سوال :
فوت شدہ شخص کو بار بار خواب میں دیکھنے کی کیا تعبیر ہے ؟
جواب :
اگر فوت شدہ شخص خواب میں اچھی حالت میں نظر آئے تو اس کے لئے خیر کی امید رکھنی چاہیے اور اگر حالت کچھ اور ہو تو یہ شیطانی کار گزاری بھی ہو سکتی ہے کیونکہ شیطان کسی بھی شخص کا غیر پسندیدہ روپ دھار سکتا ہے۔ اس سے اس کا مقصد زندہ لوگوں کو حزن و ملال میں مبتلا کر دینا ہوتا ہے۔ فرمان باری تعالیٰ ہے :
«إِنَّمَا النَّجْوَى مِنَ الشَّيْطَانِ لِيَحْزُنَ الَّذِينَ آمَنُوا وَلَيْسَ بِضَارِّهِمْ شَيْئًا إِلَّا بِإِذْنِ اللَّـهِ» [58-المجادلة:10]
”بری سرگوشیاں بس شیطان ہی کی طرف سے ہیں تاکہ وہ مسلمانوں کو غم میں مبتلا کرے اور وہ انہیں کچھ بھی نقصان نہیں پہنچا سکتا مگر اللہ کے ارادے سے۔“
اس بناء پر اگر کوئی شخص کسی فوت شدہ کو خواب کے دوران غیر پسندیدہ حالت میں دیکھے تو اسے اللہ تعالیٰ کی شیطان مردود سے پناہ مانگنی چاہیئے اور کسی کو اس کے بارے میں آگاہ نہیں کرنا چاہئے۔ اس طرح میت کو نقصان نہیں ہو گا، اسی طرح جو شخص بھی خواب میں کسی غیر پسندیدہ چیز کو دیکھے تو شیطان کے شر سے اللہ کی پناہ مانگے۔ تین بار بائیں طرف تھوک دے اور جس کروٹ پر سو رہا تھا وہ کروٹ تبدیل کرے اگر وہ وضوء کر کے نماز پڑھ سکے تو بہت ہی بہتر ہے اور جو کچھ اس نے خواب میں دیکھا ہو اس کے متعلق کسی کو آگاہ نہ کرے اس طرح اس نے جو کچھ دیکھا اسے نقصان نہیں پہنچائے گا۔
(محمد بن صالح عثیمین)