روزے کی حالت میں ٹیکہ لگوانا اور ٹوتھ پیسٹ استعمال کرنا :۔
سوال :۔
میں نے رمضان المبارک میں روزے کی حالت میں وریدی انجکشن لگوایا تھا تو کیا اس دن کا روزہ صحیح شمار ہوگا یا مجھ پر اس کی قضا واجب ہے؟
فتوی :۔
اگر یہ انجکشن جسم کو غذا یا طاقت فراہم کرنے والا ہے تو یہ روزے کو توڑ دیتا ہے چاہے یہ ورید میں لگے یا جسم کے کسی اور حصے میں۔
سوال :۔
کیا میرے لئے جائز ہے کہ روزہ رکھنے کے بعد ٹوتھ پیسٹ، برش استعمال کروں اور اگر یہ جائز ہو تو کیا برش کے استعمال کے دوران نکلنے والے خون کے باعث روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
فتوی :۔
روزہ رکھنے کے بعد دانتوں پر پانی، مسواک یا برش استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں گو کہ بعض علماء نے روزہ دار کے لئے زوال کے بعد مسواک کے استعمال کو مکروہ سمجھا ہے کیونکہ یہ روزہ دار کے منہ کی متغیر بو کو زائل کر دیتا ہے جو اللہ کو بہت پسند ہے، مگر صحیح یہ ہے کہ مسواک کا استعمال دن کے پہلے اور آخری سبھی حصوں میں جائز ہے اور اس کا استعمال روزے دار کے منہ کی متغیر بو کو زائل نہیں کرتا بلکہ وہ تو صرف دانتوں کو اور منہ کو بو، گندگی اور کھانے کے بچے ہوئے اجزا سے صاف کرتا ہے۔ جہاں تک ٹوتھ پیسٹ کے استعمال کا سوال ہے تو اس کا مکروہ ہونا ظاہر ہے کیونکہ اس میں ایک خاص بو اور ذائقہ ہوتا ہے جو بعض اوقات لعاب دھن میں شامل ہو جاتا ہے اور اس کو نگلنے سے بچا نہیں جاسکتا، تو جس شخص کے لئے اس کا استعمال ضروری ہو اس کو چاہئے کہ اس کو سحری کھانے کے بعد طلوع فجر سے پہلے استعمال کرے اور اگر دن کے وقت اس احتیاط کے ساتھ استعمال کر لے کہ لعاب دھن کو نگلنے سے بچ سکے تو ضرورت کے پیش نظر اس میں بھی کوئی حرج نہیں، اگر برش کے استعمال کے دوران مسواک کرتے ہوئے یا وضو کرتے ہوئے دانتوں سے معمولی مقدار میں خون نکل آئے تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔