وعن ابي هريرة رضى الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: تعس عبد الدينار والدرهم والقطيفة إن اعطي رضي وإن لم يعط لم يرض . اخرجه البخاري
” ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ہلاک ہو گیا دینار، درہم اور چادر کا غلام اگر اسے دیا جائے تو خوش ہو جاتا ہے اور اگر اسے نہ دیا جائے تو خوش نہیں ہوتا۔ “
تخریج : [بخاري 6435] وغیرہ دیکھئے [تحفته الاشراف 431/9، 439/9 ]
مفردات : تَعِسَ مَنَعَ اور سَمِعَ دونوں کے وزن پر آتا ہے جب کسی کو مخاطب کرنا ہو تو مَنَعَ استعمال کرتے ہیں مثلا تَعَسْتَ اور جب کسی کے بارے میں بیان کرنا ہو تو فَرِح کی طرح مثلاً تَعِسَ فُلَانٌ اس کا معنی ہلاک ہو گیا، پھسل گیا، گر گیا۔ [قاموس ]
اَلْقَطِيْفَةِ وہ چادر جس کو جھالر لگی ہو۔
فوائد :
➊ اس حدیث میں دینار، درہم اور چادر کا ذکر بطور مثال ہے مراد یہ ہے کہ وہ آدمی دنیا کی طلب میں اس مقام پر جا پہنچا کہ دنیا کی چیزیں اس کے مالک کی طرح اسے ہر طرف لیے پھرتی ہیں انہیں حاصل کرنے کے لیے وہ ہر ذلت برداشت کرنے کے لئے تیار ہے جس طرح غلام مالک کا ہر حکم مانتا ہے اس کی خوشی اور ناخوشی بھی اسی کے ارد گرد گھومتی ہے کہ اس کی پسندیدہ دنیا کی چیز اسے ملتی ہے یا نہیں اللہ تعالیٰ نے منافقین کے متعلق فرمایا :
وَمِنْهُم مَّن يَلْمِزُكَ فِي الصَّدَقَاتِ فَإِنْ أُعْطُوا مِنْهَا رَضُوا وَإِن لَّمْ يُعْطَوْا مِنْهَا إِذَا هُمْ يَسْخَطُونَ [ 9-التوبة:58 ]
“اور بعض لوگ ان میں سے ایسے ہیں کہ صدقات کی تقسیم میں تجھ پر طعن کرتے ہیں۔ اگر ان کو کچھ مل جاتا ہے تو خوش ہو جاتے ہیں اور اگر نہیں ملتا تو فورا بگڑ بیٹھتے ہیں۔ “
پھر دنیا میں لوگوں کی پسندیدہ چیزیں بھی مختلف ہیں کوئی مال کا بھوکا ہے، کوئی عہدہ کا،کوئی حسینوں کا غلام ہے، کوئی جائیداد اور کوٹھیوں کے چکر میں گرفتار ہے۔
➋ انسان کی پیدائش کا اصل مقصد اللہ کی عبادت کرنا ہے۔
وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنسَ إِلَّا لِيَعْبُدُونِ [51-الذاريات:56]
“اور میں نے جن و انس کو اسی لیے پیدا کیا کہ وہ میری عبادت کریں۔ “
اس لئے اس کا اصل مقصد اللہ کی رضا ہونا چاہیے دنیا کمانا یا اس کی خواہش رکھنا منع نہیں شرط صرف یہ ہے کہ آدمی ان چیزوں کا غلام نہ بنے بلکہ اللہ کا غلام بنے یہ چیزیں اس کو اللہ کی غلامی سے غافل نہ کر دیں۔ بلکہ وہ دنیا بھی اسی لیے حاصل کرے کہ وہ اللہ کی بندگی میں اس کی معاون ہو گی۔ ان لوگوں کی طرح نہ ہو جائے جن کا ذکر اللہ تعالیٰ نے اس آیت میں فرمایا ہے :
وَمِنَ النَّاسِ مَن يَعْبُدُ اللَّـهَ عَلَى حَرْفٍ فَإِنْ أَصَابَهُ خَيْرٌ اطْمَأَنَّ بِهِ وَإِنْ أَصَابَتْهُ فِتْنَةٌ انقَلَبَ عَلَى وَجْهِهِ خَسِرَ الدُّنْيَا وَالْآخِرَةَ ذَلِكَ هُوَ الْخُسْرَانُ الْمُبِينُ [22-الحج:11]
”اور لوگوں میں سے ایک وہ بھی ہے جو اللہ کی عبادت کنارے پر (رہ کر) کرتا ہے سو اگر اسے بھلائی حاصل ہو جائے تو اس کے ساتھ مطمئن ہو جاتا ہے اگر اسے آزمائش آ جائے تو اپنے چہرے پر پھر جاتا ہے۔ یہ دنیا اور آخرت میں نامراد ہو گیا واقعی یہ کھلا نقصان ہے۔ “