إِنَّ مِنْ أَفْرَى الْفِرَى أَنْ يُرِيَ عَيْنَيْهِ مَا لَمْ تَرَ
” سب سے بڑا جھوٹ یہ ہے کہ انسان ایسا خواب بیان کرے جو اس نے دیکھا ہی نہیں ہے۔ “ [صحيح بخاري/التعبير : 7043 ]
فوائد :
جھوٹ ایک ایسی مہلک بیماری ہے کہ اس سے بےشمار معاشرتی برائیاں جنم لیتی ہیں۔ جھوٹا انسان بظاہر غلط بیانی کر کے اپنا کوئی فائدہ حاصل کر لیتا ہے یا کسی نقصان سے بچ جاتا ہے لیکن جب اس کا جھوٹ ظاہر ہو جاتا ہے تو اسے انتہائی رسوائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ معاشرے میں ایسے بے شمار لوگ ہیں جن کے جھوٹے کردار کی وجہ سے خود اہل خانہ بھی ان پر اعتماد نہیں کرتے۔ جھوٹ کی سنگینی کا اندازہ اس امر سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
” انسان سے اسلام لانے کے بعد ہر گناہ کا صدور ممکن ہے لیکن جھوٹ اور خیانت کا ارتکاب اس سے انتہائی بعید ہے۔ “ [مسند احمد : 5/252 ]
جھوٹے خواب بیان کرنا بھی جھوٹ کی بدترین قسم ہے۔ کچھ لوگ جھوٹے خواب بیان کر کے اپنے تقدس کو بزور منوانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے بدترین جھوٹ قرار دیا ہے بلکہ آپ صلى اللہ علیہ وسلم نے ایسا کرنے کے متعلق سخت وعید بیان کی ہے۔ آپ صلى اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
”جس شخص نے دیکھے بغیر جھوٹا خواب بیان کیا۔ قیامت کے دن اسے جو کے دو دانوں کے درمیان گرہ لگانے پر مجبور کیا جائے گا لیکن وہ ایسا ہر گز نہیں کر سکے گا۔ “ [صحيح بخاري/التعبير 7042 ]
ان احادیث کے پیش نظر ہمیں جھوٹ سے اجتناب کرنا چاہئے، خاص طور پر اپنی بزرگی ثابت کرنے کے لئے جھوٹے خواب بیان کرنے سے گریز کیا جائے۔ خواتین میں اس طرح کی بری عادت ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے ہاں یہ کام سنگین جرم ہے۔ قیامت کے دن اس کے متعلق باز پرس ہو گی۔