عید الفطر کے لیے جانے سے پہلے کچھ کھانا اور عیدالاضحیٰ کے لیے جانے سے پہلے نہ کھانا بہتر ہے
➊ حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ :
كان النبى صلى الله عليه وسلم لا يخرج يوم الفطر حتى يطعم ولا يطعم يوم الأضحى حتى يصلى
”نبی صلی اللہ علیہ وسلم عید الفطر کے دن اس وقت تک نہ نکلتے جب تک کہ کچھ کھا نہ لیتے اور عیدالاضحیٰ کے دن اس وقت تک کچھ نہ کھاتے جب تک کہ نماز نہ پڑھ لیتے ۔“
[صحيح: صحيح ترمذي: 447 ، كتاب الصلاة: باب ما جاء فى الأكل يوم الفطر قبل الخروج ، ترمذى: 542 ، ابن ماجة: 1756 ، دارمي: 375/1 ، ابن خزيمة: 1426]
➋ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ :
كان رسول الله صلى الله عليه وسلم لا يغدو يوم الفطر حتى يأكل تمرات وياكلهن و ترا
”رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نماز عید الفطر کے لیے نکلنے سے پہلے چند کھجوریں تناول فرمایا کرتے تھے اور طاق عدد میں کھجوریں کھایا کرتے تھے ۔“
[بخاري: 953 ، كتاب العيدين: باب الأكل يوم الفطر قبل الخروج ، ابن ماجة: 1754 ، أحمد: 126/3 ، ابن خزيمة: 1429]