قرآن کے ذریعے علاج معالجہ کرنا
تحریر: فتویٰ علمائے حرمین

سوال: کیا اس معاملے میں قرآن کے ذریعے علاج معالجہ کرنا جائز ہے جس میں کوئی نص موجود نہ ہو؟
جواب: قرآن مجید کی کوئی سورت یا آیات کسی پلیٹ ، مٹی کے کورے برتن یا کاغذ پر لکھنا اور اس کو پانی یا زعفران وغیرہ سے دھونا اور حصول برکت ، حصول علم ، کسب مال یا صحت اور عافیت وغیرہ کی امید پر اس کو پینے کے متعلق ہمیں نبی صلى اللہ علیہ وسلم سے ثابت کوئی حدیث معلوم نہیں ہے کہ آپ صلى اللہ علیہ وسلم نے اپنی ذات کے لیے یا کسی اور کے لیے مذکورہ عمل کیا ہو ، اور نہ ہی اس کا کوئی ثبوت ہے کہ آپ صلى اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام میں سے کسی کو اس کی اجازت دی ہو یا اپنی امت کو اس کی رخصت دی ہو ، باوجود اس کے کہ اس عمل کی طرف لانے والے دواعی و اسباب موجود تھے ۔
لہٰذا اس بنا پر اس عمل کا ترک ہی اولی اور بہتر ہے ۔ اور یہ کہ انسان اس مستغنی و بے پرواہ ہو کر قرآن اور اللہ کے اسماء حسنی کے ساتھ وہ دم جو شریعت سے ثابت ہے اس کو اختیار کرے ، نیز وہ اذکار اور مسنون دعائیں پڑھے جن کے معانی صاف اور معروف ہوں جن میں شرک کا شائبہ تک نہ ہو
تاکہ وہ مشروع اعمال کے ساتھ اللہ کا قرب حاصل کرے ثواب کی امید کے ساتھ ، اور اس امید کے ساتھ کہ اللہ تعالیٰ اس کا رنج وغم دور کر دے اور اس کو نفع مند علم عطا کرے اور بس اسی پر اکتفا کرے ۔ جو شخص اللہ کے مشروع اعمال پر اکتفا کرے گا اللہ تعالیٰ اس کو دوسروں سے بے نیاز کر دے گا ۔ واللہ الموفق (سعودی فتوی کمیٹی )
سوال: قرآنی تعویذات یعنی ایک پلیٹ میں روغن زیتون یا زعفران سے قرآنی آیات لکھ کر ان پر پانی ڈال کر ان کو دھو کر اس کو پینے کاکیا حکم ہے؟
جواب: مذکورہ چیزوں کے ساتھ قرآن مجید کو اس طرح لکھنا اور تحریر شدہ آیات کو دھو کر پیناجائز نہیں ہے ۔ (عبدالرزاق عفیفی رحمہ اللہ )
پانی پر قرآن مجید پڑھ کر اس کو پینے یا اس سے غسل کرنے کا حکم
سوال: پانی یا کھانے والی کسی چیز پر قرآن مجید پڑھنے اور اس کو کھانے پینے کا کیا حکم ہے؟
جواب: اپنی حسب منشاء کسی بھی چیز پر قرآن پڑھ کر دم کرنا جائز ہے ، اسی طرح مریض یا کھانے پینے والی کسی بھی چیز پر دم کرنا جائز ہے ۔
(عبدالرزاق عفیفی رحمہ اللہ )

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
پرنٹ کریں
ای میل
ٹیلی گرام
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته، الحمد للہ و الصلٰوة والسلام علٰی سيد المرسلين

بغیر انٹرنیٹ مضامین پڑھنے کے لیئے ہماری موبائیل ایپلیکشن انسٹال کریں!

نئے اور پرانے مضامین کی اپڈیٹس حاصل کرنے کے لیئے ہمیں سوشل میڈیا پر لازمی فالو کریں!