چہرے کے داغ دھبے دور کرنے کے لیے بعض کھانے پینے والی چیزوں کا استعمال
سوال:
میری بعض سہیلیاں داغ دھبوں اور چہرے پر نمودار ہونے والی چھائیوں کے علاج کی غرض سے انڈہ ، شہد اور دودھ استعمال کرتی ہیں ، کیا ان کے لیے ایسا کرنا جائز ہے؟
جواب:
یہ بات تو معلوم ہے کہ بلاشبہ کھانے پینے کی یہ اشیاء جن کو اللہ عزوجل نے غذاء بدن کے طور پر پیدا کیا ہے ، جب انسان ان کو کسی اور چیز میں جو نجس اور حرام نہ ہو جیسے علاج کے طور پر استعمال کرنے کی ضرورت محسوس کرے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے ، کیونکہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
هُوَ الَّذِي خَلَقَ لَكُم مَّا فِي الْأَرْضِ جَمِيعًا (2-البقرة: 29)
”وہی ہے جس نے زمین میں جو کچھ ہے سب تمہارے لیے پیدا کیا ۔“
پس اللہ تعالیٰ کا فرمان لکم تمہارے لیے ہر قسم کا فائدہ اٹھانے پر مشتمل ہے ، بشرطیکہ وہ فائدہ اٹھانا حرام نہ ہو ۔ رہا کھانے پینے والی ان اشیاء کو چہرے وغیرہ کی خوبصورتی کے لیے استعمال کرنا تو گزارش یہ ہے کہ خوبصورتی حاصل کرنے کے لیے کھانے پینے کی ان اشیاء کے علاوہ دوسری اشیاء جو موجود ہے ان کا استعمال اولیٰ اور بہتر ہے ۔
نیز آگاہ رہو کہ بلاشبہ خوبصورتی حاصل کرنے میں کوئی حرج تو نہیں ہے بلکہ یقیناًً اللہ تعالیٰ خوبصورت ہیں اور خوبصورتی کو پسند کرتے ہیں لیکن اس میں ایسی فضول خرچی کرنا کہ یہ انسان کی سب سے بڑی فکر اور اہتمام والی چیز بن کے رہ جائے ، وہ اس طرح کہ انسان خوبصورتی کے حصول کا بہت زیادہ اہتمام کرے اور دین و دنیا کے بڑے مصالح سے اکثر غفلت کیا کرے تو یہ مناسب اور لائق نہیں ہے ، کیونکہ ایسا کرنا اسراف و فضول خرچی میں داخل ہے ، اور اسراف کو اللہ عز وجل پسند نہیں فرماتے ۔
(محمد بن صالح العثیمین رحمہ اللہ )