عدت کے دوران نکاح یا رشتہ بھیجنے کا شرعی حکم
یہ اقتباس شیخ مبشر احمد ربانی کی کتاب احکام و مسائل کتاب و سنت کی روشنی میں سے ماخوذ ہے۔

سوال:

کیا عورت دوران عدت کسی سے شادی کر سکتی ہے، یا اسے صراحتا پیغام نکاح دیا جا سکتا ہے؟

جواب:

دوران عدت عورت کسی دوسرے مرد سے نکاح نہیں کر سکتی اور نہ کوئی مرد اسے صراحاً نکاح کا پیغام دے سکتا ہے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ نے فرمایا:
﴿وَلَا جُنَاحَ عَلَيْكُمْ فِيمَا عَرَّضْتُم بِهِ مِنْ خِطْبَةِ النِّسَاءِ أَوْ أَكْنَنتُمْ فِي أَنفُسِكُمْ ۚ عَلِمَ اللَّهُ أَنَّكُمْ سَتَذْكُرُونَهُنَّ وَلَٰكِن لَّا تُوَاعِدُوهُنَّ سِرًّا إِلَّا أَن تَقُولُوا قَوْلًا مَّعْرُوفًا ۚ وَلَا تَعْزِمُوا عُقْدَةَ النِّكَاحِ حَتَّىٰ يَبْلُغَ الْكِتَابُ أَجَلَهُ ۚ وَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ يَعْلَمُ مَا فِي أَنفُسِكُمْ فَاحْذَرُوهُ ۚ وَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ غَفُورٌ حَلِيمٌ﴾ (البقرة : 235)
”اور( عدت کے زمانہ میں) تم ان عورتوں کے ساتھ پیغام نکاح کا ارادہ اشارے و کنائے میں ظاہر کرو، یا دل میں چھپائے رکھو، (دونوں صورتوں میں کوئی حرج نہیں۔ اللہ تعالیٰ جانتا ہے کہ ان کا خیال تمھارے دلوں میں آئے گا، مگر خفیہ عہد و پیمان نہ کرنا، اگر کوئی بات کرنی ہے تو معروف طریقے سے کرو اور عقد نکاح باندھنے کا فیصلہ اس وقت تک نہ کرو جب تک عدت پوری نہ ہو جائے۔ اچھی طرح جان لو اللہ تمھارے دلوں کا حال جانتا ہے، لہذا اس سے ڈرو اور جان لو کہ اللہ بہت زیادہ بخشنے والا اور کمال بردبار ہے۔“
معلوم ہوا کہ دوران عدت نکاح جائز نہیں اور نہ مرد کھل کر پیغام نکاح دے سکتا ہے۔ اشارے و کنائے میں پیغام دینا جائز ہے۔ جب تک طلاق رجعی ہوتی ہے اور عورت دوران عدت ہو تو اس کا پہلے شوہر سے سلسلہ باقی ہوتا ہے، عدت ختم ہونے پر عورت اس کے نکاح سے خارج ہوتی ہے۔ اسی طرح طلاق مغلظہ کے بعد بھی عدت گزارنا ضروری ہے، عدت گزر جانے کے بعد دوسرے آدمی سے نکاح کیا جا سکتا ہے۔ دوران عدت نکاح کر لینا بالکل ناجائز و حرام ہے، جو لوگ حلالہ یا کسی دوسری صورت میں ایسا عقد قائم کرتے ہیں وہ حدود اللہ کی پامالی کرتے ہیں اور کتاب و سنت کے ساتھ کھیل کھیلتے ہیں، انھیں ایسے امور سے مکمل اجتناب کرنا چاہیے۔

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے