مرکزی مواد پر جائیں
18 شعبان، 1447 ہجری

بنک میں روپے جمع کروانے کا شرعی حکم قرآن و حدیث کی روشنی میں

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ مبشر احمد ربانی کی کتاب احکام و مسائل کتاب و سنت کی روشنی میں سے ماخوذ ہے۔

سوال :

بنک میں روپے جمع کروانے ہوں تو کس اکاؤنٹ میں کھاتا کھولنا چاہیے؟ میں ایک سرکاری ملازم ہوں اور ہماری تنخواہیں بھی بنک میں آتی ہیں تو ہم کس اکاؤنٹ میں روپے جمع کروا ئیں؟

جواب :

بلاشبہ بنک کا نظام سودی کاروبار پر مشتمل ہے۔ اس میں دو طرح کے اکاؤنٹ ہوتے ہیں، ایک سیونگ اکاؤنٹ اور دوسرا کرنٹ اکاؤنٹ۔
سیونگ اکاؤنٹ ناجائز ہوتا ہے کہ یہ سود ہے اور سود لینے دینے پر مشتمل ہے اور سود لینا یا دینا حرام ہے۔ اللہ تعالٰی نے سود کی حرمت قرآن حکیم میں واضح کی ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
﴿وَأَحَلَّ اللَّهُ الْبَيْعَ وَحَرَّمَ الرِّبَا فَمَنْ جَاءَهُ مَوْعِظَةٌ مِنْ رَبِّهِ فَانْتَهَىٰ فَلَهُ مَا سَلَفَ وَأَمْرُهُ إِلَى اللَّهِ وَمَنْ عَادَ فَأُولَٰئِكَ أَصْحَابُ النَّارِ هُمْ فِيهَا خَالِدُونَ﴾
(البقرة: 275)
”اللہ تعالٰی نے بیع حلال کی ہے اور سود حرام کیا ہے تو جس کے پاس اس کے رب کی طرف سے نصیحت آگئی اور وہ باز آگیا تو اس کے لیے ہے جو گزر چکا اور اس کا معاملہ اللہ کے سپرد ہے اور جو کوئی واپس پلٹا تو وہ آگ والے ہیں، وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے۔“
اور رسول اللہ صلى الله عليه وسلم نے سود کھانے اور کھلانے والوں پر لعنت کی ہے۔ سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:
لعن رسول الله صلى الله عليه وسلم آكل الربا ومؤكله وكاتبه وشاهديه وقال هم سواء
(مسلم، کتاب المساقاة، باب لعن آكل الربا وموكله 1598)
”اللہ کے رسول صلى الله عليه وسلم نے سود کھانے والے کھلانے والے، لکھنے والے اور اس کے دونوں گواہوں پر لعنت کی ہے اور فرمایا کہ لعنت میں یہ سب برابر ہیں۔“
(مسلم، کتاب المسافاة، باب لعن أكل الربا وموكله 1598)
کرنٹ اکاؤنٹ میں اگرچہ سود لینا دینا نہیں لیکن یہ سودی کاروبار میں تعاون ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
﴿وَتَعَاوَنُوا عَلَى الْبِرِّ وَالتَّقْوَىٰ وَلَا تَعَاوَنُوا عَلَى الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ﴾
(المائدة: 2)
”اور نیکی اور تقویٰ کے کاموں میں ایک دوسرے سے تعاون کرو، گناہ اور زیادتی کے کاموں میں ایک دوسرے سے تعاون نہ کرو۔“
جابر رضی اللہ عنہ کی حدیث پر غور کریں کہ سود کھانے اور کھلانے والے پر تو لعنت ہوئی کہ انھوں نے کچھ لیا اور دیا ہے، جبکہ سود لکھنے والے اور گواہ بننے والوں نے کچھ نہ لیا اور نہ دیا ہے، ان پر لعنت کیوں؟ اور یہ گناہ میں ان کے برابر کیوں؟ صرف اس لیے کہ یہ سود پر معاون بن رہے ہیں، لہذا ہر وہ معاملہ جس میں سود پر معاونت ہوتی ہے اس سے مکمل اجتناب کریں اور بنک کاری کے نظام سے نجات حاصل کریں۔ آپ کی تنخواہ جو بنک کے ذریعہ سے ملتی ہے اس کو وصول کریں، وہاں جمع نہ کروائیں۔

اہم: ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر واٹس اپ پر اطلاع دیں یا ای میل کریں۔