محبت کے اظہار کی فضیلت اور اسلامی تعلیمات
مؤلف : ڈاکٹر محمد ضیاء الرحمٰن اعظمی رحمہ اللہ

« باب إذا أحب الرجل أحدا فليخبره»
جب کوئی کسی سے محبت کرے تو اس کو بتائے

✿ «عن المقدام بن معدي كرب قال، قال الرسول الله صلى الله عليه وسلم، :إذا احب الرجل احدكم اخاه، فليخبره انه يحبه» [.صحيح: رواه أبو داود 5124، والترمذي 2392، وأحمد 17171، وصححه ابن حبان 507.]
حضرت مقدام بن معدی کرب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی شخص اپنے بھائی سے محبت کرے تو اس کو بتانا چاہیے کہ وہ اس سے محبت کرتا ہے۔“

✿ «عن أبى ذر أنه سمع رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول إذا أحب احدكم صاحبه فلياته يد فى منزله فليخبره انه يحبه. الله وقد جئتك فى منزلك.» [حسن: رواه عبد الله بن المبارك فى الزهد 712 ومن طريقه أحمد 21294]
حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: ”جب تم میں سے کوئی شخص اپنے ساتھی سے محبت کرتا ہے تو اس کو اس کے گھر جا کر بتانا چاہیے کہ وہ اس سے محبت کرتا ہے اور میں اسی غرض سے تمھارے پاس تمھارے گھر آیا ہوں۔“

✿ «عن مجاهد قال : لقيني رجل من أصحاب النبى صلى الله عليه وسلم فأخذ يمنكبي من ورائي قال أما إنى أحبك قال أحبك الذى أحببتني له فقال: لولا أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال إذا أحب الرجل الرجل فليخبره أنه أحبه ما أخبرتك قال : ثم أخذ يعرض على الخطبة. قال: أما إن عندنا جارية أما إنها عورا» [حسن: رواه البخاري فى الأدب المفرد 543.]
حضرت مجاہد بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب میں سے ایک صحابی سے میری ملاقات ہوئی۔ انھوں نے میرے دونوں کندھوں کو میرے پیچھے سے پکڑا، پھر فرمایا : سنو! میں تم سے محبت کرتا ہوں۔ میں نے کہا: میں بھی آپ سے محبت کرتا ہوں اس ذات کے لیے جس کی خاطر آپ مجھ سے محبت کرتے ہیں۔ تو ان صاحب نے فرمایا: اگر رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد نہ ہوتا کہ جب کوئی شخص کسی شخص سے محبت کرے تو اس کو بتا دے کہ وہ اس سے محبت کرتا ہے تو میں تمہیں کبھی نہ بتاتا۔ پھر وہ مجھے پیغام دینے لگے، مجاہد نے کہا: ہمارے پاس ایک لڑکی ہے۔ لیکن وہ کانی ہے۔

✿ «عن انس بن مالك، ان رجلا كان عند النبى صلى الله عليه وسلم فمر به رجل، فقال: يا رسول الله، إني لاحب هذا , فقال له النبى صلى الله عليه وسلم: اعلمته؟ قال: لا , قال: اعلمه , قال: فلحقه، فقال: إني احبك فى الله , فقال: احبك الذى احببتني» [صحيح: رواه أبو داود 5125، والنسائي فى عمل اليوم والليلة 182، وأحمد 12514. 12430.]
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک صاحب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تشریف فرما تھے۔ ایک دوسرے شخص کا ان پر سے گزر ہوا تو انھوں نے کہا: اے اللہ کے رسول ! میں اس شخص سے محبت کرتا ہوں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے پوچھا: ”کیا تم نے انھیں بتایا ہے ؟“ انھوں نے کہا: نہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”انھیں بتاؤ۔“ پھر وہ جا کر ان سے ملے اور ان سے کہا: یقیناً میں اللہ کی خاطر آپ سے محبت کرتا ہوں، تو اس شخص نے بھی کہا: جس ذات کے لیے تم مجھ سے محبت کرتے ہو اسی کی خاطر میں بھی تم سے محبت کرتا ہوں۔

✿ «عن ابن عمر قال: بينا أنا جالس عند النبى صلى الله عليه وسلم اذ اتاه رجل فسلم عليه ثم ولي عنه,فقلت: يا رسول الله إني لأحب هذا لله قال : فهل أعلمته ذاك قلت: لا قال: فاعلم ذاك أخاك قال فاتبعته فأدركته فاخذت بمنكبه فسلمت عليه وقلت: والله إنى لاحبك له. قال هو والله إنى لاحبك الله قلت: لولا الني صلى الله عليه وسلم مرني أن أعلمك لم أفعل » [حسن: رواه ابن حبان 569 والطبراني فى الأوسط – مجمع البحرين 4989. وفي الكبير 366/12]
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ انھوں نے فرمایا: میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں بیٹھا ہوا تھا، اتنے میں ایک شخص آیا اور اس نے آپ کو سلام کیا۔ پھر وہ مڑ کر جانے لگا تو میں نے کہا: اے اللہ کے رسول ! میں اس شخص سے اللہ کی خاطر محبت کرتا ہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کیا تم نے اس کو اس کے بارے میں بتایا؟“ ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں: میں اس کے پیچھے گیا، میں نے اس کو پا لیا، پھر میں نے اس کا کندھا پکڑ کر اس کو سلام کیا اور اس سے عرض کیا: اللہ کی قسم ! میں تم سے اللہ کے لیے محبت کرتا ہوں۔ اس نے کہا: اللہ کی قسم ! میں بھی تم سے اللہ کے لیے محبت کرتا ہوں۔ پھر میں نے کہا: اگر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تمھیں اس کی خبر دینے کا حکم مجھے نہ دیا ہوتا تو میں کبھی ایسا نہ کرتا۔

✿ «عن ابن عمر عن النبى صلى الله عليه وسلم إذا أحب أحدكم أخاه فليعلمه فإنه يجد له مثل الذى عنده.» [صحيح: رواه ابن أبى الدنيا فى الاخوان 74، والبيهقي فى الشعب 8595.]
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلى الله عليه وسلم نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی شخص اپنے بھائی سے محبت
کرتا ہے تو اس کو بتا دینا چاہیے کہ وہ بھی اس کے لیے اپنے دل میں ایسی ہی محبت رکھتا ہے۔“

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے