حیا کی فضیلت اور اس کا ایمان سے تعلق
ماخوذ: شرح کتاب الجامع من بلوغ المرام از ابن حجر العسقلانی، ترجمہ: حافظ عبد السلام بن محمد بھٹوی

وعن ابن عمر رضي الله عنهما قال: قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: ‏‏‏‏الحياء من الإيمان ‏‏‏‏ متفق عليه.
” ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : حیا ایمان ہے۔ “ [متفق عليه ]
تخریج :
[بخاري 24] ، [ مسلم الايمان/373] ، دیکھئے [تحفته الاشراف 388/5] [373/5] [429/9] [42/9] [9/11] [16/11] [11/11]
مفردات :
اَلْحَيَاءُ شرم، طبیعت کا کسی کام سے اس لیے رک جانا کہ اسے کرنے سے مذمت کا یا عیب لگنے کا خطرہ ہو یہ صرف انسان کی خصوصیت ہے ورنہ وہ بھی جانوروں کی طرح جو بھی دل میں آتا کر گزرتا۔ شرع میں حیا ایک ایسی عادت کو کہتے ہیں جو آدمی کو قبیح کام سے بچنے اور حق والوں کے حقوق کی ادائیگی میں کوتاہی سے بچنے پر آمادہ رکھتی ہے۔

فوائد :
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کس موقعہ پر یہ الفاظ کہے ؟
صحیح بخاری میں مکمل حدیث اس طرح ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک انصاری کے پاس سے گزرے جو اپنے بھائی کو حیا کے متعلق نصیحت کر رہا تھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
دعه فان الحياء من الايمان
” اسے رہنے دو کیونکہ حیا ایمان سے ہے۔ “
امام بخاری رحمہ اللہ کی کتاب الادب المفرد میں ہے يعاتب اخاه اپنے بھائی پر ناراض ہو رہا تھا۔ معلوم ہوتا ہے کہ وہ بھائی حیا کی وجہ سے لوگوں سے اپنے حقوق بھی پوری طرح وصول نہیں کر سکتا تھا تو اس کے بھائی نے اسے نصیحت کی اور ناراض بھی ہوا کہ تم حیا کی وجہ سے اپنا نقصان کر رہے ہو تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اسے رہنے دو کیونکہ حیا ایمان سے ہے یعنی اگر حیا کی وجہ سے یہ اپنا کوئی حق وصول نہ کر سکا تو وہ حق اس کے لیے اجر کا باعث ہو گا۔ بعض احادیث میں آیا ہے :
الحياء كله خير
”حیا ساری کی ساری خیر ہے۔ “
اور :
الحياء لا ياتي الا بخير
” حیا خیر کے علاوہ کچھ نہیں لاتی۔ “
حیا ایمان سے کس طرح ہے ؟
بعض علماء نے اس کی تفسیر یہ فرمائی کہ حیا آدمی کو برائی سے روک دیتی ہے جس طرح ایمان بندے کے لیے گناہ سے رکاوٹ بن جاتا ہے۔ اس مشابہت سے اسے ایمان کہا گیا۔ لیکن اس تفسیر کی رو سے حیا ایمان کا مشابہ قرار پاتی ہے یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ وہ ایمان سے ہے۔
اس لیے اس کا معنی دوسری حدیث کو مدنظر رکھ کر کریں تو بہتر ہے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
الايمان بضع وستون شعبة والحياء شعبة من الايمان [صحيح بخاري ح9]
” ایمان ساٹھ سے زائد شاخوں کا نام ہے اور حیا ایمان کی ایک شاخ ہے۔ “
اس سے معلوم ہوا کہ جس طرح کلمہ، نماز، روزہ، اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت اور دوسری چیزیں ایمان کا حصہ ہیں اسی طرح حیا بھی ایمان کے درخت کی ایک شاخ اور اس کا حصہ ہے۔
الحياء من الايمان کا ایک معنی یہ بھی ہو سکتا ہے کہ تمہارے بھائی کی یہ حیا ایمان کا نتیجہ ہے اور اس میں یہ خوبی ایمان کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے۔
حیا کی قسمیں :
اللہ تعالیٰ جن چیزوں کو ناپسند کرتا ہے ان سے رکنا حیا ہے۔ عقلاً جو چیزیں ناپسندیدہ ہیں ان سے رکنا حیا ہے اور لوگ جن چیزوں کو برا جانتے ہوں ان سے رکنا بھی حیا ہے، مگر اصل حیا اللّٰہ اور اس کے رسول کی ناپسندیدہ چیزوں سے اجتناب ہے۔ بعض لوگ کئی نیکی کے کام نہیں کرتے مثلاً امر بالمعروف اور نہی عن المنکر اور کہتے ہیں ہمیں حیا آتی ہے لیکن یہ حیا نہیں بزدلی ہے، حیا ناپسندیدہ کام سے اجتناب ہے نیکی سے اجتناب حیا نہیں۔

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

توحید ڈاٹ کام پر پوسٹ کردہ نئے اسلامی مضامین کی اپڈیٹس کے لیئے سبسکرائب کریں۔