سوال:
کالے کپڑے پہننے کا کیا حکم ہے؟
جواب:
شرعی طور پر سیاہ لباس پہننے میں کوئی قباحت نہیں۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے ایک روایت نقل کی ہے۔ ام خالد رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس کپڑے لائے گئے، ان میں ایک چھوٹی سیاہ چادر تھی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
تمھارا کیا خیال ہے، ہم یہ چادر کسی کو پہنائیں؟ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم خاموش رہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میرے پاس ام خالد بنت خالد کو لاؤ۔“ اسے اٹھا کر لایا گیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ہاتھ میں چادر پکڑی اور اسے پہنا دی اور فرمایا: ”اسے بوسیدہ و پرانا کرو۔“ اس چادر میں سبز یا زرد نشانات تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اے ام خالد! یہ اچھا ہے۔“
(بخاری، کتاب اللباس، باب الخمیصة السوداء 5823)
بخاری ہی میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیاہ چادر کا بھی ذکر ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ سیاہ لباس پہننا درست ہے۔ لیکن یہ یاد رہے کہ بعض مخصوص ایام میں مشابہت کی وجہ سے اجتناب کیا جائے۔