روزے میں دن کے وقت ٹوتھ پیسٹ استعمال کرنے کا حکم

فونٹ سائز:
یہ اقتباس فضیلتہ الشیخ مُبشر احمد ربانی رحمہ اللہ کی کتاب احکام و مسائل رمضان سے ماخوذ ہے۔

روزے میں دن کے وقت ٹوتھ پیسٹ استعمال کرنے کا حکم :۔

سوال :۔

کیا روزے دار کے لیے رمضان میں دن کے وقت روزے کی حالت میں ٹوتھ پیسٹ استعمال کرنا جائز ہے؟

فتوی :۔

اس میں کوئی حرج نہیں بشرطیکہ یہ احتیاط کی جائے کہ اسے نگلنے نہ پائے۔ جس طرح روزہ دار کے لیے دن کے ابتدائی اور آخری حصہ میں مسواک کرنا جائز ہے، اسی طرح ٹوتھ پیسٹ یا منجن وغیرہ استعمال کرنا بھی جائز ہے۔ بعض اہل علم نے زوال کے بعد مسواک کرنے کو مکروہ قرار دیا ہے مگر یہ ایک مرجوح قول ہے اور صحیح بات یہی ہے کہ کسی وقت بھی مسواک کرنا مکروہ نہیں ہے کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد کے عموم کا یہ تقاضا ہے :
السواك مطهرة للفم ومرضاة للرب
”مسواک کرنا منہ کی صفائی و پاکیزگی اور رب کے راضی ہونے کا سبب ہے۔“
(سنن النسائی الطہارۃ باب الترغیب فی السواک ح : 5)
اسی طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی فرمایا ہے :
لولا أن أشق على أمتي لأمرتهم بالسواك مع كل صلاة
”اگر امت کے مشقت میں پڑ جانے کا اندیشہ نہ ہوتا تو میں ہر نماز کے ساتھ مسواک کرنے کا حکم دیتا۔“
(صحیح بخاری الجمعۃ باب السواک یوم الجمعۃ ح : 887 ، صحیح مسلم الطہارۃ باب السواک ح : 252)
ہر نماز میں تو ظہر اور عصر بھی شامل ہیں اور یہ زوال کے بعد ہیں۔ (لہذا معلوم ہوا کہ زوال کے بعد مسواک کرنا بھی مکروہ نہیں ہے۔)