاملہ کفار و مشرکین اور بے دین لوگوں سے یکسر مختلف ہے، یہ شریعت کا پابند اور اسلامی روایات کا امین ہے۔ اسے قدم قدم پر کتاب و سنت سے راہنمائی لینے اور ہر دینی و معاشرتی مسئلہ میں اسوۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اختیار کرنے کی تاکید و تلقین ہے۔ لہذا ہر مسلمان اور توحید و سنت کے ہر پیروکار پر لازم ہے کہ خوشی و انبساط کے لمحات نصیب ہوں تو شریعت کے حدود و قیود اور دین کے دائرہ کار میں رہ کر اس سے مستفید ہو۔ خوشی و فرحت اور غم و اندوہ کی کیفیت میں شریعت کی پابندی کے پیش نظر ہی نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے مومن کا خاصہ قرار دیا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
عجبا لأمر المؤمن، إن أمره كله له خير، و ليس ذلك لأحد إلا للمؤمن، إن أصابته سراء شكر، فكان خيرا له، و إن أصابته ضراء صبر ، فكان خيرا له
”مومن (کی زندگی) کا ہر معاملہ باعثِ تعجب و حیرت ہے، بلاشبہ اس (کے دستورِ حیات) کا ہر معاملہ خیر (پر مشتمل) ہے اور یہ خوش نصیبی صرف مومن ہی کا نصیب ہے۔ (وہ اس طرح کہ) اگر اسے خوشی نصیب ہو تو یہ شکر کرتا ہے، جو اس کے لیے بہتر ہے اور اگر یہ مصیبت سے دوچار ہو تو صبر کرتا ہے اور (مصیبت پر صبر کرنا) اس کے حق میں بہتر ہے۔“
(صحیح مسلم، کتاب الزہد، باب المؤمن أمرہ کلہ خیر: 2999)
چونکہ عید الفطر اور عید الاضحیٰ اہل اسلام کے مذہبی تہوار اور خوشی کے دن ہیں، تو خوشی کے ان پر مسرت لمحات میں شریعت کی پابندی ملحوظ رکھی جائے اور ان ایام میں شرعی احکام اور سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان پر مسرت لمحات سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ رضائے الٰہی کو ملحوظ رکھا جائے۔ انہی چیزوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہم نے عیدین کے مسائل کو ترتیب دیا ہے اور ہم نے حتی المقدور اس کتاب میں عیدین کے متعلقہ تمام مسائل کا احاطہ کیا ہے، تاکہ متلاشیانِ دینِ حق، تشنگانِ علم اور شائقینِ علم و تحقیق مسائلِ عیدین سے کما حقہ بہرہ ور ہو سکیں۔

کچھ کتاب کے بارے میں: ۔

ہر مسئلہ کی علیحدہ عنوان کے تحت باب بندی کی گئی ہے اور کتاب و سنت کے دلائل اور صحابہ و تابعین، تبع تابعین اور ائمہ و محدثین کے آثار سے ہر مسئلہ کی حقانیت بیان کی گئی ہے۔ پھر اختلافی اقوال کو نقل کرنے کے بعد راجح مسئلہ کی نشاندہی کی گئی ہے اور کسی بھی مسئلہ کے متعلق ضعیف اور موضوع روایات کو مع سببِ ضعف بیان کر کے ان سے پیدا ہونے والے اعتراضات و اشکالات کا راستہ مسدود کیا گیا ہے۔
احادیث کی مکمل تخریج و تحقیق اور مسائل کا انتخاب و ترتیب مصنفِ کتاب کی ذاتی کاوش ہے اور احادیث کی صحت و ضعف میں بہت زیادہ عرق ریزی اور ذمہ داری سے کام لیا گیا ہے۔ لہذا شائقینِ علم و تحقیق اور متلاشیانِ دینِ حق اس سے بلا اضطراب مستفید ہو سکتے ہیں۔ نیز صاحبانِ علم و دستار سے التماس ہے کہ کتاب میں کہیں سقم یا تشنگی ہو تو ہمیں اس سے آگاہ کیا جائے۔ ایسے قیمتی مشوروں کو ضرور قبول کیا جائے گا۔
قارئینِ کرام ! اس کتاب میں جو حسن و خوبی ہے یہ خاص اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے اور اگر کوئی سقم یا نقص ہو تو ضرور مطلع کیجیے، تاکہ آئندہ ایڈیشن میں تصحیح کی جائے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ راقم کی اس کوشش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور اسے مسلمانوں کی رشد و ہدایت کا ذریعہ بنائے اور ہم سب کی نجات کا باعث بنائے۔ آمين